گلمرگ میں بر فانی تودا گر آیا، غیر ملکی سیاح ہلاک، پانچ کو بچایا گیا، ایک ہنوز لاپتہ

سری نگر، وادی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے کھلن مرگ میں جمعرات کو بھاری بھر کم برفانی تودا گر آیا جس نے غیر ملکی اسکائرز کے ایک گروپ کو اپنی زد میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق برفانی تودے کی زد میں 6 غیر ملکی اسکائرز آئے ہیں جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی سیاح کی موت واقع ہوئی،پانچ کو بچایا گیا جبکہ ایک لاپتہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق شہرہ آفاقی گلمرگ کے کھلن مرگ علاقے میں جمعرات کو ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا جس کی زد میں غیر ملکی اسکائرز کا ایک گروپ آیا۔

معلو م ہوا ہے کہ نصف درجن کے قریب غیر ملکی اسکائرز برفانی تودے کے نیچے زندہ دفن ہوئے اس بیچ انتظامیہ ، فوج اور پولیس نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران برف میں پھنسے نصف درجن کے قریب اسکائرز کو فوری طورپر ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ایک کو مردہ قرار دیا ۔

ذرائع کے مطابق ایک غیر ملکی سیاح ہنوز لاپتہ ہے جس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔

دریں اثنا مقامی اسکائر منظور احمد نے گلمرگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ جمعرات بارہ بجے مقامی اسکائرتنویر جس کے ساتھ اپنا ایک گروپ تھا نے فون پر اطلاع دی کہ کھلن مرگ میں ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا جس کے نتیجے میں کئی غیر ملکی اسکائرز برف کے نیچے دب گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی اسکائرز نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور موقع پر ہی پانچ غیر ملکی اسکائرز کو برف سے باہر نکالا ۔

انہوں نے کہاکہ ایک غیر ملکی اسکائرکی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی ہے اور ابتدائی طورپر بتایا جارہا ہے کہ وہ روس سے تعلق رکھتا ہے۔

منطور احمد نے گلمرگ انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی اسکائرز غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ جاتے تھے لیکن گنڈولہ سے وابستہ آفیسران نے مقامی اسکائرز کو ٹکٹ خریدنے کو کہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مقامی اسکائرز کو گنڈولہ کی ٹکٹ سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا لیکن جب سےانہیں ٹکٹیں خریدنے کو کہا گیا وہ غیر ملکی اسکائرز کے ساتھ جانے سے قاصرہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر مقامی اسکائرز غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ ہوتے تو وہ غیر ملکی اسکائرز کے گروپ کو کھلن مرگ کے پر خطر علاقے میں جانے نہیں دیتے ۔

انہوں نے مزید بتایاکہ مقامی اسکائرز کو گلمرگ کے سبھی علاقوں کے بارے میں پوری علمیت ہیں ۔

دریں اثنا فوج ، پولیس اور مقامی اسکائرز کی جانب سے گلمرگ کے کھلن مرگ علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری رہا کیونکہ ایک سیاح ہنوز لاپتہ ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں