جموں و کشمیر
میرواعظ عمر فاروق کی قوم سے دردمندانہ اپیل “سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے اجتماعی خود احتسابی ضروری
سری نگر، کشمیر کے ممتاز مذہبی رہنما اور حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کے روز مسلم معاشرے سے اجتماعی غور و فکر، خود احتسابی اور سماجی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے نبھانے کی پرزور اپیل کی ہے۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کی تاریخی ‘جامع مسجد اچگام’ میں اسلامی سال کے آخری جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ یہ موقع انفرادی اور اجتماعی دونوں سطحوں پر گہرے غور و فکر اور خود احتسابی کا تقاضا کرتا ہے۔میرواعظ عمر فاروق نے اپنے خطبے میں وقت کی اہمیت اور ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ایک اور اسلامی سال اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے، لوگوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کچھ لمحوں کے لیے رکیں اور وقت کے گزرنے، سال کے دوران ملنے والی نعمتوں، درپیش چیلنجوں اور اللہ اور معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داریوں پر غور کریں۔
اسلام میں ‘محاسبہ’ (خود احتسابی) کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح افراد کو اپنے اعمال کا جائزہ لینے کی ترغیب دی گئی ہے، اسی طرح معاشروں کو بھی اپنی حالت اور سمت پر غور کرنا چاہیے۔ کمیونٹیز کو مسلسل یہ دیکھنا چاہیے کہ آیا وہ ایمان، ہمدردی، انصاف، دیانتداری اور باہمی احترام کی اقدار کے قریب آ رہی ہیں یا نہیں۔
کشمیر میں درپیش سماجی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے حریت چیئرمین نے کہا”گزشتہ برسوں کے دوران ہمارے معاشرے کو کئی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ بہت سے خاندانوں نے دکھ، غیر یقینی صورتحال اور مشکلات کا سامنا کیا ہے، جبکہ نوجوانوں کا ایک بڑا طبقہ اپنے مستقبل کے حوالے سے شدید فکر مند ہے۔”انہوں نے واضح کیا کہ ایک مضبوط معاشرہ صرف مادی ترقی سے نہیں بنتا، بلکہ اس کی بنیاد مضبوط خاندانی نظام، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار نوجوان، غریب اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کی دیکھ بھال، اور انصاف و وقار کے مشترکہ عزم پر ہوتی ہے۔
میرواعظ نے معاشرے کی رہنمائی میں علمائے کرام، خطیبوں اور مبلغین کے اہم کردار اور ذمہ داری پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا مسجد کا منبر ایک مقدس امانت ہے اور اس کا استعمال ایمان، اخلاقی اصلاح، حکمت، ہمدردی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ فروعی اختلافات سے بالاتر ہوں اور ایسی بیان بازی سے پرہیز کریں جو مسلمانوں کے درمیان نفاق یا تقسیم کا باعث بنے۔
آخر میں اتحادِ امت کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں امت مسلمہ کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، مسلمانوں کو تقسیم کرنے والے اختلافات کے بجائے ان مشترکہ رشتوں پر توجہ دینے کی زیادہ ضرورت ہے جو انہیں ایک لڑی میں پروتے ہیں۔
یواین آئی ۔م اع
جموں و کشمیر
اپنی پارٹی نے ریاستی درجہ کی بحالی کی حمایت برقرار رکھتے ہوئے این سی کے دہلی احتجاج سے دور رہنے کا اعلان کیا
سری نگر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور پیپلز کانفرنس کے بعد اپنی پارٹی نے بھی نیشنل کانفرنس (این سی) کی جانب سے 20 جولائی کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر ریاستی درجہ کی بحالی کے مطالبے کے حق میں مجوزہ دھرنے میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم پارٹی نے جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے کے مطالبے کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ ہفتہ کو سری نگر میں اپنی پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ سینئر قیادت کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پارٹی صدر الطاف بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ریاستی درجہ کی بحالی جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کی عکاس ہے اور ان کی جماعت اس مطالبے کی مکمل حمایت کرتی ہے، لیکن غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر طے کیا گیا ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس کے دہلی احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے۔
الطاف بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی کا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل، ان کی جائز شکایات، ریاستی درجہ کی بحالی اور دیگر آئینی حقوق جیسے مطالبات احتجاج یا محاذ آرائی کے بجائے حکومت ہند کے ساتھ بامعنی مذاکرات کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا یقین بات چیت اور مفاہمت پر ہے، نہ کہ احتجاج اور تصادم پر۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ دلانا اپنی پارٹی کے قیام کے روز اول سے اس کے بنیادی ایجنڈے کا حصہ رہا ہے۔ 8 مارچ 2020 کو پارٹی کے قیام کے وقت ہی عوام کے حقوق، ریاستی درجہ کی بحالی، زمین اور سرکاری ملازمتوں پر مقامی لوگوں کے خصوصی حقوق کے تحفظ اور دیگر آئینی و جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد کا عہد کیا گیا تھا۔
مسٹر بخاری نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نئی دہلی کے ساتھ تصادم کی راہ اختیار کی گئی، جموں و کشمیر کے عوام اپنے حقوق سے محروم ہوتے گئے۔ اسی لیے ان کی جماعت کا ماننا ہے کہ عوام کے حقوق اور امنگوں کے حصول کے لیے تعمیری رابطہ اور بامعنی مذاکرات ہی سب سے مؤثر راستہ ہیں۔
انہوں نے ریاستی درجہ کی بحالی کے معاملے پر نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے اس اہم معاملے پر دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ وسیع مشاورت سے گریز کیا۔
یو این آئی۔ م س
جموں و کشمیر
جموں سے 3,600 سے زائد ۔امرناتھ یاترا کے زائرین کا نیا جھتہ روانہ
جموں، سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ہفتہ کے روز جنوبی کشمیر کے ہمالیہ میں واقع غار کے دونوں بنیادی کیمپوں کے لیے جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس بیس کیمپ سے امرناتھ یاترا کے 3,600 سے زائد زائرین کا ایک نیا جھتہ روانہ ہوا۔
حکام نے بتایا کہ 3,632 زائرین آج علی الصبح جموں بیس کیمپ سے 148 گاڑیوں کے قافلے میں روانہ ہوئے جس میں ہلکی اور بھاری گاڑیاں شامل تھیں۔ اس جھتے میں 1,008 زائرین بالتل اور 2,624 پہلگام کے لیے شامل تھے۔ وہ ایک کثیر سطحی حفاظتی نظام کے تحت یاترا کے لیے روانہ ہوئے، جس میں سول انتظامیہ، پولیس، سکیورٹی فورسز اور امرناتھ شرائن بورڈ کے درمیان مربوط انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یاترا محفوظ، مامون اور خوش اسلوبی سے جاری رہے۔ امرناتھ یاترا نے محض 15 دنوں میں 3.5 لاکھ کا ہندسہ عبور کر کے ایک نیا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 2 جولائی کو جموں سے یاترا کے پہلے جھتے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
امرناتھ یاترا: جموں و کشمیر کے ادھم پور میں سڑک حادثے میں پانچ زائرین زخمی
جموں، جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں جکھانی کے پاس ہفتہ کے روز ایک گاڑی کے حادثے کا شکار ہو جانے سے کم از کم پانچ امرناتھ یاتری زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ایک ایس یو وی گاڑی، جو آج صبح جموں سے سری نگر کی طرف جانے والے قافلے کا حصہ تھی، جکھانی علاقے میں سڑک کے کنارے کھڑے ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی۔
جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر یاترا کی ڈیوٹی پر مامور پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔پولیس نے بتایا کہ تمام پانچوں زخمی افراد کی حالت مستحکم ہے۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ادھم پور منگا شیرپا اور طبی حکام سے بات کی اور گورنمنٹ میڈیکل کالج، ادھم پور میں زیر علاج زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ادھم پور اور طبی حکام سے بات کی اور آج صبح سویرے ادھم پور کے جکھانی کے پاس سڑک کے حادثے میں زخمی ہونے والے امرناتھ جی یاترا کے زائرین کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔
یو این آئی۔ ایم جے
ہندوستان1 week agoمیرٹھ کی دلت طالبہ للیتا گوتم قتل کیس پر کھرگے کا بی جے پی پر شدید حملہ، کہا، حکومت دبا رہی ہے انصاف کی آواز
ہندوستان1 week agoاتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت سے لوگوں میں ہے مایوسی: کانگریس
دنیا2 days agoہرمز جنگ سے پہلے والی حالت میں نہیں آئے گی، ایران
دنیا4 days agoاگلے ہفتے ایران کے بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنائیں گے، ٹرمپ
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز پر کنٹرول کی جنگ میں ایران اور عمان آمنے سامنے
دنیا1 week agoایران نے اقوام متحدہ سے امریکہ کے احتساب کا مطالبہ کر دیا
ہندوستان4 days agoپیپر لیک کے خلاف جنتر منتر پر احتجاج کر رہے طلبہ کے نام تھرور کا کھلا خط
دنیا4 days agoامریکہ نے ایران کی 130 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی کرپٹو کرنسی منجمد کردی
ہندوستان5 days agoہندستان نے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی امیدواری پیش کی، کہا وہ محفوظ اور خوشحال دنیا کے لیے پرعزم
دنیا4 days agoامریکی ناکہ بندی سے قبل ایران سے وابستہ 9 جہازوں نے آبنائے ہرمز عبور کی
دنیا1 week agoوینزویلا میں تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی، ہنگامی امداد کی اپیل
دنیا5 days agoامریکی صدر ٹرمپ کا ایران پر مزید شدید حملوں کا اعلان







































































































