جموں و کشمیر
بابا برفانی کے درشن کے لیے چھ ہزار سے زائد زائرین کا نیا جتھہ جموں سے روانہ
جموں، جموں و کشمیر کے جموں میں واقع بھگوتی نگر یاتری نیواس آدھار کیمپ سے بدھ کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان 6,200 سے زائد عقیدت مندوں کا نیا جتھہ جنوبی کشمیر ہمالیہ میں واقع شری امرناتھ گپھا کے دونوں آدھار کیمپوں کے لیے روانہ ہوا۔
حکام نے بتایا کہ آج علی الصبح جموں میں واقع آدھار کیمپ سے 230 ہلکی اور بھاری موٹر گاڑیوں کے قافلے میں 6,251 عقیدت مند روانہ ہوئے۔ ان میں 2,985 عقیدت مند بالٹال راستے اور 3,266 عقیدت مند پہلگام راستے سے بابا برفانی کی مقدس گپھا کی یاترا پر نکلے۔ انہوں نے بتایا کہ یاترا کے محفوظ، اور خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے سول انتظامیہ، پولیس، سیکورٹی فورسز اور شری امرناتھ شرائن بورڈ کی جانب سے کثیر الجہتی سیکورٹی اور مربوط انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس دوران، شری امرناتھ یاترا نے نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے محض 13 دنوں میں تین لاکھ عقیدت مندوں کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔
جموں و کشمیر انتظامیہ نے عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف رجسٹریشن کی تصدیق ہونے اور مقررہ تاریخ پر ہی یاترا کے لیے روانہ ہوں۔ بغیر رجسٹریشن والے کسی بھی عقیدت مند کو آدھار کیمپوں کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے دو جولائی کو جموں سے شری امرناتھ یاترا کے پہلے جتھے کو روانہ کیا تھا۔
یو این آئی۔ ایم جے
جموں و کشمیر
راجوری: مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع، سکیورٹی فورسز کا وسیع سرچ آپریشن
جموں ، جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے تھانہ منڈی علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں دو مشتبہ افراد کو دیکھا گیا، جس کے بعد جموں و کشمیر پولیس، ہندوستانی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کی مشترکہ ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تھنہ منڈی اور اس سے ملحقہ دیہات میں تلاشی مہم شروع کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکار مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے علاقے کے مختلف مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں، جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر بھی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک سرچ آپریشن جاری تھا، تاہم کسی گرفتاری یا جھڑپ کی اطلاع نہیں ملی۔
یو این آئی۔م ا ع
جموں و کشمیر
پہلگام دہشت گردانہ حملہ کیس: این آئی اے عدالت نے حافظ سعید کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا
جموں، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں پاکستان میں مقیم ممنوعہ تنظیم لشکرِ طیبہ کے سرغنہ حافظ سعید کے خلاف سپلیمنٹری چارج شیٹ (تتمہ فردِ جرم) داخل کیے جانے کے چند دن بعد، جموں کی خصوصی این آئی اے عدالت نے ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ حکم خصوصی این آئی اے عدالت کے جج نے پہلگام حملے کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں دائر درخواست پر سماعت کے بعد پاس کیا۔ عدالت کے حکم نامے کے مطابق، کیس (RC No. 02/2025/NIA/JMU) میں مفرور ملزم حافظ محمد سعید کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کے لیے ایک درخواست پیش کی گئی تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے یہ وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) 1967 کے تحت نامزد دہشت گرد اور لشکرِ طیبہ کا بانی حافظ سعید، جو سرگودھا، پنجاب (پاکستان) کا رہنے والا ہے، اس وقت پاکستان سے اپنی سرگرمیاں چلا رہا ہے۔ آرڈر کے مطابق
“ملزم جان بوجھ کر اپنی گرفتاری سے بچ رہا ہے، اس لیے این آئی اے نے معاملے میں مزید کارروائی شروع کرنے اور تفتیش کو آگے بڑھانے کے لیے ملزم کے خلاف کھلی تاریخ کا غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔”
عدالت نے مزید کہا کہ مقدمے کی منصفانہ، مکمل اور مؤثر تحقیقات کے لیے ملزم کی گرفتاری اور حراستی تفتیش انتہائی ضروری ہے۔ اسی بنیاد پر حافظ محمد سعید کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر کے اسے قانون کے مطابق تعمیل کے لیے ڈی آئی جی، این آئی اے، جموں کو بھیج دیا گیا ہے۔
حافظ سعید، جنہیں ہندوستان اور امریکہ کی جانب سے عالمی دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے، 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے ماسٹر مائنڈ بھی مانے جاتے ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے) نے 6 جولائی 2026 کو پہلگام حملے کے کیس میں ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔
یو این آئی۔م ا ع
جموں و کشمیر
لداخ میں غیر قانونی ‘آف روڈنگ’ پر12 بائیکرز اورایس یو وی ڈرائیور کو بھاری جرمانہ
سری نگر، لداخ انتظامیہ نے ماحولیاتی طور پر انتہائی حساس اور جنگلی حیات کے لیے محفوظ علاقوں میں غیر قانونی طور پر گاڑیاں چلانے (آف روڈنگ) کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہے۔ انتظامیہ نے 12 موٹر سائیکل سواروں پر مجموعی طور پر 1.20 لاکھ روپے اور ایک ایس یو وی کے مالک پر 50 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں کے کسی گروپ کے خلاف ممنوعہ علاقوں میں آف روڈنگ پر لداخ انتظامیہ کی یہ اب تک کی پہلی بڑی کارروائی ہے۔
حکام کے مطابق، یہ کارروائی لداخ کے نازک ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچانے والی غیر قانونی آف روڈنگ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے شروع کی گئی مہم کا حصہ ہے۔محکمہ جنگلی حیات (وائلڈ لائف) کی جانب سے دو مختلف مقامات پر کارروائی کی گئی۔
4 جولائی کو وائلڈ لائف حکام نے چانگ تھانگ وائلڈ لائف سینکچری کے اندر واقع حساس دلدلی علاقے تسو موریری کے قریب 12 بائیکرز کے ایک گروپ کو غیر قانونی آف روڈنگ کرتے ہوئے پکڑا۔ یہ گروپ گروگرام (ہریانہ) کے ایک ٹور آپریٹر ‘وانڈران ایکسپیرینسز پرائیویٹ لمیٹڈ’ کے تحت سفر کر رہا تھا۔ ان پر وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ 1972 کے سیکشن 29 کی خلاف ورزی کے تحت فی بائیکر 10 ہزار روپے (مجموعی طور پر 1.20 لاکھ روپے) جرمانہ عائد کیا گیا۔
اس سے قبل، 30 جون کو حکام نے پینگونگ جھیل کے کنارے ‘مان’ نامی گاؤں کے پاس چانگ تھانگ سینکچری کی حدود میں غیر قانونی طور پر چلنے والی ایک مہندرا گاڑی کو قبضے میں لیا۔ اتر پردیش کے شہر میرٹھ سے تعلق رکھنے والے اس گاڑی کے ڈرائیور پر سیکشن 50 کے تحت 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، جس کی ادائیگی کے بعد گاڑی کو چھوڑا گیا۔
یو این آئی۔م ا ع
دنیا1 week agoامریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا نفاذ مشکل لیکن ممکن: قالیباف
ہندوستان7 days agoرام مندر چڑھاوا تنازع گرما گیا، تیواری بولے– ’قصورواروإ کو بچانے میں مصروف بی جے پی حکومت‘
دنیا7 days agoامریکہ کا ایران پر حملہ، اسرائیل کی جنوبی لبنان پر بمباری
دنیا1 week agoایران کا انتقاماً یروشلم کو آزادی دلانے کا اعلان
دنیا7 days agoایران کے امریکی اڈوں پر میزائل حملے، امریکہ پر اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام
دنیا7 days agoٹرمپ نے بندر عباس پر حملوں کی ویڈیو جاری کر دی
دنیا6 days agoمشرق وسطیٰ میں کشیدگی: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
دنیا1 week agoنیٹو سربراہی اجلاس سے قبل یوکرین پر روس کا بدترین فضائی حملہ، 11 افراد ہلاک
دنیا5 days agoشہید خامنہ ای کی آخری رسومات میں سوا 4 کروڑ سے زائد افراد نے شرکت کی: ایرانی میڈیا
ہندوستان7 days agoیو جی سی- نیٹ پیپر لیک پر گرمائی سیاست، راہل گاندھی نے بنایا مرکزکو نشانہ
دنیا1 week agoاسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کی ایرانی قیادت کو دھمکی
ہندوستان5 days agoمیرٹھ کی دلت طالبہ للیتا گوتم قتل کیس پر کھرگے کا بی جے پی پر شدید حملہ، کہا، حکومت دبا رہی ہے انصاف کی آواز









































































































