جموں و کشمیر
گاندربل تصادم میں مارے گئے شخص کی شناخت اے ٹی ایم کارڈ سے ہوئی
سری نگر، جموں و کشمیر کے گاندربل ضلع میں یکم اپریل کو تصادم میں مارے گئے شخص کے پاس سے ملے اے ٹی ایم کارڈ سے تفتیش کاروں نے اس کی شناخت کر لی ہے۔ سرکاری ذرائع نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ فوج نے یکم اپریل کو دعویٰ کیا تھا کہ گاندربل کے ارحامہ میں پولیس کے ساتھ مشترکہ مہم میں ایک دہشت گرد مارا گیا ہے۔ متوفی کے اہل خانہ نے اس کی شناخت 28 سالہ راشد احمد مغل کے طور پر کی، جو کامرس میں پوسٹ گریجویٹ تھا۔ اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ اس کا دہشت گردی سے کوئی لینا دینا نہیں تھا اور انہوں نے اسے ‘فرضی’ انکاؤنٹر قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اس تنازعہ کے درمیان، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو اس انکاؤنٹر کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دیا اور انصاف کا یقین دلایا۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انکاؤنٹر کے دوران متوفی کا چہرہ بری طرح مسخ ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے اس کی شناخت کرنا مشکل ہو گئی تھی۔ متوفی کی تلاشی کے دوران پولیس کو اس کی جیب سے ایک اے ٹی ایم کارڈ ملا، جو اس کی شناخت کے سلسلے میں سب سے اہم دستاویز ثابت ہوا۔ اے ٹی ایم کارڈ کی تفصیلات سے پولیس نے متوفی کی شناخت کی اور اس کے خاندان سے رابطہ کیا۔ جموں و کشمیر پولیس نے فوری طور پر اس کے بھائی اعجاز احمد مغل سے رابطہ کیا اور راشد مغل کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ بعد میں انہیں پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) لے جایا گیا، جہاں انہوں نے لاش کی شناخت اپنے بھائی راشد مغل کے طور پر کی۔
اسی دوران پولیس نے قتل کے حالات کا پتہ لگانے کے لیے ایک اور بھائی امتیاز احمد سمیت کئی لوگوں سے پوچھ گچھ کی ہے۔
تفتیش کار اس بات کی بھی جانچ کر رہے ہیں کہ متوفی اس جگہ تک کیسے پہنچا جہاں یہ انکاؤنٹر ہوا تھا۔
یو این آئی۔ این یو
جموں و کشمیر
بیمار والد سے ملاقات کے لیے انجینئر رشید کو انسانی بنیادوں پر رہا کیا جائے: کشمیری رہنماؤں کی مرکز سے اپیل
سرینگر،کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تہاڑ جیل میں بند ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کو ان کے شدید بیمار والد سے ملاقات کے لیے انسانی بنیادوں پر رہا کیا جائے۔’اپنی پارٹی’ کے صدر الطاف بخاری نے جمعہ کے روز سرینگر کے ایس ایم ایچ ایسہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انجینئر رشید کے والد خضر محمد شیخ زیرِ علاج ہیں۔ الطاف بخاری نے بتایا کہ انجینئر رشید کے والد کی حالت تشویشناک ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔
الطاف بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے اپیل کی کہ انجینئر رشید کو فوری طور پر پیرول دی جائے تاکہ وہ اس مشکل گھڑی میں اپنے خاندان کے ساتھ رہ سکیں۔ انہوں نے اسے ایک “انسانی اور باوقار فیصلہ” قرار دیا جس کی پوری وادی میں ستائش کی جائے گی۔
کشمیر کے اہم مذہبی و سیاسی رہنما میرواعظ عمر فاروق نے بھی ہسپتال جا کر خضر محمد شیخ کی عیادت کی۔
میرواعظ نے مرکز پر زور دیا کہ ایک بیٹا اپنے والد کی آخری پکار سن رہا ہے اور یہ ان کی آخری ملاقات بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بند سیاسی قیدیوں کے خاندانوں کا درد دل دہلا دینے والا ہے اور حکومت کو کم از کم انسانی ہمدردی کے ناطے بارہمولہ کے ایم پی کو رہا کرنا چاہیے۔
انجینئر رشید کو اگست 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی سے چند روز قبل این آئی اے نے ‘ٹیرر فنڈنگ’ کے ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔ وہ اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں عدالتی تحویل میں ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے عدالت سے کسٹڈی پیرول ملنے کے بعد پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں بھی شرکت کی تھی۔
انجینئر رشید کی جماعت ‘عوامی اتحاد پارٹی’ کے ترجمان انعام النبی نے کہا کہ ان کا پورا خاندان اس وقت انتہائی تکلیف دہ دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکز ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عوامی نمائندے کو ان کے والد کی خدمت اور تیمار داری کا موقع فراہم کرے۔
یو این آئی۔م ا ع
جموں و کشمیر
منشیات سے پاک کشمیر کا عزم: جموں میں اسمگلر کی پراپرٹی پر چلا قانون کا ہتھوڑا
جموں، جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کے روز ضلع ادھم پور میں جاری ‘منشیات سے پاک جموں و کشمیر’ مہم کے تحت ایک بدنامِ زمانہ منشیات فروش کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اس کے اثاثے قرق کر لیے ہیں۔
اثاثوں کی تفصیلات اور ضبطی حکام کے مطابق، جموں کے علاقے بشنہ سے تعلق رکھنے والے منشیات کے اسمگلر راکیش کمار کی تقریباً 12 لاکھ روپے مالیت کی منقولہ جائیداد کو نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز ( این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت قرق کیا گیا ہے۔
قرق کیے گئے اثاثوں میں ایک پرتعیش کار شامل ہے جس پر جعلی رجسٹریشن نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ پولیس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ گاڑی منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم سے خریدی گئی تھی۔
یہ کارروائی تھانہ رہمبل میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کے ایک مقدمے کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔ تفتیش کے دوران یہ ثابت ہوا کہ ملزم نے منشیات کی اسمگلنگ کے ذریعے دولت جمع کی اور اسی رقم سے یہ گاڑی حاصل کی۔ پولیس نے متعلقہ قانونی دفعات کے تحت گاڑی کو قبضے میں لے کر مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان نے زور دے کر کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے جہاں بیداری مہم چلائی جا رہی ہے، وہیں منشیات فروشوں کے خلاف سخت ترین قانونی شکنجہ بھی کسا جا رہا ہے۔ اس کیس کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد تک پہنچا جا سکے۔
یو این آئی۔م ا ع
جموں و کشمیر
میرواعظ کی مغربی ایشیا کے بحران پر تشویش؛ عالمی مذہبی رہنماؤں سے امن و انصاف کے لیے متحد ہونے کی اپیل
سرینگر، حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے عالمی سطح کے مذہبی پیشواؤں پر زور دیا ہے کہ وہ مغربی ایشیا (مڈل ایسٹ) میں امن کے قیام اور انصاف کی فراہمی کے لیے متحد ہو کر ایک توانا آواز بلند کریں۔
تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے ایران، لبنان اور فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا جاری کشیدگی اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔لاکھوں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں اور انسانی مصائب میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
میرواعظ نے امن کے حوالے سے پوپ کی حالیہ اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ‘قابلِ ستائش’ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مذہبی قیادت کو انسانیت کے ناطے اس بحران کو ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اپنے خطاب کے دوران میرواعظ نے واضح کیا کہ مغربی ایشیا میں امن کی کنجی مسئلہ فلسطین کے حل میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا”جب تک فلسطینیوں پر طویل المدتی قبضے اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا خاتمہ عالمی قوانین اور فطری انصاف کے اصولوں کے مطابق نہیں کیا جاتا، تب تک اس خطے میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔”
انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ معصوم لوگوں کی جانیں بچانے اور خطے میں استحکام لانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
یو این آئی۔م ا ع
جموں و کشمیر6 days agoلداخ کو آخرکار آدھار میں علیحدہ شناخت مل گئی، ‘ریاست’ کے خانے میں جموں و کشمیر کی جگہ لے لی
ہندوستان1 week agoمغربی ایشیا کے بحران کے باعث عالمی بینک نے مالی سال 27 کے لیے ہندوستان کی شرح نمو کم کر کے 6.6 فیصد کر دی
دنیا1 week agoدنیا ایران کو آبنائے ہرمز عبور کرنے کے لیے ادائیگی قبول نہیں کرے گی: متسوتاکس
جموں و کشمیر1 week agoمنشیات کے کیس میں ملوث ہونے پر جموں و کشمیر میں خاتون پولیس اہلکار ملازمت سے برطرف
دنیا1 week agoایران کی پہلی 10 نکاتی تجویز مسترد، نئی تجاویز پر ایران اور پاکستان سے بات چیت ہورہی ہے: جے ڈی وینس
جموں و کشمیر4 days agoسوپور اسکول میں بدعنوانی کے الزامات، لیکچرر معطل
جموں و کشمیر1 week agoایل جی نے 11 اپریل سے شروع ہونے والی 100 روزہ ‘نشہ مکت جموں و کشمیر ‘ مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا
دنیا4 days agoجنگ بندی برقرار ہے، ایرن میز پر واپس آئے گا: ڈونلڈ ٹرمپ
دنیا4 days agoلبنان میں اسرائیلی حملوں سے شہید افراد کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی
دنیا1 week agoایران سے دوبارہ جنگ کیلئے تیار ہیں: نیتن یاہو
دنیا4 days agoایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا سعودی و قطری وزرائے خارجہ سے رابطہ
دنیا6 days agoایرانی وفد کی پیشگی شرائط منظور کرلیں تو دوپہر کو امریکی حکام سے مذاکرات ہوں گے: ایرانی میڈیا













































































































