190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر نیب کو دوبارہ نوٹس

اسلام آباد، اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر قومی ادارہ احتساب (نیب) کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا ’ڈان نیوز‘ کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی عمران خان کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ اور سوزین جہان خان عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ کھوسہ صاحب آپ کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری نہیں ہوئے، آفس نے رجسٹرار نے اعتراض لگایا ہے کہ ڈیپازٹ فیس جمع نہیں ہوئی، اِس پر لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ مگر یہ تو ضمانت بعد از گرفتاری کا کیس ہے، درخواست گزار جیل میں ہے، جب درخواست گزار جیل میں ہو تو ڈیپازٹ نہیں کرنا پڑتا۔

دریں اثنا عدالت نے عمران خان کی درخواست پر نیب کو دوبارہ نوٹسسز جاری کردیے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہم نے 497 کی درخواست دی تھی جو خارج ہوگئی ہے، اِس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ تو یہ بتائیے کہ یہاں 497 آئے گی یا رٹ آئے گی؟

جواب میں لطیف کھوسہ نے کہا کہ 497 ہو یا 498، اِس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ ضمانت بعد از گرفتاری ہے۔

عدالت نے لطیف کھوسہ کو آئینی درخواست میں غلطی کو دور کرنے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں