نشانت دیو پیرس 2024 کوٹے سے ہوئے محروم

بیسٹوارسیزیو، ہندوستانی مکے باز نشانت دیو کوارٹر فائنل مقابلے میں امریکہ کے اوماری جونز سے ہارنے کے بعد پیرس 2024 اولمپک کوٹہ حاصل کرنے سے محروم ہو گئے۔

پیر کو یہاں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی باکسروں کو مردوں کے 71 کلوگرام وزن کے زمرے کے کوارٹر فائنل میں عالمی چیمپئن شپ کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے امریکہ کے اوماری جونز کے ہاتھوں 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ابتدائی راؤنڈ میں ہارنے کے بعد نشانت دیو نے دوسرے راؤنڈ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی۔ لیکن امریکی باکسر نے آخری راؤنڈ میں میچ جیت لیا۔ اٹلی میں ہندوستان کی مہم بھی نشانت دیو کے باہر ہونے کے ساتھ ختم ہوگئی اور نو ہندوستانی باکسروں میں سے کوئی بھی پیرس 2024 کا کوٹہ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

اس سے قبل شیو تھاپا (مرد 63.5 کلوگرام)، دیپک بھوریہ (مرد 51 کلوگرام)، نریندر بروال (مرد +92 کلوگرام)، جیسمین لمبوریا (خواتین 60 کلوگرام)، سنجیت کمار (مرد 92 کلوگرام) انکوشیتا بورو (خواتین 66 کلوگرام) اور لکشیا چاہر (مرد 80 کلوگرام) سبھی اپنے ابتدائی راؤنڈ میچ ہار گئے۔ محمد حسام الدین (مرد 57 کلوگرام) دوسرے راؤنڈ میں باہر ہو گئے۔

اب تک صرف چار خواتین – نکہت زرین (50 کلوگرام)، پریتی پوار (54 کلوگرام)، پروین ہڈا (57 کلوگرام) اور لولینا بورگوہین (75 کلوگرام) نے ہندوستان کے لیے کوٹہ حاصل کیا ہے۔ یہ تمام کوٹے پچھلے سال ایشین گیمز میں آئے تھے۔

واضح رہے کہ ہندوستانی باکسروں کے پاس 23 مئی سے 3 جون تک بنکاک میں ہونے والے دوسرے عالمی کوالیفکیشن ٹورنامنٹ میں پیرس 2024 کا کوٹہ حاصل کرنے کا ایک آخری موقع ہوگا۔

یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں