سری نگر، جموں وکشمیر ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جے کے ڈی ایم اے) نے برف وباراں کی پیش گوئی کے پیش نظر یونین ٹریٹری کے 8 اضلاع میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایک ترجمان نے ہفتے کو بتایا کہ جموں وکشمیر کے بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کپوارہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ اور رام بن کے پہاڑی علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران درمیانی درجے کے برفانی تودے گر آنے کا امکان ہے۔
حکام نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے اور جن علاقوں میں برفنای تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں وہاں جانے سے اجتناب کرنے کو کہا ہے۔
بتادیں کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں 17 فروری کی شام سے 21 فروری کی دوپہر تک وسیع پیمانے پر برف و باراں کا امکان ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برف باری کے باعث پہاڑی علاقوں کی سڑکوں بشمول مغل روڈ، سنتھن ٹاپ، سادھنا اور زوجیلا پاس پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہوسکتی ہے۔
حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سفر اختیار کرنے سے قبل ٹریفک حکام سے رابطہ کریں۔
یو این آئی ایم افضل، ارشید بٹ