لوک سبھا الیکشن: جموں – ریاسی لوک سبھا سیٹ کے لئے پولنگ جاری، ایک بجے تک 67.22 فیصد پولنگ ریکارڈ

جموں، جموں وکشمیر کی جموں – ریاسی لوک سبھا نشست کے لئے پولنگ جاری ہے اور تمام پولنگ مراکز پر لوگوں کو لمبی لمبی قطاروں میں دیکھا جا رہا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس نشست پر شام پانچ بجے تک مجموعی پر 67.22 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔

قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ اس نشست کے بیشتر پولنگ مراکز پر مقررہ وقت سے قبل ہی لوگوں کو قطاروں میں کھڑا دیکھا گیا اور صبح کے 7 بجنے کے ساتھ ہی پولنگ کا عمل با قاعدہ شروع ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ مراکز پر ووٹروں کی لمبی قطاروں میں خواتین اور پہلی بار ووٹ کا استعمال کرنے والوں کی بھی اچھی تعداد موجود ہے۔

کالا کوٹ اسمبلی حلقے کے ایک پولنگ مرکز پر ایک بزرگ ووٹر نے میڈیا کو بتایا: ‘میں نے ووٹ ڈالنے کے لئے پیدل سفر کیا اور یہاں پہنچا، پورے دنیا میں ہماری جمہوریت کی شان ہے’۔

انہوں نے کہا: ‘ہم صبح سویرے ہی یہاں پہنچے، مجھے فخر ہے کہ مجھے اس عمر میں بھی ووٹ ڈالنے کا موقع نصیب ہوا یہاں لوگوں میں کافی جوش و خروش ہے’۔

بتادیں کہ حکام نے ہموار پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے اس حلقے کے لئے 2416 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

18اسمبلی نشستوں پر مشتمل اس سیٹ کے لئے 17 لاکھ81 ہزار545 راے دہندگان کو راے دہی کا حق ہے جن میں سے 8 لاکھ 60 ہزار 55 خواتین ووٹر شامل ہیں۔

اس سیٹ کے لئے کل 22 امید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں سے بی جے پی کے جگل کشور اور کانگریس کے رمن بھلا نمایاں ہیں۔

دریں اثنا جموں – ریاسی لوک سبھا سیٹ کے لئے پُر امن اور ہموار انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں میں سے اودھم پور سیٹ کے 19 اپریل کو الیکشن منعقد ہوئے۔

یو این آئی -ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں