بارہ مولہ: نارکو ماڈیول کا پردہ فاش تین اسمگلر گرفتار، 50کروڑ روپیہ مالیت کی ممنوع نشیلی اشیاءضبط:ایس ایس پی

سری نگر، شمالی ضلع بارہ مولہ کے اوڑی میں پولیس نے نارکو ماڈیول کا پردہ فاش کرکے تین اسمگلروں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے 50کروڑ روپیہ مالیت کی نشیلی اشیاءاور نقدی 12لاکھ روپیہ برآمد کرکے ضبط کئے۔

ایس ایس پی بارہ مولہ آمود ناگپوری نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ محمود احمد نجار ولد محمد حسن نجار ساکن چرنڈا اور سجاد احمد ملک ولد محمد امین ملک ممنوع نشیلی اشیاءکی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے معاملے کی نسبت این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔

ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے دونوں اسمگلروں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔

پولیس آفیسر کے مطابق گرفتار شدگان کی نشاندہی پر پولیس اور آرمی نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں چرنڈا علاقے میں چھاپہ ڈالا جس دوران وہاں سے ممنوع نشیلی اور نقدی برآمد کی گئی۔

انہوں نے مزید کہاکہ منشیات اسمگلروں نے تفتیش کے دوران بتایا کہ فیاض احمد ہجام ولد محمد رفیع ہجام نے پاکستان سے منشیات کی اشیاءاسمگل کی ہے۔

پولیس نے فیاض احمد نامی منشیات اسمگلر کی بھی گرفتاری عمل میں لائی اور اس کے گھر پر چھاپے کے دوران کچھ پیسے برآمد کئے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ابھی تک پولیس نے منشیات اسمگلروں کے قبضے سے 7.800کلو گرام ممنوع نشیلی اشیاءجس کی مالیت 50کروڑ روپیہ ہے کو برآمد کیا جبکہ نقدی 12لاکھ 63ہزار 5سو روپیہ بھی ضبط کئے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ منشیات اسمگلروں کے پاکستانی ہینڈلرز کے ساتھ روابط ہیں اور اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں