پاکستان میں حجام کی دکان پر کام کرنے والے سات افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا

گوادر، پاکستان میں بلوچستان کے بندرگاہی شہر گوادر میں جمعرات کو اپنے رہائشی کوارٹرز میں سورہے کم از کم سات افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے سوربندر علاقے میں گوادر فش ہاربر کے قریب ایک رہائشی کوارٹر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد پنجاب کے ضلع خانیوال کے رہائشی تھے اور گوادر میں حجام کی دکان پر کام کرتے تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں اور ان کے مددگاروں کی گرفتاری کے لیے ہر قسم کی طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سات افراد کے قتل کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے اور دہشت گردوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

ادھر صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مزدوروں کے اہل خانہ سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح کے ایک اور واقعے میں تین ہفتے قبل نامعلوم حملہ آوروں نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردی کے الگ الگ واقعات میں 11 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں سے نو کا تعلق پنجاب سے تھا اور انہیں اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ کوئٹہ سے تفتان جانے والی قومی شاہراہ پر بس میں سفر کر رہے تھے۔

پولیس نے مغویوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا تاہم ان کی لاشیں ایک پہاڑی کے قریب ایک پل کے نیچے سے ملیں۔ ان سب کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں