ایک اور جنگجو کی گھر واپسی،ایک اور کنبہ مکمل ہوا

سرینگر.جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والا ایک اور جنگجو اپنے گھر واپس آیا ۔ ماجد خان جو2ماہ قبل عسکری صفوں میں شامل ہواتھا نے گذشتہ روز واپسی کی راہ اپناتے ہوئے اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کرنے کا قصد کرلیا ۔ اس ضمن میں جموں و کشمیر پولیس سربراہ ایس پی وید نے گذشتہ رات اپنے ایک ٹویٹ پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور کشمیری جنگجوں نے تشدد کا راستہ ترک کیا اور اپنے کنبہ میں شامل ہوا ۔ماجد خان جس کی عمر 20برس بتائی جاتی ہے کی گھر واپسی پر ڈی جی پی نے لکھا تھا کہ ”ایک اور کنبہ مکمل ہوا“یاد رہے کہ 2017میں عسکری صفوں میں شامل ہونے والے تقریباً 10نوجوانوں نے عسکریت کو خیر باد کہہ کر اپنے گھروالوں کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی۔ واضح رہے کہ حزب کمانڈر برہان وانی کی جانب سے سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی بھرتی مہم کے دوران وادی کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے حزب المجاہدین و دیگر عسکری جماعتوں میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ تاہم برہان وانی کے جاں بحق ہونے کے بعد کئی نوجوانوں نے ملی ٹینسی چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور وہ اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں