جموں و کشمیر
وادی بھر میں معراج النبی(ص) کے سلسلے میں روح پروراجتماعات، درگاہ حضرت بل میں سب سے بڑی تقریب

سری نگر، وادی کشمیر میں معراج النبی(ص) کی مقدس اور روح پرور تقریبات نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں۔ سنیچر کو سب سے بڑی اور تاریخی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں صبحِ صادق سے ہی زائرین کے غیرمعمولی ہجوم نے روحانی فضا کو معطر کر دیا۔
ہفتے کی صبح ہی سے جھیل ڈل کے کنارے ، سڑکیں اور قریبی راستے زائرین سے بھرنے لگے۔ بانڈی پورہ، کپوارہ، بارہمولہ، اننت ناگ، شوپیاں، کولگام اور بڈگام سمیت مختلف اضلاع سے ہزاروں مرد، خواتین، بچے اور بزرگ قافلوں کی شکل میں درگاہ پہنچے۔
محکمہ اوقاف، انتظامیہ اور پولیس نے ٹریفک، پارکنگ، سیکورٹی اور صفائی کے غیر معمولی انتظامات کیے تھے، جس کے باعث زائرین کو رواں سال پچھلے برسوں کے مقابلے بہتر اور منظم سہولیات حاصل رہیں۔
ایک 65 سالہ زائرہ بیگم فاطمہ جوبانڈی پورہ سے اپنی فیملی کے ساتھ درگاہ پہنچی تھیں، جذبات سے لبریز آواز میں کہتی ہیں:’ہر سال ہم یہاں آتے ہیں، مگر آج کی زیارت نے دل کو ایک نئی روشنی دی۔ ایسا لگتا ہے جیسے پوری وادی پر اللہ کا خاص رحم نازل ہو رہا ہے۔‘
معراج کی نسبت سے درگاہ حضرتبل میں گزشتہ شب شب بیداری کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔ رات بھر علما کرام نے معراج النبی(ص) کی حکمت، اس سفر کی عظمت اور امتِ مسلمہ کے لیے اس کے پیغام پر روشنی ڈالی۔
مسجد کے مرکزی منبر پر خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا ریاض نے فرمایا:’معراج محض ایک معجزہ نہیں، بلکہ اللہ کے محبوبؐ کی شانِ خاص اور امت کے لیے امید و حوصلے کا عظیم استعارہ ہے۔ یہ رات ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ایمان، اخلاق، عدل اور انسانیت کی سربلندی ہماری اصل ذمہ داری ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وادی کے حالات چاہے جیسے ہوں، ایمان کی روشنی کبھی مدھم نہیں ہوتی اور درگاہ حضرتبل میں جمع یہ عظیم اجتماع اس بات کا بین ثبوت ہے۔
دوپہر تقریباً 2 بجے نمازِ ظہرین کی ادائیگی کے بعد جب موئے مقدس(ص) کی زیارت کرائی گئی تو ہزاروں عقیدتمندوں کے ہونٹوں سے درودِ پاک کی صدائیں بلند ہوئیں۔بہت سے لوگ بے اختیار رونے لگے، کئی دیر تک ہاتھ اُٹھائے دعائیں مانگتے رہے، جبکہ کچھ بزرگ خاموش آنسو بہاتے ہوئے جلالِ مصطفیؐ میں گم ہو گئے۔
زائرین میں موجود ایک نوجوان ارشد احمد، جو بارہمولہ سے صبح تین بجے روانہ ہوا تھا، نے کہا:’معراج کی اس عظیم نسبت کے دن موئے مقدسؐ کا دیدار نصیب ہونا زندگی کی سب سے بڑی سعادت ہے۔ انسان کی ساری تھکن، ساری پریشانیاں جیسے پل بھر میں دور ہو جاتی ہیں۔‘
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف علمائے کرام نے وادی کشمیر کے مسلمانوں کو اتحاد، باہمی بھائی چارے، اخلاقِ محمدی(ص) اور نوجوان نسل کی تربیت پر زور دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
علمائ نے اس موقع پر کہا معراج کا پیغام یہ ہے کہ انسان اپنی روح کو پاک کرے، دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے، اور دنیا میں رہتے ہوئے آخرت کو نہ بھولے۔ کشمیر کے حالات چاہے جیسے ہوں، ہمیں صبر، حکمت اور امن کی راہ کو ہی اپنا کر آگے بڑھنا ہے۔
زیارت کے دوران زائرین نے خصوصی طور پر وادی میں امن، رحمت باراں، نوجوان نسل کی حفاظت، بیماروں کی صحت یابی اور معاشی مشکلات کے خاتمے کی دعائیں مانگیں۔
درگاہ حضرتبل کے اطراف میں آج دن بھر بازاروں میں غیرمعمولی رش دیکھا گیا۔ نان فروش، قہوہ فروش، روایتی کشمیری دستکاریاں، ملبوسات اور کھانے پینے کے اسٹالوں پر لوگوں کا ہجوم رہا۔
جھیل ڈل کی سمت سے آنے والی شیکاراؤں پر بھی زائرین کا مسلسل سلسلہ دیکھا گیا جو منظر کو مزید روحانی اور حسین بنا رہا تھا۔
یو این آئی، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
آئی جی پی کشمیر نے امرناتھ یاترا کے لیے سکیورٹی اور رابطہ کاری کے منصوبے کا جائزہ لیا
سری نگر، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردی نے جمعہ کے روز آئندہ امرناتھ یاترا کے لیے سکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ مختلف اداروں کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنایا جائے، اہلکاروں کو باقاعدگی سے بریفنگ دی جائے، معیاری عملی طریقہ کار (ایس او پی) پر سختی سے عمل کیا جائے اور یاتریوں کے ساتھ دوستانہ اور معاون رویہ اپنایا جائے تاکہ سالانہ یاترا پرامن اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہو سکے۔
امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہوگی اور 28 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
پولیس کے ترجمان کے مطابق، شری امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کے سلسلے میں آئی جی پی کشمیر نے زونل اور سیکٹر افسران کو یاترا کے راستوں پر رابطہ کاری، سکیورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے بریفنگ دی۔ اس اجلاس میں پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران آئی جی پی کشمیر نے اس بات پر زور دیا کہ یاترا کے محفوظ، کامیاب اور ہموار انعقاد کے لیے پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی اور عوامی خدمت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام سکیورٹی اور انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں اور قائم شدہ سکیورٹی نظام پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
وی کے بردی نے زونل افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ماتحت سیکٹر افسران اور جوانوں کو باقاعدگی سے بریفنگ دیں تاکہ تمام اہلکار اپنی ذمہ داریوں، فرائض اور موجودہ سکیورٹی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ رہیں۔
انہوں نے تعیناتی کے تمام مراحل میں مسلسل نگرانی اور مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں، افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں کام کرنے والے دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ معلومات کے تبادلے، مشترکہ ردعمل اور ہم آہنگ آپریشنل اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوامی خدمت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آئی جی پی کشمیر نے تمام افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاتریوں کی حفاظت، سہولت اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران عوام دوست رویہ برقرار رکھا جائے۔
آئی جی پی کشمیر نے سخت نظم و ضبط، پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور مقررہ ایس او پیز پر مکمل عمل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے تمام اہلکاروں سے کہا کہ وہ ہر وقت چوکس رہیں، آپریشنل تیاری کی اعلیٰ سطح برقرار رکھیں اور اپنے مثالی طرزِ عمل کے ذریعے فورس کی ساکھ کو مضبوط بنائیں۔
اجلاس کے اختتام پر رابطہ کاری کے طریقہ کار اور ہنگامی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ شری امرناتھ جی یاترا 2026 کو پرامن اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پاک بنایا جا سکے۔
یواین آئی۔ ط ا
جموں و کشمیر
کشتواڑ میں دہشت گردوں کے معاون نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک سرکاری ملازم سمیت دو اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی کشتواڑ نریش سنگھ نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف بی این ایس، یو اے پی اے اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کشتواڑ پولیس تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
ایس ایس پی نریش سنگھ نے بتایا کہ تفصیلی تحقیقات کے بعد پولیس نے محکمہ جنگلات کے ملازم طارق احمد اور محمد اقبال کو گرفتار کر لیا۔ دونوں پر الزام ہے کہ وہ داچن علاقے میں سرگرم دہشت گردوں کو مدد اور سہولت فراہم کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل چھاترو علاقے کے منیر احمد اور مشکور احمد کو بھی اسی نوعیت کے الزامات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس دہشت گردی اور اس کے معاون نیٹ ورک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پولیس خطے میں امن، قانون کی بالادستی اور عوامی سلامتی برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
یواین آئی۔ م س
جموں و کشمیر
کپواڑہ میں ایل او سی پار کرنے والے پاکستانی شہری کو پاکستان واپس بھیجا گیا: فوج
سری نگر، شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے کے بعد پکڑے گئے ایک پاکستانی شہری کو پاکستان واپس بھیج دیا گیا ہے۔
فوج نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ سری نگر میں واقع چنار کور کے مطابق، خیبر پختونخوا کے رہائشی اسد خان کے طور پر شناخت کیے گئے شخص کو 18 جون کو پاکستان کے حوالے کر دیا گیا۔ خان کو 12 جون کو مشکوک حالات میں لائن آف کنٹرول پار کرنے کے بعد کپواڑہ کے سمری گاؤں کے قریب سے پکڑا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ سول، پولیس اور فوجی افسران کی موجودگی میں ٹیٹوال برج پر خان کو پاکستان کے حوالے کیا گیا۔ اس سے قبل فوج نے کہا تھا کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر فوجیوں نے جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ آپریشن میں ممکنہ سکیورٹی خطرے کے پیش نظر پاکستانی شہری کو روکا اور گرفتار کر لیا۔ حراست میں لیے جانے کے بعد سکیورٹی ایجنسیوں نے اس سے پوچھ گچھ کی۔
یو این آئی، ایم جے
جموں و کشمیر6 days agoاین سی ایل ٹی نے سراج العلوم کے لیے عبوری لیکویڈیٹر مقرر کر دیا، اثاثے منجمد
ہندوستان6 days agoفضائیہ کا مال بردار طیارہ حادثے کا شکار، پانچ اہلکار شہید
دنیا1 week agoامریکہ آج رات ایران پر بڑا حملہ کرے گا: امریکی وزیر جنگ
دنیا1 week agoامریکہ کے ساتھ پائیدار معاہدہ دھمکیوں، دباؤ یا طاقت کے استعمال سے ممکن نہیں: ایرانی سفیر
دنیا6 days agoامریکہ نے ایران کے جوہری مواد پر قبضے کیلئے زمینی کارروائی کا منصوبہ بنالیا تھا تاہم ٹرمپ پیچھے ہٹ گئے: امریکی میڈیا
جموں و کشمیر6 days agoشمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب پی او جے کے کا 19 سالہ نوجوان گرفتار
دنیا4 days agoتاریخی ڈیل مکمل، امریکہ اور ایران نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کردی
دنیا1 week agoایران معاہدے سے متعلق ٹرمپ کے مؤقف پر نیتن یاہو کا ردِعمل سامنے آگیا
دنیا6 days agoامریکہ ایران معاہدے پر کل دستخط نہیں ہوں گے: ایرانی وزارت خارجہ
دنیا4 days agoعین وقت پر امریکہ ایران امن معاہدے میں تاخیر اسرائیلی حملے کے سبب
دنیا4 days ago‘ٹرمپ کامعاہدہ ہمیں پابند نہیں کرتا’، اسرائیلی وزیر ایران امریکہ معاہدے پر سیخ پا
ہندوستان1 day ago‘اسلام آباد ایم او یو’ پر جے رام رمیش کا مرکز پر حملہ، کہا- مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو بڑا جھٹکا
































































































