حج 2024: سری نگر ہوائی اڈے سے 644عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سفر محمود پر روانہ

سری نگر، جموں وکشمیر سے حج سال 2024کے لئے آج یعنی جمعرات کو سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو الگ الگ پروازوں کے ذریعے 644عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سعودی عرب روانہ ہوا۔

یو این آئی نامہ نگار کے مطابق بمنہ حج ہاوس میں کافی چہل پہل اور جوش و خروش دیکھا جارہا ہے جہاں جمعرات کی صبح سے ہی عازمین حج نعروں کی گونج میں اپنے احباب و اقارب کی معیت میں جمع ہو رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک حج ہاوس میں قیام کے بعد عازمین کو ٹی آر سی کی خصوصی گاڑیوں کے ذریعے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف روانہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق سری نگر ہوائی اڈے سے جمعرات کو 322عازمین پر پہلی پرواز جبکہ اتنے ہی عازمین پر مشتمل دوسری پرواز کو بعد دوپہر روانہ کیا گیا۔امسال جموں وکشمیر کے سات ہزار آٹھ لوگ حج کا مقدس فریضہ انجام دیں گے۔

سری نگر ہوائی اڈے پر حج سال 2024کے عازمین کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر عازمین کو حج کوانٹر گیٹ سے ہوائی جہاز تک پہنچانے کے لئے ایک الگ علاقہ مختص کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ احرام پہننے کے لئے عازمین کے لئے الگ الگ جگہیں رکھی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عازمین کے آرام دہ اور احسن سفر کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ عازمین کے سامان کی چیکنگ کے لئے حج ہاوس بمنہ میں خصوصی کاونٹر قائم کئے گئے ہیں۔ ان کے مطابق عازمین کو اے سی گاڑیوں میں ہوائی اڈے تک پہنچایا گیا ۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں