بارہمولہ کے اوڑی میں آتشزدگی، 3 رہائشی مکان اور ایک گائو خانہ خاکستر، 16 مویشی ہلاک

سری نگر، شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ اوڑی کے دچھی علاقے میں جمعرات کی علی الصبح آگ کی ایک بھیانک واردات میں تین رہائشی مکان اور ایک گائو خانہ خاکستر جبکہ زائد از ایک درجن مویشی ہلاک ہوگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ اوڑی کے دور افتادہ علاقہ دچھی میں جمعرات کی علی الصبح قریب ساڑھے پانچ بجے آگ کی ایک واردات میں تین رہائشی مکان، ایک گائو خانہ خاکستر ہوگئے جبکہ کم سے کم 16 مویشی ہلاک ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے مویشیوں میں 4 گائے، 4 بھیڑ اور 8 بکریاں شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فائر ٹنڈرس نے جائے واردات پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔

محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آگ کی اس واردات میں تین رہائشی مکان اور ایک گائو خانہ خاکستر ہوئے جبکہ قریب دیڑھ درجن مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس واردات میں کسی انسانی جان کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔

دریں اثنا اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی گئی ہے۔قبل ازیں سری نگر کے گنجان آبادی والے علاقے چنکرال محلہ حبہ کدل میں بدھ کی رات دیر گئے آتشزدگی کی واردات میں دو رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

بتادیں کہ وادی میں خشک موسمی صورتحال کے بیچ آگ کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں