الیکشن لڑنے کا مقصد لوگوں کے جذبات کی نمائندگی کرنا ہے :آغا روح اللہ مہدی

سری نگر،جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور وسطی کشمیر کی پارلیمانی نشست کے امیدوار آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا کہ این سی سیاسی خلاءکو متحرک کرنے کے مقصد سے انتخابات لڑ رہی ہے جو کہ پچھلے پانچ سالوں میں فراہم نہیں کیا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ پانچ اگست 2019 کو لیا گیا فیصلہ ہمارے لئے ناقابل قبول ہے۔ ہمارے الیکشن لڑنے کا مقصد ہمارے لوگوں کے اجتماعی جذبات کی نمائندگی کرنا ہے جو نئی دہلی کے اعلانات سے مایوس ہیں،”

ٓٓان باتوں کا اظہار موصوف نے پائین شہر کے مختلف علاقوں میں کارکنوں سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ “میں لوگوں سے یہ وعدہ نہیں کروں گا کہ میں یہ کروں گا بلکہ میں اپنے لوگوں کے حقوق کی بحالی کی کوشش کروں گا۔ اس دوران جو عناصر لوگوں کو تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں ان کے خلاف مزاحمت کی جائے گی۔

نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر نے کہاکہ اس جنگ کو ہمارے اجتماعی ردعمل کی ضرورت ہے۔ہمیں خود کا جائزہ لینا چاہیے اور اس غیر یقینی صورتحال سے باہر نکلنے کی وجوہات تلاش کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد کی ضرورت ہے اور ہمارے پاس کوئی متبادل نہیں بچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ “جموں و کشمیر کے لوگوں نے اس وعدے پر ہندوستان سے الحاق کیا کہ جموں و کشمیر کے بارے میں کوئی فیصلہ ان کے خیالات پر غور لئے بغیر نہیں لیا جائے گا۔

ان کے مطابق جموں و کشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں تک گھٹا دیا گیا اور اس کی ریاستی حیثیت چھین لی گئی۔جموں و کشمیر کے لوگوں کی تذلیل کی گئی۔ انٹرنیٹ اور فون بند ہو گئے۔بہت سے بیمار افراد اس وجہ سے مر گئے کہ وہ ایمبولینس نہیں بلا سکے۔ یہ سب ہمارے ساتھ مشاورت کے بنیادی اصول پر قائم رہے بغیر کیا گیا۔ اب ایسا لگتا ہے کہ جمہوریت دنیا کے دیگر حصوں میں بہتر ہے اور یہاں نہیں۔

آغا روح اللہ نے کہاکہ ہمارے دل ہندوستانی دلوں کے ساتھ اس طرح نہیں دھڑکیں گے، جیسا کہ ماضی میں تھا۔

انہوں نے بعض شرپسندوں کی طرف سے ترال کے ڈاڈسرہ میں ایک مقامی آستان اور مسجد کی بے حرمتی کی کوشش پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔تفرقہ پھیلانے والے عناصر کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے انہوں نے اتحاد اور امن کی پرجوش اپیل کی۔

انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔بعد ازاں انہوں نے زیوان میں انچارج حلقہ لال چوک احسان پردیسی کے زیر اہتمام کارکنوں کے سلسلہ وار اجلاسوں سے بھی خطاب کیا۔

یو این آئی،ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں