نوٹس میری آواز دبانے کی ایک کوشش ہے:وحید پرہ

سری نگر، پی ڈی پی کے سری نگر لوک سبھا سیٹ کے امید وار وحید پرہ نے رواں لوک سبھا انتخابات کو ‘ریفرنڈم’ قرار دینے کے ان کے بیان کے خلاف ضلع الیکشن حکام کی نوٹس کو ان کی آواز کو دبانے کی ایک کوشش سے تعبیر کیا ہے۔بتادیں کہ وحید پرہ نے اپنے ایک بیان میں لوگوں سے کہا تھا کہ وہ لوک سبھا الیکشن کو ریفرنڈم سمجھ کر دلی کو یہ پیغام بھیجیں کہ کشمیری لوگ خوش نہیں ہیں۔

ضلع نوڈل افسر سری نگر نے بدھ کے روز ان کے اس بیان کو مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے کر ان کے خلاف نوٹس جاری کیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا: ‘یہ پیغام کمیونٹیوں کے درمیان اختلافات کو بڑھانے اور معاشرے میں عدم اطمینان پیدا ہونے کا باعث بن سکتا ہے’۔وحید پرہ سے آئندہ ایسے بیانات دینے سے گریز کرنے کو کہا گیا ہے۔

وحید پرہ کے نام 8 مئی کو جاری اس نوٹس میں کہا گیا ہے: ‘اس نوٹس کے ذریعے آپ کو کہا جاتا ہے کہ اس طرح کے بیانات دینے سے فوری طور گریز کریں اور یہ بھی واضح کریں کہ آپ نے کس سیاق و سباق میں یہ بیان دیا اور لوگوں تک آپ کیا پہنچانا چاہتے ہیں اس سلسلے میں نوٹس جاری ہونے کے دو دن کے اندر ضلع الیکشن افسر سری نگر کے سامنے اپنی پوزیشن کو واضح کریں’۔نوٹس میں کہا گیا: ‘بصورت دیگر عدم تعمیل سمجھا جائے گا اور تحت قانون کارروائی کی جائے گی’۔وحید پرہ نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘یہ میری آواز کو دبانے کی ایک کوشش ہے’۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں