جموں و کشمیر
تین کروڑ روپیے کے جعلی کشمیر بلیو سیفائر کیس میں چارج شیٹ داخل:جموں پولیس

جموں، جموں پولیس نے جعلی کشمیر بلیو سیفائر فروخت کرنے کے نام پر تین کروڑ روپیے کی دھوکہ دہی اور فراڈ کے ایک ہائی پروفائل کیس میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں جموں وکشمیر پولیس کے ایک سب انسپکٹر سمیت 6 ملزمان شامل ہیں جن پر حیدر آباد کے ایک تاجر سے جعلی کشمیر بلیو سیفائر فروخت کرنے کے بہانے تین کروڑ روپیے کی خطیر رقم ہتھیانے کا الزام ہے۔
ملزموں میں محمد ریاض ولد رحیم علی ساکن گردن بالا راجوری حال چنور جموں، محمد تاج خان ولد حاجی جمہ خان ساکن سرنکوٹ پونچھ حال ترکوٹہ نگر جموں، شوکت حسین ولد رحیم علی ساکن گردن بالا راجوری، محمد شفیع ولد عبداللہ ساکن بھدرواہ ڈوڈہ حال بٹھنڈی جموں، کلویندر سنگھ ولد بچھن سنگھ ساکن وجے پور سانبہ حال ماڈل ٹاوئن گنگیال جموں اور ایس آئی محمد مقبول ولد غلام نبی ساکن سری نگر حال اپر ٹھاٹھر بنہ تالاب جموں شامل ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ قبل ازیں جموں پولیس نے اس کیس میں شکایت کنندہ میر فراست علی خان کو 62 لاکھ روپیے بر آمد کرکے واپس دلائے تھے جو اس دھوکہ دہی کا شکار ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں ایک بڑے پیمانے کی مجرمانہ سازش کا انکشاف ہوا جس میں ملزم محمد تاج خان خود کو جموں کا راجہ ظاہر کر رہا تھا جبکہ دیگر ملزمان اس کے ایجنٹ بن کر راجہ جموں کے خزانے سے نایاب کشمیر بلیو سیفائر فروخت کرنے کا دعویٰ کر رہے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے گھر کی تلاشی کے دوران ملزمان محمد تاج خان، محمد شفیع اور محمد مقبول کے قبضے سے متعدد جعلی قیمتی پتھر اور دیگر جعلی اشیا ضبط کیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ ایف آئی آر 15 دسمبر 2024 کو پولیس اسٹیشن باہو فورٹ میں درج کی گئی تھی اور تحقیقات ایس ڈی پی او سٹی ویسٹ جموں کے سپرد کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ نے اس کیس کو بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام تک پہنچانے پر جموں پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران پولیس نے اس جرم کی رقم سے حاصل کی گئی جائیداد کی نشاندہی اور ثبوت بھی پیش کئے ہیں اور ملزمان کی جانب سے دھوکہ دہی کی رقم سے خریدی گئی جائیداد کی ضبطی کے لئے بی این ایس ایس کی دفعہ 107 کے تحت معزز ریلوے کورٹ جموں میں درخواست دائر کی گئی ہے جو انصاف کے نظام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یو این آئی ایم افضل
جموں و کشمیر
منوج سنہا نے نوآبادیاتی ذہنیت کے خاتمے پر زور دیا، مصنفین سے ہندوستان کی عالمی کہانی دوبارہ پیش کرنے کی اپیل
سری نگر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے ہفتہ کے روز کہا کہ ’’نوآبادیاتی ذہنیت‘‘ کے باقی ماندہ اثرات کو مکمل طور پر ختم کیا جانا چاہیے اور ہندوستان کی تاریخ اور موجودہ حالات کو عالمی سطح پر مسخ شدہ انداز میں پیش کیے جانے کا مؤثر جواب دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنفین اور دانشوروں کا اہم کردار ہے کہ وہ ان کے بقول غلط بیانیوں کی اصلاح کریں اور دنیا کے سامنے ہندوستان کا نقطۂ نظر پیش کریں۔
وہ سری نگر میں کشمیر لٹریچر فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مصنفین پر زور دیا کہ وہ افسانہ، غیر افسانوی ادب اور دیگر تخلیقی ذرائع کے ذریعے مثبت بیانیہ تشکیل دیں اور لوگوں کو متاثر کریں، کیونکہ ’’مصنف کی تخلیق صرف الفاظ میں نہیں بلکہ لوگوں کی دھڑکنوں میں زندہ رہتی ہے۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’ہمیں نوآبادیاتی ذہنیت کے ہر نشان کو مٹانا ہوگا اور یہ یقینی بنانا ہوگا کہ بیرونِ ملک لوگ ہماری تاریخ اور حال کو اپنی پسند کے بیانیے کے لیے مسخ نہ کریں۔‘‘ ان کے مطابق، ایسی غلطیوں کی اصلاح کرنا اور حقیقت کو عالمی قارئین تک پہنچانا مصنفین کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’ہمیں دنیا کو بار بار یاد دلانا ہوگا کہ تقریباً 6,000 سال قبل جب ویدوں کی تدوین ہوئی، اس وقت ہندوستان دنیا کی معیشت، تعلیم، ثقافت اور فلسفے کا مرکز تھا۔ صدیوں تک ہندوستان عالمی تہذیب اور ثقافت کا محرک رہا اور اس نے سائنس، ریاضی، فلکیات اور طب کے میدان میں دنیا کی سماجی و معاشی ترقی کی بنیاد رکھی۔‘‘
منوج سنہا نے کہا کہ تاریخ کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے اور معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کی فوری ضرورت ہے تاکہ بھارت کا بیانیہ درست انداز میں تشکیل پا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ویدی دور سے ہمارے آبا و اجداد حقائق کو درستگی کے ساتھ محفوظ اور منتقل کرتے رہے، لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر جدید دور میں بھارت اپنی تاریخ خود لکھنے کی روایت سے دور ہو گیا۔
انہوں نے کہاکہ ’’ہم اپنی قیمتی روایات، ثقافت، علم اور سائنسی ورثے کو دنیا تک پہنچانے میں ناکام رہے، اسی لیے بعض لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ کچھ چیزیں باہر سے آئیں یا حملہ آوروں نے متعارف کرائیں، جبکہ یہ دعوے بے بنیاد ہیں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے الزام لگایا کہ بعض غیر ملکی مؤرخین نے جان بوجھ کر بھارت کی قدیم سائنسی دریافتوں، ادبی، فنی اور تعمیراتی کامیابیوں کو نظر انداز کیا۔
انہوں نے کہاکہ ’’جب ہندوستان سائنسی ترقی کی بلندی پر تھا، بہت سے ممالک میں سائنس کا ذکر تک نہیں ملتا۔ فارس اور دیگر خطوں میں سائنس، ریاضی اور فلکیات کے ابتدائی حوالہ جات آٹھویں صدی میں سامنے آئے اور وہ بھی بڑی حد تک ہندوستان کے اثرات کے مرہونِ منت تھے۔ یورپ کی پہلی نشاۃ ثانیہ نے 12ویں صدی میں ہندوستان کے علم، سائنس، ثقافت اور فن کے خزانے سے استفادہ کیا۔‘‘
یواین آئی۔ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر حج کمیٹی کے سامان سے متعلق فیصلے سے واپس آرہے حاجیوں میں نظر آئی ناراضگی
سری نگر جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ذریعے حاجیوں کے سامان کے ایک بڑے حصے کو احمد آباد سے سری نگر تک سڑک کے راستے سے لے جانے کے فیصلے پر حاجیوں، ان کے خاندانوں اور سیاسی لیڈروں نے بڑے پیمانے پر تنقید کی ہے۔
نوٹیم سے متعلق پابندیوں اور طیارے میں سامان لے جانے کی حد طے ہونے کی وجہ سے کیے گئے اس فیصلے سے حج سے واپس آرہے بزرگ حاجیوں میں پریشانی کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کئی لوگوں کو سعودی عرب میں قیام کے دوران خریدی گئی مذہبی اشیاء، تحائف اور جلد خراب ہونے والی چیزوں سمیت ذاتی سامان میں تاخیر، نقصان یا خرابی کا ڈر ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے فوری طور پر سرکاری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
سری نگر کے لیے حج پروازوں کی آمد دو جون سے شروع ہونے والی ہے، پہلی پرواز کے دوپہر 12:45 بجے سری نگر انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر اترنے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ پروازوں کے اوقات تین اور چار جون کو مقرر ہیں۔ اس سال جموں و کشمیر سے 7,000 سے زیادہ زائرین نے سفر حج کیا۔
جموں و کشمیر حج کمیٹی نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ حاجیوں کی امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس سری نگر کے آگے کے سفر سے پہلے احمد آباد میں ہی مکمل کر لی جائے گی۔
سامان کے ترمیم شدہ انتظام کے تحت، حاجیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صرف سات کلو گرام تک کا ایک ہینڈ بیگیج لے جائیں، جبکہ سری نگر جانے والی پروازوں میں صرف پانچ کلو گرام کا چیک ان بیگیج ہی لے جانے کی اجازت ہوگی۔ نوٹیم سے متعلق پابندیوں اور طیارے کے وزن کی حدود کی وجہ سے باقی سامان، فی زائر 30 کلو گرام تک، سڑک کے راستے سے الگ سے لے جایا جائے گا۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ کسی بھی چیک ان بیگیج کا وزن 22 کلو گرام سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ حاجی سڑک کے راستے سے لائے گئے اپنے سامان کو حج ہاؤس سری نگر پہنچنے پر وہاں سے حاصل کر سکیں گے۔
اس فیصلے سے حاجیوں اور ان کے خاندانوں میں غم و غصہ نظر آ رہا ہے۔ کئی زائرین کو اندیشہ ہے کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران خریدی گئی مذہبی اشیاء، تحائف اور دیگر اشیاء سمیت ان کے سامان میں تاخیرسے خرابی یا نقصان کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
سیاسی جماعتوں نے بھی اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ یہ تشویشناک ہے کہ ایک مقدس سفر سے لوٹ رہے زائرین کو غیر ضروری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک بیان میں مسٹر بخاری نے کہا کہ “یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ جموں و کشمیر کے حاجی، جو اپنی مقدس زیارت مکمل کرنے کے بعد گھر آنے کی تیاری کر رہے ہیں، متعلقہ حج حکام اور ایئر لائن حکام کے غیر حساس اور غیر تعاون پر مبنی رویے کی وجہ سے غیر ضروری پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔”
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر کے رام بن میں ٹرک کھائی میں گرا، ڈرائیور اور ہیلپر کی موت
جموں جموں و کشمیر کے رام بن ضلع کے رامسو علاقے میں ایک ٹرک کے گہری کھائی میں گر جانے سے ڈرائیور اور اس کے ہیلپر کی موت ہو گئی۔
پولیس کے مطابق، جموں سے سرینگر جا رہا چونا پتھر سے لدا ٹرک رامسو علاقے کے گنگرو کے پاس ڈرائیور سے مبینہ طور پر گاڑی سے کنٹرول کھو دینے کے سبب گہری کھائی میں گر گیا۔ ٹرک کے کھائی میں گرنے سے اس میں آگ لگ گئی۔
پولیس کی ایک ٹیم نے مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکاروں اور مقامی باشندوں کی مدد سے فوراً بچاؤ مہم شروع کی اور گاڑی کے کیبن میں پھنسے ڈرائیور اور ہیلپر کی لاشیں باہر نکالیں۔ ٹرک میں آگ لگنے سے لاشیں جزوی طور پر جھلسی ہوئی پائی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت کو یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر6 days agoجنوبی کشمیر میں سراج العلوم مدرسے پر این آئی اے کے چھاپے
ہندوستان6 days agoسپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی ہے جس میں ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ کی سرگرمیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا
دنیا1 week agoٹرمپ نے ایران کے ساتھ چل رہی امن بات چیت کو اور وقت دینے کا فیصلہ کیا
ہندوستان1 week agoپیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر اضافہ
دنیا1 week agoپاکستان کی ثالثی میں جاری مذاکراتی عمل میں ایٹمی پروگرام پر بات نہیں ہوگی: ایران
ہندوستان6 days agoپٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر کانگریس نے حکومت پر بولاحملہ ، “مہنگائی مین” کا دیا تمغہ
جموں و کشمیر5 days agoگلمرگ کی مشہور گونڈولا کیبل کار سروس ایک ہفتے کے لیے بند
دنیا2 days agoمعاہدے پر ابھی تک حتمی اتفاق نہیں ہوا: وینس
دنیا1 week agoچین میں کوئلے کی کان میں دھماکہ، 90 افراد ہلاک
دنیا23 hours agoایران کا دو ممالک کو آبنائے ہرمز پر خصوصی سہولت دینے کا اعلان
دنیا1 week agoجنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے جنوبی لبنان میں حملے، مزید 10 افراد شہید
دنیا6 days agoمکمل طور پر اسرائیلی انخلاء ایک قومی ترجیح ہے:لبنانی صدر































































































