لبنان: اسرائیلی حملوں میں چار افراد ہلاک

بیروت، لبنان کے میس الجبل میں اسرائیلی فضائی حملے میں چار افراد ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔

لبنانی فوجی ذرائع کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے میس الجبل پر میزائل حملہ کیا جس سے ایک گھر مکمل طورپر تباہ ہوگیا اور ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہوگئی۔ اس حملے میں لبنانی سول ڈیفنس ٹیم کے ایک رکن سمیت تین دیگر افراد زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق زخمیوں کو بنت جبیل شہر کے صلاح غندور اسپتال لے جایا گیا ہے۔ ادھر لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ نے جانی نقصان کی وضاحت کیے بغیر کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں شمالی اسرائیل کے شہر کریات شمونہ پر کئی راکٹ داغے۔

لبنان کے ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ سطح سے سطح پر مارکرنے والے تقریباً 20 میزائل جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل کی طرف داغے گئے، جن میں سے کچھ کو اسرائیلی آئرن ڈوم میزائلوں نے روک دیا۔

قابل ذکر ہے کہ 8 اکتوبر 2023 سے لبنان -اسرائیل سرحد پر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ایک روز قبل حماس کے اسرائیل پر حملے کی حمایت میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کیے گئے تھے۔ اس کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنوب مشرقی لبنان کی طرف گولہ باری کی۔ لبنانی سیکورٹی ذرائع کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں میں لبنانی جانب سے 449 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں حزب اللہ کے 283 ارکان اور 84 عام شہری شامل ہیں۔

یواین آئی۔الف الف

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں