جموں و کشمیر
جموں وکشمیر: پاکستانی فوج کی ایل او سی پر مسلسل ساتویں بار بلا اشتعال فائرنگ، بھر پور جواب دیا گیا

سری نگر، فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کی طرف سے جموں و کشمیر کے سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بلا کسی اشتعال کے ایک بار پھر کپوارہ، اوڑی اور اکھنور سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات جوانوں نے اس خلاف ورزی کا موثر جواب دیا۔
ایک فوجی ترجمان نے بتایا: ’30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی شب پاکستانی فوج کی چوکیوں نے جموں و کشمیر کے کپوارہ، اوڑی اور اکھنور کے سامنے لائن آف کنٹرول کے پار بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کی’۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات فوجی جوانوں نے اس کا فوری اور موثر جواب دیا۔تاہم کسی بھی جانب کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان منگل کو ہاٹ لائن پر بات چیت کے باوجود تازہ ترین جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی۔قابل ذکر ہے کہ ایل او سی کے پر فائرنگ کا تبادلہ 22 اپریل کو پہلگام میں بہیمانہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوا تھا جس میں 25 سیاحوں اور ایک مقامی باشندے کی موت ہوئی تھی۔
جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا تازہ ترین سلسلہ 24 اور 25 اپریل کی رات کو کپوارہ ضلع کے نوگام سیکٹر میں شروع ہوا اور اگلے دنوں کے دوران یہ سلسلہ شدید تر ہوتا گیا۔25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب پاکستانی فوجیوں نے کشمیر ایل او سی کے ساتھ کئی سیکٹروں میں فائرنگ کی اور پھر 26 اور 27 اپریل کو یہ سلسلہ جاری رہا اور بارہمولہ کے بونیار اوڑی علاقے میں نوگام میں توتماری گلی اور رام پور کے مقابل ہندوستانی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب کپوارہ اور پونچھ اضلاع میں دوبارہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی اور اس کے بعد 28 اور 29 اپریل کی درمیانی سب کپوارہ، بارہمولہ اور اکھنور میں ہندوستانی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ادھر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر جموں خطے میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع دیہات میں رہنے والے لوگ زیر زمین بینکروں کی صفائی، کھیتوں کی فصلیں کاٹنے اور کسی بھی ممکنہ صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لیے خود کو تیار کر رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کسی کو معلوم نہیں کہ اگلا لمحہ کیا لائے گا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ زیر زمین بینکروں کی صفائی کریں تاکہ خدا نخواستہ گولہ باری یا فائرنگ کی صورت میں ہم اپنی جانیں بچا سکیں۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مجموعی طور پر 3,323 کلومیٹر طویل سرحد قائم ہے، جس میں سے 221 کلومیٹر بین الاقوامی سرحد (آئی بی) اور 744 کلومیٹر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) جموں و کشمیر میں واقع ہے۔
یو این آئی ایم افضل
جموں و کشمیر
مسلسل بارش سے لینڈ سلائیڈنگ، جموں۔سری نگر قومی شاہراہ تیسرے روز بھی بند
جموں، جموں و کشمیر میں مسلسل بارش کے باعث تازہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد جموں۔سری نگر قومی شاہراہ جمعہ کو مسلسل تیسرے دن بھی ٹریفک کے لیے بند رہی۔
حکام نے بتایا کہ ضلع ادھم پور کے سمرولی کے قریب اور رام بن کے متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑوں سے پتھر گرنے کے واقعات کے باعث 275 کلومیٹر طویل جموں–سری نگر قومی شاہراہ بند کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے۔
حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ جب تک متعلقہ ادارے سڑک کو محفوظ قرار دے کر ٹریفک کے لیے دوبارہ نہ کھول دیں، اس وقت تک سفر سے گریز کریں، کیونکہ مزید لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کا خدشہ برقرار ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور سڑک کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا ہینڈلز اور ٹی سی یو سے معلومات حاصل کریں۔
ادھر ضلع ادھم پور کے برکوانڈا علاقے میں صبح سویرے بادل پھٹنے کے نتیجے میں اچانک سیلاب آ گیا، جس سے کئی مکانات متاثر ہوئے۔ مقامی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے طور پر متاثرہ تین خاندانوں کو گورنمنٹ مڈل اسکول، برکوانڈا منتقل کر دیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ نقصانات کا مزید جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا، محکمۂ اسکولی تعلیم نے ہدایت جاری کی ہے کہ جموں ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کوئی بھی سرکاری یا نجی تعلیمی ادارہ اس وقت تک باقاعدہ کلاسیں شروع نہ کرے، جب تک مجاز حکام ان کی عمارتوں کو ساختی اعتبار سے محفوظ قرار نہ دے دیں۔
محکمۂ موسمیات کے ایک افسر کے مطابق جنوبی کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں، ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری اور پونچھ کے بعض مقامات پر دوپہر تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے اور اس کے بعد موسم میں بتدریج بہتری آنے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں ڈویژن کے متعدد علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی جبکہ بعض مقامات، خصوصاً صبح کے وقت، مختصر دورانیے کی تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ 28 سے 31 جولائی کے درمیان جموں و کشمیر میں بارش کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، جس کے دوران جموں ڈویژن کے کئی علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
یو این آئی۔ اے ایم
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی شہید ہیڈ کانسٹیبل کے اہلِ خانہ سے ملاقات، ہر ممکن تعاون اور عزت و احترام کا یقین دلایا
سری نگر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو ڈیوٹی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین قریشی کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور انہیں خاندان کی فلاح و بہبود اور عزت و احترام کا مکمل خیال رکھنے کا یقین دلایا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے کے لالپورہ میں شہید پولیس اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو بہادر عاشق حسین قریشی پر فخر ہے، جن کی جرأت، قربانی اور فرض شناسی ہمیشہ قوم کی یادوں میں زندہ رہے گی۔
منوج سنہا نے کہا کہ شہید کا فرض سے محبت اور مادرِ وطن کے احترام کا جذبہ آنے والی نسلوں کو ایک پُرامن اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر کے لیے ہمیشہ ترغیب دیتا رہے گا۔ انہوں نے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ہر مرحلے پر ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود اور عزت و وقار کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا تاکہ شہید قریشی کا بیٹا اپنی تعلیم مکمل کر سکے اور ہمدردانہ بنیادوں پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا اہل بن سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کی سمت میں حاصل ہونے والی اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے جموں و کشمیر سے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پورے معاشرے، بالخصوص جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ شہید عاشق حسین قریشی کی مادرِ وطن کے لیے وفاداری، ایثار اور جذبۂ خدمت سے سبق حاصل کریں اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں متحد رہیں۔
یو این آئی۔ اے ایم
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر ہائی کورٹ اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلان
سرینگر، جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اپنی نئی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ نوٹی فکیشن ایسوسی ایشن کے صدر سید انور شاہین نے جنرل سکریٹری تپیشور کے مشورے سے جاری کیا، جس کا مقصد ایسوسی ایشن کو مضبوط بنانا اور جموں، سرینگر اور مین ونگ کے تمام اداروں میں ہائی کورٹ کے ملازمین کی بہبود کو فروغ دینا ہے۔
نئی تشکیل شدہ ایگزیکٹو کمیٹی میں مظفر احمد میر (سرینگر) اور سوربھ رینا(جموں) بطور نائب صدور شامل ہیں، جب کہ عزیر ناظر (سرینگر) اور شوکت علی (جموں) کو جوائنٹ سکریٹری نامزد کیا گیا ہے۔ الطاف حسین جنجوعہ(ٹرانسلیٹر، جموں) اور جاوید احمد میر بطور لیگل ایڈوائزر خدمات انجام دیں گے۔دیگر عہدیداران میں دلبیر سنگھ پٹھانیہ (جموں) اور سہیل احمد گنائی (سرینگر) کو خزانچی مقرر کیا گیا ہے، عامر خان کو آرگنائزر نامزد کیا گیا، رفیق احمد کو پبلسٹی سکریٹری اور نیاز احمد لون و نتیش سنگھ کو ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔ایگزیکٹو کمیٹی میں انیس اراکین بھی شامل ہیں جو ہائی کورٹ کے مختلف کیڈرز اور ونگز کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان میں ریاض احمد بھٹ، جعفر احمد زہد، سندیپ شرما، جنید ایوب، وشال، مکیش بخشی، کنال شرما، شاکب شوکت، چنی لال، جتیندر سنگھ، وشو ورما، پروین کمار، سہیل احمد ڈار، محمد رفیق بانی، رضوان، ملک عباس شمیم، ریاض احمد حجام، فیاض احمد کمار اور وپن چندر پال شامل ہیں۔ایسوسی ایشن نے اعتماد کا اظہار کیا کہ نئی تشکیل شدہ ایگزیکٹو کمیٹی ہائی کورٹ کے ملازمین کے مفادات اور فلاح و بہبود کے تحفظ، ہائی کورٹ کے تمام ونگز کے درمیان عملے میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، اور اپنے اراکین کی پیشہ ورانہ اور سماجی بہبود کے لیے اقدامات کرنے کے لیے لگن کے ساتھ کام کرے گی۔ ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ نئی ٹیم ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر اور لداخ کے ملازمین کے درمیان اتحاد، تعاون اور خدمت کے جذبے کو برقرار رکھتی رہے گی۔
یو این آئی۔ م س۔ م الف
دنیا1 week agoایران کا شام میں امریکی کمانڈ سینٹر پر بڑا حملہ، امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ
دنیا1 week agoہرمز جنگ سے پہلے والی حالت میں نہیں آئے گی، ایران
جموں و کشمیر6 days agoجموں سے 3,600 سے زائد ۔امرناتھ یاترا کے زائرین کا نیا جھتہ روانہ
دنیا1 week agoامریکی حملوں کے جواب میں ایران کے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات پر نئے حملے
دنیا1 week agoکویت میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایران نے امریکی اڈے پر حملہ کیا ہے: روسی میڈیا
ہندوستان6 days agoدہلی پولیس نے صحت کی تشویش کے پیش نظر سونم وانگچک کو اسپتال منتقل کیا
ہندوستان1 week agoاتراکھنڈ کے طلبہ پیپر لیک کے خلاف ‘چھاتروں کی گونج’ سے جڑے: راہل
ہندوستان1 week agoامریکی فوج کے ایران پر تازہ حملوں میں 8 افراد جاں بحق
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر: ڈوڈا کے بھدرواہ علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک، ایس او جی کے جوان زخمی
دنیا1 week agoایران نے بحری جہازوں پر فائرنگ کی تو خمیازہ بھگتے گا: امریکہ
دنیا1 week agoمجھے ڈیڈ لائن دینا پسند نہیں، امریکی صدر ٹرمپ
جموں و کشمیر1 week agoشری امرناتھ یاترا کے 5,200 سے زیادہ تیرتھ یاتریوں کا نیا جتھا جموں سے ہوا روانہ









































































































