غزہ پر اسرائیلی ظلم و ستم جاری، مزید 78 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی

غزہ، غزہ پر اسرائیلی ظلم و ستم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 78 فلسطینی شہید اور 104 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بہت سے افراد ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں اور سڑکیں تباہ ہونے کے باعث امدادی کارکنوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 30 ہزار 878 سے تجاوز کرچکی ہے۔ جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

اسرائیلی بربریت کے باعث بڑے پیمانے پر اموات کے علاوہ 85 فیصد آبادی کو خوراک، صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جائے۔

یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ خواتین کا عالمی دن ان کی کامیابیوں کے اعتراف، مساوات اور مستقبل کے لیے کام کرنے کی یاد دہانی کا دن بھی ہے۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں