لمبے چھکے لگانے والے کشمیری کریکٹر کے آبائی گاﺅں میں جشن کا سماں

والد کے چہرے پر خوشی اور ماں کی آنکھوں میں آنسو!
سرینگر.ایک سو میٹر مسافت کی دوری کے چھکے لگانے میں مشہورکشمیری کریکٹر منظور احمد ڈار(عرف منظور پانڈو) جو انڈین پریمئر لیگ میں سلکٹ ہوا ہے کے آبائی گاﺅں میں ان دنوں جشن کا سماں دکھائی دے رہا ہے ۔ لوگ منظور کے گھر ان کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرنے کےلئے جوق در جوق پہنچ رہے ہیں ۔جبکہ گاﺅں میں دوستوں ، رشتہ داروں اور دیگر افراد میں مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے منظور احمد ڈار عرف منظور پانڈ کو انڈین پریمیرلیگ میں جگہ ملنے پر وادی میں کریکٹر شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی منظور احمد کے بارے میں کافی چرچے چل رہے ہیں ۔
منظور احمد ڈار (پانڈو)شگن پورہ بانڈی پورہ کا رہنے والا ہے اور ان کا والد مختار احمد ڈارپیشے سے کسان ہے ۔مختاراحمدڈار نے اپنے بیٹے کی کامیابی پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ منظوربچن سے ہی کرکٹ کھیلنے کا شوقین تھا اور علاقہ میں کوئی کھیل کا میدان نہ ہونے کے باوجود بھی اس نے بڑی محنت اور ہمت دکھائی۔ اس دوران منظور احمد کی والدہ مسرہ بیگم نے آنکھوں سے آنسوﺅں کی دھار چھوڑتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے اس مقام تک پہنچنے تک بڑی مشکلوں کا سامنا کیا ہے اور ہم ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جس کے نتیجے میں ہم اس کے اس شوق کو پورا کرنے کےلئے اس کی مالی معاونت بھی نہیں کرسکتے تھے۔مسرہ بیگم نے کہا کہ منظور احمد نے بے روزگاری کی حالت میںکئی کام کئے اور آخر پر ایک نجی سیکورٹی کمپنی میں اس نے نوکری حاصل کی۔ جس دوران وہ ڈیوٹی سے فارغ ہوکر کریکٹ کھیلتا تھا۔
یاد رہے کہ منظور پانڈو وادی میں لمبے چھکے لگانے والے کھلاڑی کے بطور مشور ہیں ۔ منظور پانڈوکو آئی پی ایل کےلئے پنجاب کی کنگس الیون ٹیم نے 20لاکھ روپے کے عوض خرید لیا تھا۔ اور 7اپریل سے شروع ہونے والے آئی پی ایل کے دوسرے روز پنجاب کنگس الیون کو دلی ڈیولز کے ساتھ پہلا میچ کھیلنا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں