کولگام میں منعقدہ تقریب میں شہید لیڈر ایڈوکیٹ غلام نبی ڈار کو خراج عقیدت پیش

جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس نے انتظامیہ کی طرف سے پارٹی قیادت کو کولگام میں پارٹی کے شہید لیڈر ایڈوکیٹ غلام نبی ڈار کی برسی پر خراج عقیدت کی تقریب میں شرکت سے روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ حکمران جماعت اور اس کی پراکسیوں کی سیاسی سرگرمیوں کیلئے کہیں بھی کوئی رکاوٹ نہیں لیکن جب نیشنل کانفرنس کا کوئی پروگرام ہوتا ہے تو مختلف ہیلے بہانے بنا کر سبوتاژ کرنے کے حربے اپنائے جاتے ہیں۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ ایڈوکیٹ غلام نبی ڈار کو خراج عقیدت کی تقریب کے سلسلے میں پارٹی نے 10دن پہلے انتظامیہ سے اجازت طلب کی تھی اور پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، محترمہ سکینہ ایتو، حسنین مسعودی اور دیگر سرکردہ لیڈران کی شرکت متوقع تھی لیکن کل شام دیر گئے انتظامیہ نے پروگرام منسوخ کرنے کیلئے کہا اور پارٹی لیڈران کویہاں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ادھر پارٹی کے مقامی لیڈران نے ژولگام کولگام میں پارٹی کے شہید لیڈر ایڈوکیٹ غلام نبی ڈار کی 16برسی کے موقعے پر خراج عقیدت پیش کیا جبکہ ا س سے قبل اُن کے مرقد پر گلباری اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقریب میں پارٹی کے جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، صفدر علی خان، ایڈوکٹ عبدالرحمن تاتنرے، چیئرمین میونسپل کونسل منیب زرگر اور بلاک صدور صاحبان نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خراج عقیدت کی تقریب کو ٹیلی فون کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انتظامیہ کی طرف سے انہیں پارٹی کے مرحوم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اجازت تک نہیں دی گئی۔ ڈاکٹر فارروق عبداللہ نے ایڈوکیٹ غلام نبی ڈار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور ریاستی عوام کے مفادات کیلئے نیشنل کانفرنس کے بہت سارے لیڈران نے جامِ شہادت نوش کیا اور مرحوم ڈار صاحب انہی لیڈران میں سے ایک ہیں۔ ڈار صاحب نے کشمےری عوام کے جذبات اور اپنی جماعت کی سربلندی کیلئے اپنی قےمتی جان قربان کردی۔ مرحوم شرےف النفس، صوم و صلوٰة کے پابند اور عوامی خدمتگار تھے۔ مرحوم ہماری جماعت اور ےہاں کے لوگوں کیلئے قےمتی اثاثہ تھے اور لوگ آج تک بھی اُنہےں بھول نہےں پائے ہےں۔ مرحوم کی کوششوں کی بدولت ہی ضلع کولگام میں وجود میں آیا اور مرحوم نے اپنے آپ کو عوام کی خدمت خاص کر مفت قانونی خدمات کیلئے وقف رکھا تھا۔ ادھر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر،معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،سٹیٹ سکریٹری و سابق کابینہ وزیر سکینہ ایتو، پیرزادہ احمد شاہ اور ضلع صدر اسلام آباد الطاف احمد وانی نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ڈار صاحب ایک عوام مقبول لیڈر اور قانون دان تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں