بی جے پی ڈیڑھ سو پار بھی نہیں کرے گی، انڈیا الائنس حکومت بنائے گی: وقار رسول وانی

سری نگر، جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول وانی کا دعویٰ ہے کہ رواں لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی ڈیڑھ سو پار بھی نہیں کرے گی۔

انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ انڈیا الائنس چار جون کو ملک میں حکومت بنائے گی۔

موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا: ‘کانگریس پارٹی کشمیر میں تینوں سیٹوں پر نیشنل کانفرنس کو سپورٹ کر رہی ہے اور ضمیر احمد بھی اس سیٹ پر عمر عبداللہ کے لئے مہم چلائیں گے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘جموں کی دونوں سیٹوں پر کانگریس جیت حاصل کرے گی اور کشمیر کی بھی تینوں سیٹوں پر نیشنل کانفرنس کامیابی حاصل کرے گی’۔

انہوں نے کہا: ‘وزیر اعظم ہندو مسلم اور منگل سوترا کی باتیں کر رہے ہیں اور عجیب بات یہ ہے کہ جو لوگ بی جے پی کے حامی تھے اور جن کو بڑے بڑے ٹھیکے دئے گئے آج ان کو کہا جاتا کہ انہوں نے کانگریس کو ٹیمپو میں پیسے دئے’۔

وقار رسول نے کہا کہ ان باتوں سے ظاہر ہے کہ بی جے پی ڈیڑھ سو پار بھی نہیں کرے گی اور چار جون کو انڈیا الائنس حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا: ‘انڈیا الائنس کی حکومت بنتے ہی جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا’۔

ان کا کہنا تھا: ‘یہاں جو لوگوں کو مسائل و مشکلات ہیں جیسے بے روز گاری، تعمیر و ترقی کے مسائل ہیں ان کو دور کیا جائے گا اور سمارٹ میٹر کو پھینکا جائے گا’۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ سبجکیٹ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

یو این آئی -ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں