عمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ہوگی: شعیب شاہین

اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ داری موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر عائد ہو گی الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا تھا ٹیمپرنگ کے بعد کچھ پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کی شرح 99.99 فیصد کر دی گئی جو بظاہر ناممکن ہے، ہم اس حوالے سے جلد ایک وائٹ پیپر جاری کرنے والے ہیں شعیب شاہین کا کہنا تھا ہمارے، جماعت اسلامی اور ٹی ایل پی سمیت مصطفی نواز کھوکھر کے پاس ایک جیسے فارم 45 ہیں جبکہ طارق فضل چوہدری کے پاس کچھ اور فارم 45 ہیں، ہم پرچہ کرکے ریٹرننگ افسر کو فارغ کروائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا یہ آئی ایم ایف سے قرضہ لیں گے پھر یہ اشرافیہ کھا جائے گی اور عوام قرضہ پورا کرے گی، عدلیہ کو چاہیے وہ ان ڈاکوؤں اور اشرافیہ کو روکے، واضح کر دوں ڈاکوؤں سے کوئی بات نہیں ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں شعیب شاہین کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو قتل کرنے اور ڈرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دہشتگرد سارا پاکستان چھوڑ کر اڈیالہ جیل کیوں گئے یہ سوالیہ نشان ہے؟ اگر بانی پی ٹی آئی کو کچھ ہوا تو ذمے داری موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے۔

مشترکہ کارروائی کے دوران 3 غیر ملکی دہشتگردوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اڈیالہ جیل کا نقشہ، خود کار ہتھیار اور بھاری تعداد میں گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں