جموں وکشمیر میں کورونا کی اونچی اڑان ایک دن میں 165افراد کی رپورٹ مثبت

سری نگر،14 جولائی(یو این آئی) جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں کووڈ 19کے یومیہ معاملات لگاتار بڑھ رہے ہیں جس وجہ سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز مزید 165افراد کی رپورٹ مثبت آئی جن میں 112صوبہ جموں اور 53 کشمیر ڈویژن سے تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو 119مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
اعدادو شمار کے مطابق سری نگر میں جمعرات کے روز 43افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی،جموں ضلع میں 93، اُدھم پور میں 7، سانبہ میں 4، کٹھوعہ میں چھ ، گاندربل میں پانچ ، اننت ناگ میں دو افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں غیر معمولی اضافہ کے پیش نظر ڈاکٹروں نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں۔
طبی ماہرین کے مطابق کووڈ 19کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ناگزیر ہے لہذا لوگوں کو چاہئے کہ وہ گھروں سے باہر آتے وقت ماسک کا استعمال کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں