جموں و کشمیر
بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر تشدد کے خلاف جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں احتجاج

جموں، بنگلہ دیش میں اقلیتی ہندو برادری کے خلاف مبینہ تشدد، لوٹ مار، آتش زنی اور ہلاکتوں کے واقعات کے خلاف پیر کے روز جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں مختلف ہندو تنظیموں اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے زبردست احتجاج کیا۔ اس موقع پر سناتن دھرم سبھا کی جانب سے بند کی کال دی گئی، جس کے باعث کشتواڑ میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے۔
احتجاج کی قیادت سناتن دھرم سبھا کے صدر مہنت رام شرن داس اچاریہ نے کی، جبکہ مختلف ہندو تنظیموں کے کارکنوں نے چوک میں دھرنا دے کر بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہونے والے مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بنگلہ دیش میں مندروں پر حملوں، خواتین کے خلاف تشدد اور اقلیتی برادری کو نشانہ بنانے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف سنیل شرما سمیت بی جے پی کے کئی سینئر رہنماؤں نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔ اس موقع پر سنیل شرما نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشتواڑ میں آج بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہونے والے مظالم کے خلاف بند اور احتجاج کیا گیا۔ ہندو سماج اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، مندروں پر حملے ہو رہے ہیں اور ایک فیکٹری مزدور دیپو داس کو بے رحمی سے قتل کیا گیا، جس نے پوری برادری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
احتجاج میں شامل ایک اور رہنما راکی گوسوامی نے کہا کہ دیپو داس کے قتل سمیت دیگر واقعات کے خلاف عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بند کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف علامتی پُتلے نذرِ آتش کیے گئے اور بڑی تعداد میں سناتن دھرم سے وابستہ افراد سڑکوں پر نکل آئے۔
مظاہرین نے اعلان کیا کہ سناتن دھرم سبھا کے بینر تلے صدرِ جمہوریہ ہند، وزیر اعظم اور مرکزی وزرائے داخلہ و خارجہ امور کو ایک یادداشت پیش کی جائے گی، جس میں بنگلہ دیش میں ہندو اقلیت کے تحفظ، ان کی جان و مال اور مذہبی مقامات کی حفاظت کے لیے مرکزی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ کیا جائے گا۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ
جموں و کشمیر
اننت ناگ میں ہیلتھ اسکیموں میں دھوکہ دہی کے الزام میں ڈاکٹر معطل
سری نگر، جموں و کشمیر کے سرکاری میڈیکل کالج اننت ناگ میں شعبہ امراضِ قلب کے ایک سینئر کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سید مقبول کو سرکاری ہیلتھ اسکیموں میں دھوکہ دہی کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔
آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا۔صحت کے تحت رجسٹرڈ 103 ہارٹ سرجری کے معاملات کی جانچ کے بعد جموں و کشمیر حکومت نے کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سید مقبول کو معطل کر دیا ہے اور انہیں نوٹس بھی بھیجا ہے۔ جانچ میں ٹرانزیکشن مینجمنٹ سسٹم (ٹی ایم سی) پر اپلوڈ کیے گئے دعوے اور کیتھیٹرائزیشن لیبارٹری پروسیجر رجسٹریشن میں انٹری کے درمیان فرق پایا گیا۔ جانچ کرنے والوں نے الزام لگایا کہ جہاں دوہرے چیمبر والے پیس میکر کی پیوند کاری کے لیے فنڈز کا دعویٰ کیا گیا تھا، وہیں اصل میں کیے گئے پروسیجر لیفٹ بنڈل برانچ ایریا پیسنگ (ایل بی بی اے پی) تھے۔ ریاستی صحت ایجنسی (ایس ایچ اے) نے ایل بی بی اے پی سے جڑے دعوے میں غیر معمولی اضافہ دیکھا اور معاملے کو ماہر کی رائے کے لیے ایس کے آئی ایم ایس، سورا میں شعبہ امراضِ قلب کے سربراہ کو بھیج دیا۔ 55 معاملات کے کلینیکل آڈٹ میں پایا گیا کہ 27 مریضوں کا تقریباً 49 فیصد بائیں دل کا کام معمول کے مطابق تھا اور کیو آر ایس مارفولوجی چوڑی تھی۔ ماہرین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ان معاملات میں ایل بی بی اے پی کے لیے کوئی طبی ضرورت نہیں تھی۔ ایس ایچ اے نے بعد میں متعلقہ دعووں کو مسترد کر دیا۔
جانچ میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ ڈاکٹر نے منظور شدہ خریداری چینلز کو بائی پاس کیا، براہِ راست نجی سپلائر سے طبی آلات لیے اور ان مستفیدین سے پیسے لیے جو آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا۔صحت کے تحت کیش لیس علاج کے حقدار تھے۔ جانچ میں کہا گیا کہ ایس کے آئی ایم ایس کے تکنیکی ماہرین نے گڑبڑی کی تصدیق کی اور ڈاکٹر پر ٹی ایم سی سسٹم میں غلط معلومات درج کرنے، اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے اور سنگین طبی لاپرواہی برتنے کا الزام لگایا۔
ڈاکٹر مقبول کو ایک ہفتے کے اندر تحریری جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے اور ایسا نہ کرنے پر جموں و کشمیر سول سروسز (سی سی اے) رولز، 1956 کے تحت انضباطی کارروائی شروع کی جا سکتی ہے، جس میں ملازمت سے برطرفی بھی شامل ہے۔ جموں و کشمیر کی وزیر صحت سکینہ اتو نے کہا کہ کارڈیالوجسٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ محترمہ اتو نے کہا کہ “کچھ شکایتیں تھیں اور اس کے بعد ہم نے جانچ کے احکامات دیے۔ ابتدائی جانچ میں کچھ باتیں سامنے آئیں اور ڈاکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔”
یو ا ین آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
آئی جی پی کشمیر نے امرناتھ یاترا کے لیے سکیورٹی اور رابطہ کاری کے منصوبے کا جائزہ لیا
سری نگر، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردی نے جمعہ کے روز آئندہ امرناتھ یاترا کے لیے سکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ مختلف اداروں کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنایا جائے، اہلکاروں کو باقاعدگی سے بریفنگ دی جائے، معیاری عملی طریقہ کار (ایس او پی) پر سختی سے عمل کیا جائے اور یاتریوں کے ساتھ دوستانہ اور معاون رویہ اپنایا جائے تاکہ سالانہ یاترا پرامن اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہو سکے۔
امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہوگی اور 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق، شری امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کے سلسلے میں آئی جی پی کشمیر نے زونل اور سیکٹر افسران کو یاترا کے راستوں پر رابطہ کاری، سکیورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے بریفنگ دی۔ اس اجلاس میں پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران آئی جی پی کشمیر نے اس بات پر زور دیا کہ یاترا کے محفوظ، کامیاب اور ہموار انعقاد کے لیے پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی اور عوامی خدمت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام سکیورٹی اور انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں اور قائم شدہ سکیورٹی نظام پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
وی کے بردی نے زونل افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ماتحت سیکٹر افسران اور جوانوں کو باقاعدگی سے بریفنگ دیں تاکہ تمام اہلکار اپنی ذمہ داریوں، فرائض اور موجودہ سکیورٹی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ رہیں۔
انہوں نے تعیناتی کے تمام مراحل میں مسلسل نگرانی اور مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں، افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں کام کرنے والے دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ معلومات کے تبادلے، مشترکہ ردعمل اور ہم آہنگ آپریشنل اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوامی خدمت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آئی جی پی کشمیر نے تمام افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاتریوں کی حفاظت، سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران عوام دوست رویہ برقرار رکھا جائے۔
آئی جی پی کشمیر نے سخت نظم و ضبط، پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور مقررہ ایس او پیز پر مکمل عمل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے تمام اہلکاروں سے کہا کہ وہ ہر وقت چوکس رہیں، آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح برقرار رکھیں اور اپنے مثالی طرزِ عمل کے ذریعے فورس کی ساکھ کو مضبوط بنائیں۔
اجلاس کے اختتام پر رابطہ کاری کے طریقہ کار اور ہنگامی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ شری امرناتھ جی یاترا 2026 کو پرامن اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پاک بنایا جا سکے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
کشتواڑ میں دہشت گردوں کے معاون نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک سرکاری ملازم سمیت دو اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی کشتواڑ نریش سنگھ نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف بی این ایس، یو اے پی اے اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کشتواڑ پولیس تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
ایس ایس پی نریش سنگھ نے بتایا کہ تفصیلی تحقیقات کے بعد پولیس نے محکمہ جنگلات کے ملازم طارق احمد اور محمد اقبال کو گرفتار کر لیا۔ دونوں پر الزام ہے کہ وہ داچن علاقے میں سرگرم دہشت گردوں کو مدد اور سہولت فراہم کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل چھاترو علاقے کے منیر احمد اور مشکور احمد کو بھی اسی نوعیت کے الزامات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دہشت گردی اور اس کے معاون نیٹ ورک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پولیس خطے میں امن، قانون کی بالادستی اور عوامی سلامتی برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
یواین آئی۔ م س
جموں و کشمیر1 week agoاین سی ایل ٹی نے سراج العلوم کے لیے عبوری لیکویڈیٹر مقرر کر دیا، اثاثے منجمد
ہندوستان1 week agoفضائیہ کا مال بردار طیارہ حادثے کا شکار، پانچ اہلکار شہید
دنیا1 week agoامریکہ نے ایران کے جوہری مواد پر قبضے کیلئے زمینی کارروائی کا منصوبہ بنالیا تھا تاہم ٹرمپ پیچھے ہٹ گئے: امریکی میڈیا
دنیا5 days ago‘ٹرمپ کامعاہدہ ہمیں پابند نہیں کرتا’، اسرائیلی وزیر ایران امریکہ معاہدے پر سیخ پا
دنیا5 days agoتاریخی ڈیل مکمل، امریکہ اور ایران نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کردی
دنیا1 week agoایران معاہدے سے متعلق ٹرمپ کے مؤقف پر نیتن یاہو کا ردِعمل سامنے آگیا
جموں و کشمیر1 week agoشمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب پی او جے کے کا 19 سالہ نوجوان گرفتار
ہندوستان2 days ago‘اسلام آباد ایم او یو’ پر جے رام رمیش کا مرکز پر حملہ، کہا- مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو بڑا جھٹکا
دنیا7 days agoامریکہ ایران معاہدے پر کل دستخط نہیں ہوں گے: ایرانی وزارت خارجہ
دنیا5 days agoعین وقت پر امریکہ ایران امن معاہدے میں تاخیر اسرائیلی حملے کے سبب
دنیا3 days agoایرانی آرمی چیف کا دفاعی طاقت مزید بڑھانے کا اعلان
جموں و کشمیر4 days agoگاندربل ‘انکاؤنٹر’ کے مقتول کی لاش قبر سے نکال کر اہلِ خانہ کے حوالے


































































































