جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس نے سابق بار ایسوسی ایشن صدر میاں عبدالقیوم کی جائیداد ضبط کرلی

سری نگر،جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کے روز کالعدم سرگرمیوں سے متعلق ایک کیس کے سلسلے میں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں عبدالقیوم کی جائیداد ضبط کرلی۔ پولیس نے ان کا رہائشی مکان بلبل باغ برزلہ میں موجود زمین سمیت انسدادِ غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ کے تحت ضبط کیا۔
یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 157/2009 کے تحت کی گئی، جو پولیس اسٹیشن شہید گنج میں یو اے پی اے کے تحت درج ہے۔
پولیس سربراہ نالین پربھات نے ضبطی کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ جائیداد مبینہ طور پر ’دہشت گردانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے‘ اور قابلِ اعتراض مواد چھپانے کے لیے استعمال کی گئی تھی۔
پولیس کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے:’یو اے پی اے کی دفعہ 25 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے دو منزلہ رہائشی مکان، جو دو کنال، ایک مرلہ اور 90 مربع فٹ اراضی پر مشتمل ہے، بحقِ سرکار منسلک کیا جاتا ہے۔ یہ جائیداد رجسٹری نمبر 338 کے تحت میاں عبدالقیوم کے نام پر درج ہے۔‘
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران جمع شدہ شواہد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ میاں عبدالقیوم نے اپنے رہائشی مکان کو ’دہشت گردانہ سرگرمیوں کی اعانت‘ کے لیے استعمال کیا۔ چنانچہ اس جائیداد کو دہشت گردی کے زمرے میں رکھا گیا ہے، جیسا کہ یو اے پی اے کی دفعہ 2 میں بیان کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ میاں عبدالقیوم فی الوقت ایڈووکیٹ بابر قادری کے قتل کیس میں جیل میں مقید ہیں، اور ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریاست بھر میں یو اے پی اے کے تحت درج مقدمات میں شامل اثاثوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ دہشت گردی کی مالی معاونت اور اس سے وابستہ نیٹ ورکس کو ختم کیا جا سکے۔
یو این آئی، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
محبوبہ مفتی کا الیکشن کمیشن پر سخت حملہ، انتخابی دھاندلی کا الزام
سری نگر، جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کو الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر انتخابی عمل کو کمزور کر رہا ہے۔
محبوبہ مفتی کا یہ بیان مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بڑی کامیابی کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ان نتائج کو ملک کے جمہوری اداروں کی گرتی ہوئی ساکھ اور کمزور ہوتی جمہوری قدروں سے جوڑتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔
پی ڈی پی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ٹی این شیشن کی اصلاحات کے بعد کبھی ہندوستان کے انتخابی نظام کی پوری دنیا میں تعریف کی جاتی تھی اور الیکشن کمیشن کو جمہوریت کا ’بے خوف محافظ‘ تصور کیا جاتا تھا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ آج یہی ادارہ مرکزی ایجنسیوں کے تعاون سے انتخابی عمل میں مداخلت اور دھاندلی کے الزامات کی زد میں ہے۔
اس صورتحال کو ’افسوسناک زوال‘ قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگرچہ ملک ابھی تک ’وشو گرو‘ بننے کا خواب پورا نہیں کر سکا لیکن ’انتخابی ہیرا پھیری کے فن‘ میں ضرور مہارت حاصل کر چکا ہے۔
انہوں نے مغربی بنگال کے حالیہ انتخابی نتائج اور واقعات کو اس تشویشناک حقیقت کی تازہ مثال قرار دیا۔
یو این آئی۔ اے ایم
جموں و کشمیر
محکمہ صحت میں جعلی بھرتی معاملہ: ملازم گرفتار
سری نگر، جموں و کشمیر کی کرائم برانچ کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے پیر کے روز تلاشی مہم کے دوران محکمہ صحت میں 2017 کے جعلی بھرتی معاملے میں ایک سرکاری ملازم کو گرفتار کر لیا۔ حکام نے یہ معلومات فراہم کیں۔
یہ معاملہ ایف آئی آر نمبر 19/2017 سے متعلق ہے، جو رنبیر تعزیراتِ ہند (آر پی سی) کی دفعات 420، 467، 468 اور 471 کے تحت کرائم برانچ کشمیر (جو اب ای او ڈبلیو کشمیر کے طور پر کام کر رہی ہے) میں درج کیا گیا تھا۔
ای او ڈبلیو کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہنواز احمد میر کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ محکمہ صحت میں سینئر اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات ہے اور سری نگر کے شہید گنج علاقے کے ٹنکی پورہ کا رہائشی ہے۔ اسے ایک عادی مجرم قرار دیا گیا ہے، جو کئی جعلی معاملات میں ملوث رہا ہے۔
اس کیس کی شروعات محکمہ صحت کے نائب ڈائریکٹر کشمیر سے موصولہ اطلاع پر ہوئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ بڈگام کے مجہامہ علاقے کے رہائشی بشیر احمد صوفی نے جعلی طریقوں سے “ہیلتھ ایجوکیٹر” کے طور پر سرکاری ملازمت حاصل کر لی تھی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ صوفی نے اس عہدے کے حصول کے لیے جعلی تبادلہ حکم نامہ اور ایک من گھڑت “آخری تنخواہ سرٹیفکیٹ” پیش کیا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم نے بارہمولہ کے بلاک شیری میں غیر قانونی طور پر ملازمت حاصل کی اور مسلسل تنخواہ بھی لیتا رہا، جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
ای او ڈبلیو کی مزید تحقیقات میں ایسی جعلی تقرریوں میں شاہنواز میر کے کردار کا بھی انکشاف ہوا۔ حکام نے بتایا کہ اس طرح کے کئی دیگر معاملات میں بھی اس کی ملوث ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ ان میں سے کچھ کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ دیگر میں چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہے۔
حکام نے بتایاکہ “ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور موجودہ کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔”
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
ایل جی نے کھلاڑیوں سے ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے سفیر بننے کی اپیل کی
سری نگر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ ’’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘‘ کے سفیر بنیں اور نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے اور کھیلوں کو اپنانے کی ترغیب دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کشمیر یونیورسٹی میں آل انڈیا انٹر یونیورسٹی ووشو چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مضبوط اسپورٹس کلچر کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ہر طالب علم کو صحت مند اور فعال طرزِ زندگی اپنانے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آل انڈیا انٹر یونیورسٹی ووشو چیمپئن شپ صرف ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ کے جذبے کی جیتا جاگتا مظہر ہے، جو تنوع میں اتحاد، نظم و ضبط، بہترین کارکردگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ“یہ چیمپئن شپ ہمیں اس کھیل کی اصل روح کو زندہ رکھنے کی ذمہ داری بھی دیتی ہے، جو محض مقابلے سے بالاتر ہو کر ہمیں اعلیٰ انسانی اقدار سے جوڑتی ہے۔ کشمیر یونیورسٹی میں ہونے والی یہ چیمپئن شپ نہ صرف مقابلوں کی شاندار کارکردگی بلکہ دوستی کے رشتوں، رکاوٹوں کو توڑنے اور ایک متحد، پُرعزم اور ہمدرد ہندوستانی خاندان کے احساس کو تازہ کرنے کے لیے یاد رکھی جائے۔”
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ووشو کا سخت نظم و ضبط نوجوانوں کی مضبوطی اور استقامت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ ثقافتی تبادلے کا ایک پلیٹ فارم ہے جہاں حریف دوست بن جاتے ہیں اور اساتذہ ملک کے مستقبل کی رہنمائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے موبائل فون سے مختصر ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کریں تاکہ منشیات کے خلاف بیداری پھیلائی جا سکے اور دوسروں کو مثبت طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی جا سکے۔
یواین آئی۔ ظا
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے لیے ترقی کا بڑا تحفہ؛ شیوراج سنگھ چوہان نے 3566 کروڑ روپے کے سڑک منصوبوں کی منظوری دے دی
دنیا1 week agoآپ حملہ آور کا پیغام پڑھ رہی ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیے: ٹرمپ
جموں و کشمیر1 week agoلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا زراعت میں فوری اصلاحات اور کسانوں کے تحفظ کا مطالبہ
جموں و کشمیر1 day agoجموں میں ہوٹل کے بیسمنٹ سے مشتبہ حالات میں نوجوان لڑکی کی لاش برآمد
دنیا1 week agoصدر ٹرمپ نے امریکی انتخابات کو دھاندلی زدہ اور دنیا کے لیے مذاق قرار دے دیا
دنیا6 days agoپوتن نے صدر ٹرمپ کو ایرانی جوہری پروگرام پر تجاویز دے دیں
دنیا1 week agoامریکہ سے مذاکرات میں پاکستان اہم ثالث ہے: ایرانی وزیرخارجہ
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز کی دوبارہ بحالی کیلئے ایران کی نئی شرط
دنیا3 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا یوم مزدور پر پیغام
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز سے گزرنے کی ایرانی فیس دنیا کے لیے ناقابل برداشت ہوگئی
دنیا1 week agoعالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
دنیا1 week agoجنگیں چھیڑنے والے انسانیت کے پُرامن مستقبل کو چھین رہے ہیں: پوپ لیو









































































































