داغستان روس میں گرجاگھر پر حملہ میں5خواتین ہلاک، داعش نے حملہ کی ذمہ داری قبول کی

سرینگر/غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے خطے داغستان کے شہر کیزلیار میں ایک مسلح شخص نے آرتھوڈوکس چرچ پر فائرنگ کی۔ حملہ آور ایک خنجر اور رائفل سے لیس تھا۔ حملے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والی تمام خواتین تھیں جب کہ زخمیوں میں 2 پولیس افسر شامل ہیں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق حملہ آور نے اللہ اکبر کا نعرہ لگاکر چرچ کے باہر موجود افراد پر فائرنگ کی۔ ملزم نے گرجا گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چرچ کے دروازے بند کردیے جس کی وجہ سے وہ اندر داخل نہ ہوسکا ورنہ اس سے بھی زیادہ جانی نقصان ہوسکتا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر روسی سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہ حملہ آور ان کی خلافت کا سپاہی تھا جس کا نام خلیل الداغستانی ہے۔ داعش نے واقعے سے قبل ریکارڈ شدہ حملہ آور کی ویڈیو بھی جاری کی جس میں وہ داعش کے جھنڈے کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں