دہلی کیپٹلس نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو دیا 154 رنوں کا ہدف

کولکاتا، کلدیپ یادو ناٹ آؤٹ (34) اور کپتان رشبھ پنت (27) کی اننگز کی بدولت دہلی کیپٹلس نے پیر کو انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کے 47ویں میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو جیت کے لیے 154 رن کا ہدف دیا۔

آج یہاں ایڈن گارڈن میں دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آئی دہلی کی شروعات خراب رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں اوپنر پرتھوی شا (13) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں ویبھو اروڑہ نے آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں جیک فریزر-میک گر بھی (12) پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد دہلی کا کوئی بھی بلے باز کولکاتاکے گیند بازوں کے سامنے ٹک نہیں سکا اور یکے بعد دیگرے وکٹ گرنے لگے۔ ابھیشیک پوریل (18)، شی ہوپ (6)، اکشر پٹیل (15)، ٹرسٹن اسٹبس (4)، کمار کشاگر ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان رشبھ پنت نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں ورون چکرورتی نے آؤٹ کیا۔ کلدیپ یادو اور راسخ سلام نے نویں وکٹ کے لیے 29 رن جوڑ کر ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔

راسخ سلام آٹھ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ لیزرڈ ولیمز (1) 1 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ وہیں کلدیپ یادو نے 26 گیندوں میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے سب سے زیادہ ناٹ 34 رن کی اننگز کھیلی۔ دہلی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹ پر 153 رن کا عزت دارانہ اسکور بنایا۔

کولکاتانائٹ رائیڈرز کی جانب سے ورون چکرورتی نے تین وکٹ حاصل کئے۔ ویبھو اروڑہ اور ہرشیت رانا نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ مچل اسٹارک اور سنیل نارائن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں