جموں وکشمیر میں چین اپنا رول پھیلا رہا ہے، جیش محمد کو اپنا یاہے: نعیم اختر

سرینگر//جموںوکشمیر کے تعمیرات عامہ کے وزیر اور حکومت کے ترجمان نعیم اختر نے کہا ہے کہ کشمیر میں چین ایک بڑے رول ادا کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے اور متعدد حملے کرنے والے گروپ جیش محمد کو بیجنگ نے اپنایا (Adopt) ہے۔ انڈین ایکسپریس کو نعیم اختر نے کہا کہ چین کے بڑھے اثرات کے سبب پاکستان کو مشغول رکھا ہے اور کشمیر میں ایک ’گریٹ گیم‘ کھیلی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر اب ہندو پاک کے درمیان تک محدود نہیں رہا ہے اوراس میں اب دوسرا عنصر ملوث ہوگیا ہے، یہ اکیلا پاکستان نہیں ہے بلکہ اب چین بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جنرل بپن راوت نے کہا تھا کہ بھارتی فوج دو محاذوں پر لڑنے کیلئے تیار ہے لیکن اب خالی دو محاذ نہیں رہ گئے ہیں بلکہ اب یہ ایک محاذ ہے جو گھیرے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھوٹان سے اروناچل پردیش، لداخ، وادی سے جموں ، سری لنکا اور مالدیپ، یہ سب ایک ہی محاذ ہے، پاکستان اور چین الگ نہیں ہے۔ نعیم اختر نے کہاکہ گذشتہ 3برسوں سے ریاست اور بیرون ریاست میں جو بھی بڑے حملے ہوئے ہیں، وہ مسعود اظہر سربراہی والے جیش محمد سے منسلک ہے اور کوئی یہ کیوںنہیں دیکھتا کہ اسے (مسعود اظہر) کو چین نے اپنایا ہے؟ حافظ سعید کے خلاف کارروائی کی اطلاعات ہیں لیکن مسعود اظہر کے متعلق کیا؟ حتی کہ صلاح الدین کو بھی یو این نے عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے لیکن مسعود اظہر کے گرد چین کی عظیم دیوار حائل ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے کے اقوام متحدہ کی کوششوں پر چین ویٹو کرتا ہے اور یہ سب کچھ بنا کسی وجہ کے نہیں ہوتا ہے، خالی ہی وہ کیوں ، دوسرے کیوں نہیں؟ چین دوسرے لوگوں کو بچانے کیلئے یو این کی کوششوں کو کیوں نہیں روکتا، چین کے کنکشن کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں