جموں و کشمیر
وادی بھر میں پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، سینکڑوں مقامات پر بیک وقت چھاپے، متعدد افراد گرفتار، قابلِ اعتراض مواد ضبط

سری نگر، جموں و کشمیر پولیس نے وادی کے تقریباً تمام اضلاع میں ایک بڑے اور مربوط آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم جماعتِ اسلامی کے خلاف منظم کارروائی انجام دی۔ اس کارروائی میں پولیس، اسپیشل آپریشنز گروپ، سی آر پی ایف اور دیگر سلامتی ایجنسیوں کی مشترکہ ٹیموں نے کولگام، اننت ناگ، شوپیاں، پلوامہ، اونتی پورہ، سوپور اور گاندربل اضلاع میں سینکڑوں مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔
یہ آپریشن انسدادِ غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ کے تحت اس وقت شروع کیا گیا جب انٹیلی جنس ذرائع سے اطلاعات موصول ہوئیں کہ جماعتِ اسلامی کے بعض پرانے ارکان اور ہمدرد مختلف ناموں اور سماجی تنظیموں کے پردے میں دوبارہ اپنی سرگرمیاں بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سب سے بڑی کارروائی انجام دی گئی۔ پولیس نے گزشتہ چار دنوں کے دوران 200 سے زائد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران جماعتِ اسلامی کے سابق عہدیداران، کارکنان اور اُن کے قریبی ساتھیوں کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔
پولیس کے مطابق پچھلے ایک ہفتے میں 400 سے زائد’کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز‘ کیے گئے جن میں ان علاقوں کو بھی شامل کیا گیا جہاں ماضی میں دہشت گردوں کی جھڑپیں یا ان کے ٹھکانے موجود رہے ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 500 سے زائد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جن میں سے متعدد کو احتیاطی حراست کے تحت ضلع جیل مٹن اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ کئی مقامات سے الیکٹرانک آلات، موبائل فون، ہارڈ ڈرائیوز، تنظیمی لٹریچر، رسیدی کتابیں اور مالیاتی ریکارڈ ضبط کیے گئے ہیں، جن کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
ضلع اننت ناگ میں پولیس نے مختلف علاقوں بشمول بیج بہاڑہ، لالچوک، کھنہ بل اور کوکر ناگ میں چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران کئی گھروں کی تلاشی لی گئی اور جماعتِ اسلامی سے وابستہ متعدد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ کچھ افراد پر شبہ ہے کہ وہ جماعت کے پرانے نیٹ ورک کے ذریعے نوجوانوں کو مذہبی تعلیمات کے پردے میں علیحدگی پسند نظریات کی طرف مائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو بعض مقامات سے لیپ ٹاپ، یو ایس بی ڈرائیوز، مذہبی نصاب، اور مالیاتی کھاتے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ان میں کچھ ایسے دستاویز بھی شامل ہیں جن سے بیرونی فنڈنگ کے اشارے ملے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے دو دیگر اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں بھی پولیس نے علی الصبح بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیے۔ شوپیاں کے زینہ پورہ، کلورہ، ہیرو پورہ، کپران اور امام صاحب علاقوں میں پولیس اور سی آر پی ایف نے درجنوں گھروں کی تلاشی لی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے متعدد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ کالعدم جماعتِ اسلامی کے نظریاتی نیٹ ورک سے رابطے میں تھے۔
اسی طرح پلوامہ میں پولیس نے متعدد مقامات پرچھاپے مارے۔ پلوامہ پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران قابلِ اعتراض لٹریچر، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور موبائل فون ضبط کیے گئے ہیں، جنہیں فارنزک تجزیے کے لیے بھیجا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق،پلوامہ پولیس کی یہ کارروائیاں امن و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ کسی کو بھی ریاست کے امن کو نقصان پہنچانے یا نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پولیس ضلع اونتی پورہ میں بھی متعدد مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔ پولیس کے مطابق چھاپوں کے دوران کئی گھروں سے ڈیجیٹل شواہد، تنظیمی دستاویزات، اور مالیاتی کھاتے ضبط کیے گئے۔
اونتی پورہ پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ہماری انٹیلی جنس یونٹس مسلسل اس بات کی نگرانی کر رہی ہیں کہ جماعتِ اسلامی کے کچھ سابق ارکان دوبارہ تنظیمی سرگرمیاں بحال نہ کر سکیں۔ یہ چھاپے انہی خدشات کے پیشِ نظر انجام دیے گئے ہیں۔
شمالی کشمیر کے ضلع سوپور میں پولیس نے 30 سے زائد مقامات پر بیک وقت کارروائی انجام دی۔ چھاپوں کے دوران پولیس نے زا نگیر، رفیع آباد، جنگل چک، تارزو اور احمدپورہ علاقوں میں جماعتِ اسلامی سے منسلک افراد کے گھروں کی تلاشی لی۔
پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران قابلِ اعتراض مواد، موبائل ڈیوائسز، ہارڈ ڈرائیوز اور تنظیمی ریکارڈ برآمد کیا گیا ہے۔ متعدد افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ ان کے روابط اور سرگرمیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں پولیس نے کئی مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ پولیس کے مطابق انہیں انٹیلی جنس اطلاعات ملی تھیں کہ جماعتِ اسلامی سے وابستہ کچھ عناصر علاقے میں نئی تنظیمی ساخت قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
چھاپوں کے دوران دستاویزات، کمپیوٹر ڈرائیوز، تنظیمی پمفلٹس اور مالیاتی تفصیلات ضبط کی گئیں۔ کئی مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے تاکہ ان کے بیرونی روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائیاں وادی میں دہشت گردی اور اس کے معاون نیٹ ورک کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کا تسلسل ہیں۔ ترجمان نے کہا:
یہ چھاپے مکمل طور پر انٹیلی جنس بیسڈ ہیں۔ مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ کسی بھی کالعدم یا علیحدگی پسند تنظیم کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہ ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں احتیاطی نوعیت کی ہیں اور ان کے ذریعے پولیس اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ وادی کا امن، بھائی چارہ اور استحکام برقرار رہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ “اگر کوئی فرد یا گروہ مذہب یا خدمت کے نام پر انتہا پسند نظریات پھیلانے کی کوشش کرے تو اسے فوراً رپورٹ کیا جائے۔
پولیس حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ کارروائیاں کسی مخصوص طبقے کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی کے معاون ڈھانچے کے مکمل خاتمے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
ایک سینئر افسر نے کہا:’جموں و کشمیر پولیس کا عزم ہے کہ امن، ترقی اور استحکام کے دشمنوں کے خلاف کارروائی بلا امتیاز جاری رہے گی۔ کوئی بھی فرد یا تنظیم جو نوجوانوں کو گمراہ کرنے، یا امن و قانون کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گی، اسے قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا۔‘
یو این آئی، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
محبوبہ مفتی کا الیکشن کمیشن پر سخت حملہ، انتخابی دھاندلی کا الزام
سری نگر، جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے منگل کو الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر انتخابی عمل کو کمزور کر رہا ہے۔
محبوبہ مفتی کا یہ بیان مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بڑی کامیابی کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ان نتائج کو ملک کے جمہوری اداروں کی گرتی ہوئی ساکھ اور کمزور ہوتی جمہوری قدروں سے جوڑتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔
پی ڈی پی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ٹی این شیشن کی اصلاحات کے بعد کبھی ہندوستان کے انتخابی نظام کی پوری دنیا میں تعریف کی جاتی تھی اور الیکشن کمیشن کو جمہوریت کا ’بے خوف محافظ‘ تصور کیا جاتا تھا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ آج یہی ادارہ مرکزی ایجنسیوں کے تعاون سے انتخابی عمل میں مداخلت اور دھاندلی کے الزامات کی زد میں ہے۔
اس صورتحال کو ’افسوسناک زوال‘ قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگرچہ ملک ابھی تک ’وشو گرو‘ بننے کا خواب پورا نہیں کر سکا لیکن ’انتخابی ہیرا پھیری کے فن‘ میں ضرور مہارت حاصل کر چکا ہے۔
انہوں نے مغربی بنگال کے حالیہ انتخابی نتائج اور واقعات کو اس تشویشناک حقیقت کی تازہ مثال قرار دیا۔
یو این آئی۔ اے ایم
جموں و کشمیر
محکمہ صحت میں جعلی بھرتی معاملہ: ملازم گرفتار
سری نگر، جموں و کشمیر کی کرائم برانچ کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے پیر کے روز تلاشی مہم کے دوران محکمہ صحت میں 2017 کے جعلی بھرتی معاملے میں ایک سرکاری ملازم کو گرفتار کر لیا۔ حکام نے یہ معلومات فراہم کیں۔
یہ معاملہ ایف آئی آر نمبر 19/2017 سے متعلق ہے، جو رنبیر تعزیراتِ ہند (آر پی سی) کی دفعات 420، 467، 468 اور 471 کے تحت کرائم برانچ کشمیر (جو اب ای او ڈبلیو کشمیر کے طور پر کام کر رہی ہے) میں درج کیا گیا تھا۔
ای او ڈبلیو کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہنواز احمد میر کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ محکمہ صحت میں سینئر اسسٹنٹ کے عہدے پر تعینات ہے اور سری نگر کے شہید گنج علاقے کے ٹنکی پورہ کا رہائشی ہے۔ اسے ایک عادی مجرم قرار دیا گیا ہے، جو کئی جعلی معاملات میں ملوث رہا ہے۔
اس کیس کی شروعات محکمہ صحت کے نائب ڈائریکٹر کشمیر سے موصولہ اطلاع پر ہوئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ بڈگام کے مجہامہ علاقے کے رہائشی بشیر احمد صوفی نے جعلی طریقوں سے “ہیلتھ ایجوکیٹر” کے طور پر سرکاری ملازمت حاصل کر لی تھی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ صوفی نے اس عہدے کے حصول کے لیے جعلی تبادلہ حکم نامہ اور ایک من گھڑت “آخری تنخواہ سرٹیفکیٹ” پیش کیا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم نے بارہمولہ کے بلاک شیری میں غیر قانونی طور پر ملازمت حاصل کی اور مسلسل تنخواہ بھی لیتا رہا، جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
ای او ڈبلیو کی مزید تحقیقات میں ایسی جعلی تقرریوں میں شاہنواز میر کے کردار کا بھی انکشاف ہوا۔ حکام نے بتایا کہ اس طرح کے کئی دیگر معاملات میں بھی اس کی ملوث ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ ان میں سے کچھ کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ دیگر میں چارج شیٹ داخل کی جا چکی ہے۔
حکام نے بتایاکہ “ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور موجودہ کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔”
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
ایل جی نے کھلاڑیوں سے ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے سفیر بننے کی اپیل کی
سری نگر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ ’’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘‘ کے سفیر بنیں اور نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے اور کھیلوں کو اپنانے کی ترغیب دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کشمیر یونیورسٹی میں آل انڈیا انٹر یونیورسٹی ووشو چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مضبوط اسپورٹس کلچر کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ہر طالب علم کو صحت مند اور فعال طرزِ زندگی اپنانے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آل انڈیا انٹر یونیورسٹی ووشو چیمپئن شپ صرف ایک کھیلوں کا مقابلہ نہیں بلکہ ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ کے جذبے کی جیتا جاگتا مظہر ہے، جو تنوع میں اتحاد، نظم و ضبط، بہترین کارکردگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ“یہ چیمپئن شپ ہمیں اس کھیل کی اصل روح کو زندہ رکھنے کی ذمہ داری بھی دیتی ہے، جو محض مقابلے سے بالاتر ہو کر ہمیں اعلیٰ انسانی اقدار سے جوڑتی ہے۔ کشمیر یونیورسٹی میں ہونے والی یہ چیمپئن شپ نہ صرف مقابلوں کی شاندار کارکردگی بلکہ دوستی کے رشتوں، رکاوٹوں کو توڑنے اور ایک متحد، پُرعزم اور ہمدرد ہندوستانی خاندان کے احساس کو تازہ کرنے کے لیے یاد رکھی جائے۔”
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ووشو کا سخت نظم و ضبط نوجوانوں کی مضبوطی اور استقامت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ ثقافتی تبادلے کا ایک پلیٹ فارم ہے جہاں حریف دوست بن جاتے ہیں اور اساتذہ ملک کے مستقبل کی رہنمائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے موبائل فون سے مختصر ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کریں تاکہ منشیات کے خلاف بیداری پھیلائی جا سکے اور دوسروں کو مثبت طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی جا سکے۔
یواین آئی۔ ظا
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر کے لیے ترقی کا بڑا تحفہ؛ شیوراج سنگھ چوہان نے 3566 کروڑ روپے کے سڑک منصوبوں کی منظوری دے دی
دنیا1 week agoآپ حملہ آور کا پیغام پڑھ رہی ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیے: ٹرمپ
جموں و کشمیر1 week agoلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا زراعت میں فوری اصلاحات اور کسانوں کے تحفظ کا مطالبہ
جموں و کشمیر1 day agoجموں میں ہوٹل کے بیسمنٹ سے مشتبہ حالات میں نوجوان لڑکی کی لاش برآمد
دنیا1 week agoصدر ٹرمپ نے امریکی انتخابات کو دھاندلی زدہ اور دنیا کے لیے مذاق قرار دے دیا
دنیا5 days agoپوتن نے صدر ٹرمپ کو ایرانی جوہری پروگرام پر تجاویز دے دیں
دنیا1 week agoامریکہ سے مذاکرات میں پاکستان اہم ثالث ہے: ایرانی وزیرخارجہ
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز کی دوبارہ بحالی کیلئے ایران کی نئی شرط
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز سے گزرنے کی ایرانی فیس دنیا کے لیے ناقابل برداشت ہوگئی
دنیا3 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا یوم مزدور پر پیغام
دنیا1 week agoعالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ
دنیا4 days agoامریکی وزیر دفاع کی کانگریس میں سخت تقریر، ایران سے جنگ میں اسلحہ کی قلت کا اعتراف









































































































