ہندوستان
نتن نبین آج بی جے پی کے سب سے کم عمر صدر کے طور پر عہدہ سنبھالیں گے

نئی دہلی، بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پیر کو پورے دن جاری رہنے والے نامزدگی کے عمل کے بعد پارٹی کے سینئر رہنما نتن نبین(45) منگل کو باضابطہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے نئے قومی صدر کا عہدہ سنبھالنے جا رہے ہیں وہ جگت پرکاش نڈا کے جانشین ہوں گے,وزیر اعظم نریندر مودی تقریب میں صبح 11:30 بجے شرکت کریں گے۔ وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور دیگر بی جے پی رہنما بھی موجود ہوں گے۔
نبین پانچ مرتبہ کے ایم ایل اے ہیں اور واحد امیدوار کے طور پر سامنے آئے، جس سے وہ پارٹی کی تاریخ میں سب سے کم عمر صدر بن گئے۔
ڈپٹی کمشنر کے۔ لکشمن، جو انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر تھے، نے اعلان کیا کہ نبین کے حق میں 37 سیٹوں پر نامزدگی کے کاغذات درست پائے گئے، جن میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزراء امت شاہ، راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری، دھرمیندر پردھان، کرن رجیجو، ہردیپ پوری اور سبکدوش صدر جے پی نڈا کی حمایت شامل تھی۔
یوپی، گجرات، گوا، اروناچل پردیش اور دہلی سمیت کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدور نے بھی ان کے حق میں نامزدگیاں جمع کرائیں۔
یہ انتخاب ایک وسیع داخلی عمل کے بعد ہوا جو نچلی سطح سے شروع ہو کر قومی سطح تک پہنچا۔ قومی صدر کا انتخاب اس وقت کیا گیا جب 36 میں سے 30 ریاستی بی جے پی یونٹوں نے اپنے صدور منتخب کر لیے، جس سے پارٹی کے الیکٹورل کالج کی شرط پوری ہوئی۔
نتن نبین کو 14 دسمبر 2025 کو قومی ورکنگ صدر مقرر کیا گیا تھا، جو اعلیٰ قیادت کے فیصلے کی نشاندہی کرتا تھا۔
نبین کی ترقی کو نسلی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ پارٹی اس سال اور اگلے سال کے اہم ریاستی انتخابات، بشمول بنگال، تمل ناڈو، آسام اور اترپردیش اور 2029 کے عام انتخابات سے قبل تنظیمی طاقت پر زور دے رہی ہے۔ پارٹی ذرائع نے نوٹ کیا کہ ان کی تقرری کانگریس کے برعکس ہے، جس کی قیادت 84 سالہ ملکارجن کھرگے کر رہے ہیں۔
بہار سے تعلق رکھنے والے نبین سیاسی پس منظر رکھتے ہیں، ان کے والد نبین کشور پرساد سنہا کئی بار بی جے پی کے ایم ایل اے رہے۔
نبین نے 2006 میں اپنے والد کے انتقال کے بعد ضمنی انتخاب لڑ کر سیاست میں قدم رکھا اور تب سے ناقابل شکست رہے، پہلے پٹنہ ویسٹ اور پھر بانکی پور کی نمائندگی کی۔ انہوں نے بہار میں وزارتی عہدے بھی سنبھالے، جن میں سڑکوں کے وزیر (2021-22) اور شہری ترقی، ہاؤسنگ، اور قانون و انصاف کی وزارت (2024-25) شامل ہیں۔
اس سے قبل وہ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ میں ریاستی اور قومی سطح پر اہم عہدوں پر فائز رہے اور چھتیس گڑھ اور سکم جیسے ریاستوں میں پارٹی کی موجودگی کو مضبوط کرنے کا سہرا انہی کو دیا جاتا ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
ہندوستان
سندھ طاس معاہدہ: پاکستان کو ہندوستان کا کرارا جواب، دہشت گردی کی حمایت بند کرنی ہوگی
نئی دہلی، ہندوستان نے سندھ طاس معاہدے کے تعلق سے پاکستان کی حالیہ بیان بازی پر اسے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں ہندوستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور پاکستان کو دہشت گردی کی حمایت بند کرنی ہوگی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو باقاعدہ میڈیا بریفنگ میں اس بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہندوستان کی طرف سے یہ معاہدہ معطل ہے اور پاکستان کو دہشت گردی کی حمایت پر روک لگانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر ہندوستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ یہ معاہدہ تب تک معطل رہے گا جب تک کہ پاکستان معتبر اور مکمل طور پر سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کرنا بند نہیں کر دیتا۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں پاکستان میں سندھ طاس معاہدے پر منعقدہ سیمینار میں پاکستان کے کئی اہم رہنماؤں نے کہا تھا کہ اگر پاکستان کا پانی روکا جاتا ہے تو وہ اس کے لیے جنگ سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاکستان نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ہندوستان ندیوں کے پانی پر کنٹرول کر رہا ہے۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے سخت فیصلہ کرتے ہوئے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا تھا۔
یو این آئی ایف اے
ہندوستان
سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر سال بھر پروگرام منعقد کریں گے ہندوستان اور جاپان
نئی دہلی، ہندوستان اور جاپان اگلے سال سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر ‘انڈیا-جاپان ایئر آف شیئرڈ ہورائزنز’ منائیں گے۔
وزارت خارجہ نے جمعرات کو بتایا کہ دونوں ممالک نے اسٹریٹجک، ثقافتی، اقتصادی، سائنسی اور عوامی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے سال بھر مختلف پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان پروگراموں میں انڈیا-جاپان ویک (28 اپریل 2027 سے)، نوجوانوں پر مبنی ثقافتی تبادلہ، منگا-اینیمی-گیمنگ شراکت داری، پالیسی مذاکرات (شیئرڈ فیوچر-75)، آرٹ اینڈ کلچر پروگرام، بدھ مت یاترا پہل، کھیلوں میں تعاون، تجارت اور علاقائی شراکت داری نیز لوپیکس قمری مشن سمیت سائنس اور ٹیکنالوجی کے تعاون کو فروغ دینے والے اقدامات شامل ہیں۔
دونوں ممالک نے کہا ہے کہ یہ تقریبات دونوں ممالک میں بڑے پیمانے پر ہوں گی اور ان میں نوجوانوں کی سرگرم شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
یو این آئی۔ این یو۔
ہندوستان
جاپان کی ‘موگامی’ پیشکش: اسٹریٹجک موقع یا مقامی بحری منصوبوں سے توجہ ہٹانے کی کوششَ
نئی دہلی، جاپان نے ایشیا میں اپنے اہم ترین اسٹریٹجک شراکت دار ہندوستان کو جدید ‘موگامی کلاس’ اسٹیلتھ فریگیٹ کی ٹیکنالوجی منتقل کرنے کی پیشکش کی ہے اس پیشکش کے تحت جنگی جہاز کے ڈیزائن اور پروڈکشن کے مکمل حقوق بھی ہندوستان کو دیے جائیں گے یہ تجویز، جس پر دونوں ممالک کے حکام گزشتہ کچھ عرصے سے غور و خوض کر رہے ہیں، ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جاپانی وزیر اعظم تاکائیچی نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دفاعی اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
تاہم، ہندوستانی دفاعی منصوبہ سازوں کے لیے مسئلہ یہ ہے کہ یہ تجویز ہندوستان کے نیول ماڈرنائزیشن کے ایک نازک موڑ پر آئی ہے۔ ہندوستانی بحریہ پہلے ہی ‘پروجیکٹ 17اے’ کے ذریعے مقامی جنگی جہازوں کے ڈیزائن میں خطیر سرمایہ کاری کر چکی ہے، جس کے تحت کئی ‘نیلگیری کلاس’ اسٹینتھ فریگیٹس زیر تعمیر ہیں۔ بحری انٹیلی جنس کے سابق ڈائرکٹر کموڈور رنجیت رائے (ریٹائرڈ) نے یو این آئی کو بتایا کہ ہندوستان مستقل طور پر اپنے مقامی پروجیکٹ 17اے فریگیٹس کی صلاحیتوں کو بڑھا رہا ہے اور اسے بیرون ملک سے جنگی جہاز درآمد کرنے کی بہت کم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ان کی صلاحیتیں کچھ بھی ہوں، اس مرحلے پر فریگیٹس درآمد کرنا ہمارے پروڈکشن پلانز کو متاثر کرے گا اور ملک کی مقامی جہاز سازی کی صلاحیتوں کو نقصان پہنچائے گا۔”
تاہم، سفارتی اور تزویراتی نقطۂ نظر سے جاپان کی یہ پیشکش اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ٹوکیو اب اپنے جدید بحری جنگی پلیٹ فارم برآمد کرنے کے لیے تیار ہے اور ہندوستان کو طویل مدتی تزویراتی مینوفیکچرنگ شراکت دار کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ اگر اسے قبول کر لیا جاتا ہے تو ہندوستان کے جہاز ساز ادارے جیسے کولکاتہ میں قائم ‘گارڈن ریچ شپ بلڈرز اینڈ انجینئرز’ یا ممبئی کا ‘مزاگاؤں ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ’ مقامی طور پر جاپانی ڈیزائن کردہ فریگیٹس تیار کر سکتے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق، اس معاہدے میں بڑے پیمانے پر ٹیکنالوجی کی منتقلی، ڈیزائن کی ملکیت اور ہندوستان کے ‘برہموس’ سپرسونک کروز میزائل جیسے ہتھیاروں کا سسٹم شامل کرنا ممکن ہو سکے گا۔
انسٹی ٹیوٹ آف ڈیفنس اسٹڈیز کے سابق سینئر فیلو راجارام پانڈا کے مطابق “جاپان کی یہ پیشکش اس لیے غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے کہ یہ ٹوکیو کی دفاعی برآمدی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد کئی دہائیوں تک جاپان نے فوجی سازوسامان کی برآمد پر تقریباً مکمل پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔”
اسٹرے ٹیجک اعتبار سے یہ پیشکش ہند۔ بحرالکاہل خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے بحری اثر و رسوخ کے تناظر میں نئی دہلی اور ٹوکیو کے امن و استحکام برقرار رکھنے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ دونوں ممالک علاقائی سلامتی میں بحری تعاون کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں، جب کہ جدید ‘اسٹیلتھ فریگیٹس’ کی مشترکہ تیاری سے نہ صرف دفاعی تعاون کو نئی جہت ملے گی بلکہ دفاعی صنعت میں باہمی انضمام بھی مضبوط ہوگا، جو مشترکہ فوجی مشقوں اور سفارتی ہم آہنگی سے کہیں آگے کی پیش رفت ہوگی۔
تاہم، دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں ہی جدید اسٹینتھ فریگیٹس ہیں، لیکن موگامی اور نیلگیری کلاسیز کو مختلف آپریشنل حکمت عملیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
پروجیکٹ 17اے کے تحت تیار کردہ ہندوستانی نیلگیری کلاس اسٹینتھ فریگیٹ، جیسے کہ ‘آئی این ایس تاراگیری’ جسے دو ماہ قبل بحریہ میں شامل کیا گیا تھا، بنیادی طور پر بھاری بھرکم ہتھیاروں سے لیس ایک کثیر المقاصد جنگی جہاز ہے، جسے بحری تجزیہ کار “پاکٹ ڈسٹرائر” کہتے ہیں۔
تقریباً 6,670 ٹن وزنی یہ اسٹیلتھ جنگی جہاز 32 باراک-8 فضائی دفاعی میزائلوں اور آٹھ برہموس سپرسونک کروز میزائلوں سے لیس ہے۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید ایم ایف-اسٹار راڈار اور اینٹی سب میرین وارفیئر نظام سے آراستہ یہ مقامی جنگی جہاز طویل المدت اور شدید بحری جنگی کارروائیوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس کے برعکس جاپانی موگامی کلاس فریگیٹ وزن میں کم (تقریباً 5,500 ٹن) اور زیادہ آٹومیٹڈ ہے، جس کے لیے نیلگیری کلاس کے 226 عملے کے مقابلے میں صرف 90 اہلکاروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ” جاپان یا دیگر مغربی ممالک کے برعکس ہماری بحریہ میں تربیت یافتہ افرادی قوت کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، اس لیے صرف آٹومیشن ہمارے لیے بہت بڑا پلس پوائنٹ نہیں ہے، حالاں کہ ہمیں اس کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ جہاں جاپانی جہاز ہمارے مقابلے میں آگے ہیں، وہ یہ ہے کہ ان کے موگامی کلاس فریگیٹس کا راڈار سگنیچر (راڈار کی نظروں سے بچنے کی صلاحیت) ہمارے جہاز سے زیادہ بہتر ہے، لیکن اسے مستقبل کے ماڈلز میں ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔” ہندوستان نے ہمیشہ ایسے بھاری ہتھیاروں سے لیس جہازوں کو ترجیح دی ہے، جو دشمن کے پانیوں میں آزادانہ طور پر کام کر سکیں، جبکہ “جاپان نے ایسے انتہائی خودکار اور لچکدار پلیٹ فارمز پر توجہ مرکوز کی ہے جو افرادی قوت کی ضرورت کو کم کرتے ہوئے کارکردگی کو بڑھاتے ہیں”۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاپان کی یہ پیشکش ہندوستان کے مقامی بحری جہاز سازی پروگرام کے حوالے سے بھی اہم سوالات پیدا کرتی ہے۔ ان کے مطابق، “پروجیکٹ 17اے جدید جنگی جہازوں کے ڈیزائن اور تیاری میں ملک کی کئی دہائیوں کی مہارت کا مظہر ہے۔” انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب غیر ملکی ڈیزائن پر انحصار کرنے کے بجائے مقامی سطح پر جدید جنگی جہاز تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے، جن میں ملکی اور بین الاقوامی ٹیکنالوجیز کا امتزاج موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی نئی غیر ملکی فریگیٹ کلاس کو شامل کرنے سے نہ صرف الگ لاجسٹک اور دیکھ بھال کا نظام قائم کرنا پڑے گا بلکہ عملے کی تربیت اور سپلائی چین کا نیا ڈھانچہ بھی تشکیل دینا ہوگا۔ اگرچہ ان جنگی جہازوں کی تیاری ہندوستان میں ہوگی، تاہم، جاپانی ساختہ پرزوں اور مخصوص ٹیکنالوجی پر طویل المدت انحصار برقرار رہے گا۔ حکام کے مطابق ہندوستانی شپ یارڈز اس وقت ڈسٹرائرز، فریگیٹس، آبدوزوں اور طیارہ بردار جہازوں سمیت کئی اہم منصوبوں پر بیک وقت کام کر رہے ہیں، اس لیے غیر ملکی ڈیزائن کے لیے پیداواری صلاحیت مختص کرنے سے مقامی بحری پروگراموں کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ ہے، الا یہ کہ اس عمل کی انتہائی محتاط منصوبہ بندی کی جائے۔
یو این آئی۔ م ع
ہندوستان4 days agoکھرگے نے راجیہ سبھا رکن کے طور پر پھر سے حلف لیا
دنیا1 week agoہوسکتا ہے کہ میں جلد ہی ایسی خبر دوں کہ ترکیہ خوش ہو جائے:ٹرمپ
دنیا1 week agoایران مذاکرات میں غیر معمولی رعایتیں دینے پر مجبور ہوگیا ہے: ٹرمپ کا دعویٰ
جموں و کشمیر1 week ago“لیفٹیننٹ گورنر کی پارلیمانی کمیٹی سے اہم ملاقات؛ لداخ کے ترقیاتی اور ماحولیاتی چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ
دنیا4 days agoمجتبیٰ خامنہ ای کا امریکہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی قانونی کارروائی کا حکم
ہندوستان6 days agoآپریشن سندور میں وزیرِ دفاع کے بیان کے تناظر میں کہی جا رہی باتیں گمراہ کن اور غلط: وزارتِ دفاع
دنیا3 days agoٹرمپ کے دباؤ سے لبنان میں اسرائیلی فوجی حکمت عملی تبدیل ہوئی: یسرائیل کاٹز
دنیا1 week agoامن کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششیں تہذیبی و ثقافتی روایات کی عکاس ہیں: ایرانی صدر
جموں و کشمیر6 days agoآمدنی سے زیادہ اثاثوں کا معاملہ: انسداد بدعنوانی بیورو نے سابق ایڈمنسٹریٹو کلرک کے اثاثے کئے ضبط
ہندوستان1 week agoپاسپورٹ فیس میں اضافے پر کانگریس کی مرکز پر تنقید ، سرجیوالا نےکہا ’مہنگائی کی نئی قسط‘
ہندوستان6 days agoسرکار کو ایندھن کی بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لینی چاہئیں: کھرگے
دنیا1 week agoوینزویلا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 167 ،ایک ہزار سے زائد زخمی


































































































