کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف وباراں کا امکان

سری نگر، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں پیر کی شام سے ہلکے درجے کے برف و باراں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 26 فروری کی شام سے 27 فروری کی دوپہر تک پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں بعد ازاں 28 اور 29 فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد وادی میں موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ یکم سے 3 مارچ تک وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارشیں جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری ہوسکتی ہے اور تیز ہوائوں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔

ادھر وادکے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گرٰڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے تاہم درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں