رام بن میں اراضی دھنس جانے سے 40سے 50مکانوں کو نقصان، پانچ بجلی ٹاور زمین بوس، گاوں کو خالی کیا گیا

جموں،جموں وکشمیر کے رام بن ضلع کے پرنوٹ علاقے میں درمیانی شب اراضی دھنس جانے سے 40سے 50رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ 20مکان پوری طرح سے زمین بوس ہو گئے۔

ضلعی ترقیاتی کمشنر رام بن کے مطابق مکینوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب رام بن کے دور افتادہ علاقے پرنوٹ میں زمین دھنس جانے سے رہائشی مکان اور درخت زمین بوس ہو گئے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ جمعرات کی شام کو علاقے میں زور دار آوازیں سنائی دیں جس کے ساتھ ہی اراضی دھنس جانے کا سلسلہ شروع ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ چند منٹوں کے اندر اندر ہی پہاڑی کا ایک بڑا حصہ کھسک آیا جس وجہ سے چالیس سے پچاس مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ۔

ان کے مطابق بیس رہائشی مکان مکمل طورپر زمین بوس ہو گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 440کے وی کے پانچ ٹاور بھی نیچے گر آئے ہیں جس وجہ سے رام بن ضلع میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔

دریں اثنا ضلعی ترقیاتی کمشنر رام بن نے جمعے کے روز علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی ہر سطح پر مدد فراہم کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ فی الحال سبھی لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق علاقے میں اراضی دھنس جانے کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر گاوں کو پوری طرح سے خالی کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین کو کھانے پینے کی اشیاءاور رہائشی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں