”چلہ کلان “نے آخری دن برسائی بارش،لوگوں کی دعائیں قبول!

سرینگر//وادی میں جاری موسم سرماکے 40روزہ چلہ کلان میں موسم خشک رہنے کی وجہ سے لوگوں کو کئی طرح کی بیماریوں نے جکڑ لیا تھا ۔ تاہم آج چلہ کلان کے آخری دن صبح سے وقفے وقفے سے جاری ہلکی بارشوں نے اہل وادی کو سکون فراہم کیا۔ جبکہ خشک موسم سے چھٹکارا پانے اور برف باری و بارشوں کےلئے مساجد ،خانقاہوں میں مانگی جانے والی دعائیں بھی رنگ لائیں۔ تفصیلات کے مطابق وادی میں تقریباً گذشتہ چھ سات مہینوں کے بعد اگرچہ ماہ دسمبر میں وادی کے اطراف واکناف میں ہلکی برفباری ہوئی تھی ۔لیکن 40دنوں پر مشتمل طویل ”چلہ کلان “کے دوران موسم خشک رہا جس کے نتیجے میں آبی خائر جن میں ندی نالے، دریا و چشمے شامل ہیں میں پانی کی سطح حد درجہ کم ہوگئی تھی اور قدرتی چشمے سوکھ گئے تھے جس کے نتیجے میں کسانوں کو اپنی زراعت کو سینچنے کےلئے بھی پانی مئیسر نہیں تھا۔ جبکہ موسم مسلسل خشک رہنے سے وادی بھر میں کئی طرح کی بیماریوں نزلہ ، زکام ،چھاتی کے امراض نے لوگوں کو اپنی جکڑ میں لیا تھا۔ لمبے عرصے سے معقول بارش و برفباری نہ ہونے پر لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور رحمت باراں کےلئے مساجد ، خانقاہوں ، آستانوں و دیگر عبادت گاہوں میں خصوصی نمازیں قائم کی گئیں اور برفباری اور بارشوں کےلئے دعائیں بھی مانگی گئیں ۔ اور چلہ کلاں کے آخری دن آج صبح سے ہی وادی میں وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں شروع ہوئیں ۔جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ دیکھنے کو ملی تاہم لوگوں کے چہروں پر خوشی کی لہر بھی دوڑ گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں