لوک سبھا الیکسن: اننت ناگ – راجوری سیٹ کے لئے پولنگ جاری، دن کے ایک بجے تک 35.61 فیصد پولنگ ریکارڈ

سری نگر، جموں وکشمیر کی اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ پر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سمیت 20 امید واروں کے سیاسی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لئے ہفتے کی صبح سے سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ پولنگ کا عمل پر امن اور خوشگوار ماحول میں جاری ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس سیٹ پر دن کے ایک بجے تک مجموعی طور پر35.61 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔

انہوں نے 18 حلقوں کی الگ الگ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ میں21.19 فیصد، اننت ناگ (ویسٹ) میں 24.20فیصد، بدھال (ایس ٹی) میں 39.82فیصد، ڈی ایچ پورہ میں 35.36فیصد، دیوسر میں 28.50فیصد، ڈورو میں 31.89فیصد ، کوکر ناگ (ایس ٹی) میں 34.00 فیصد، کولگام میں 21.27فیصد ، مینڈھر میں 42.06 فیصد، نوشہرہ میں 47.31فیصد، پہلگام میں39.78 فیصد، پونچھ حویلی میں 46.52 فیصد، راجوری (ایس ٹی) میں 52.74 فیصد، شناگس – اننت ناگ (ایسٹ) میں 27.08فیصد، سری گفوارہ- بجبہاڑہ میں 27.00فیصد ، سرنکوٹ (ایس ٹی) میں 40.72فیصد، تھانہ منڈی (ایس ٹی) میں 46.60 فیصد اور زینہ پورہ میں 27.79 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود لوگ طویل قطاروں میں کھڑے ووٹ ڈالنے کے لئے اپنی اپنی بھاریوں کا انتظار کر رہے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیٹ کے تمام پولنگ مراکز پر پولنگ کا عمل صبح کے ٹھیک 7 بجے شروع ہوا جو شام کے 6 بجے اختتام پذیر ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ پولنگ مراکز پر صبح سے ہی ووٹروں جن میں مر وزن اور نوجوان شامل تھے، کو قطاروں میں دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کولگام میں پولنگ مراکز پر صبح سے ہی ووٹروں کو جوش وخروش کے ساتھ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ پانچ اضلاع اننت ناگ، کولگام ،شوپیاں، راجوری اور پونچھ اضلاع پر مشتمل ہے اور یہ نشست 18 اسمبلی حلقوں پر محیط ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس لوک سبھا نشست کے لئے رائے دہندگان کی کل تعداد 18 لاکھ 36 ہزار 5 سو 76 ہے جن میں سے 9 لاکھ 33 ہزار 6 سو 47 مرد اور 9 لاکھ 2 ہزار 9 سو 2 خواتین ووٹر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل رائے دہندگان میں سے 17 ہزار 9 سو 67 رائے دہندگان جسمانی طور معذور ووٹر ہیں جبکہ 5 سو 40 رائے دہندگان کی عمر سو برس سے زیادہ ہے اور اس نسشت کے لئے پہلی بار ووٹ ڈالنے والے ووٹروں کی تعداد 81 ہزار ہے۔

پیر پنچال رینج کے آر پار پھیلی اس لوک سبھا نشست کے لئے ہموار پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے حکام نے 2 ہزار 3 سو 38 پولنگ مراکز قائم کئے ہیں نیز پونچھ اور راجوری اضلاع میں 18 سرحدی پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

حکام نے خوشگوار اور پُر امن پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے کڑی انتظامات کئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق انتخابات کے پیش نظر راجوری اور پونچھ اضلاع میں بالخصوص لائن آف کنٹرول کے ساتھ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس لوک سبھا نشست کے لئے 20 امید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں سے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، نیشنل کانفرنس کے میاں الطاف، جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے ظفر اقبال منہاس، ڈیموکریٹک پروگرسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے ایڈوکیٹ محمد سلیم پرے خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ اس سیٹ پر اصل مقابلہ محبوبہ مفتی اور میاں الطاف کے درمیان متوقع ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اننت ناگ – راجوری سیٹ کے لئے پہلے پولنگ کی تاریخ 7 مئی مقرر کی گئی تھی تاہم بعض پارٹیوں بشمول بی جے پی، اپنی پارٹی وغیرہ کی گذارش پر موسمی صورتحال اور مغل روڈ بند رہنے کے پیش نظر اس سیٹ کی پولنگ کو موخر کیا گیا تھا اور پولنگ کی نئی تاریخ 25 مئی مقرر کی گئی۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں