لوک سبھا الیکشن: دوسرے مرحلے میں ہوئی تقریباً 60.96 فیصد ووٹنگ

نئی دہلی، شمال مغربی ہندوستان میں بڑھتی ہوئی گرمی کے درمیان لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعہ کو 88 سیٹوں پر تقریباً 61 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

بارہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی 88 سیٹوں پر ووٹنگ کا کل فیصد پہلے مرحلے کے مقابلے میں کم رہا۔ دوسرے مرحلے میں اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر میں ووٹنگ کا تناسب قومی اوسط سے کافی کم رہا، جب کہ تریپورہ، منی پور، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال اور جموں و کشمیر میں ووٹنگ 70 سے 79 فیصد کے درمیان رہی۔

الیکشن کمیشن کے شام 7 بجے تک ووٹنگ کے اعداد و شمار کے مطابق اتر پردیش میں 54.83 فیصد، بہار میں 54.91 فیصد، مہاراشٹر میں 54.34 فیصد اور مدھیہ پردیش میں 56.60 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جب کہ کیرالہ میں 65.28 فیصد اور راجستھان میں 63.74 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

تریپورہ میں سب سے زیادہ 78.63 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ منی پور میں 77.18 فیصد، چھتیس گڑھ میں 73.05 فیصد، مغربی بنگال میں 71.84 فیصد، جموں و کشمیر میں 71.63 فیصد، آسام میں 70.78 فیصد ووٹنگ ہوئی۔

پہلے مرحلے میں 102 سیٹوں پر تقریباً 63.4 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی 543 رکنی لوک سبھا کی 190 سیٹوں پر ووٹنگ مکمل ہو گئی ہے۔ چودہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی تمام سیٹوں پر ووٹنگ ہوچکی ہے۔

تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 7 مئی کو ہوگی۔ کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مجموعی طور پر ووٹنگ پرامن رہی۔ چھتیس گڑھ کے بستر ڈویژن کے 102 گاؤں کے ووٹروں نے پہلی بار لوک سبھا انتخابات میں ووٹ ڈالے۔

جاری۔یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں