دنیا
امریکی سینیٹ میں ٹرمپ کے فوجی اختیارات محدود کرنے کی تجویز منظور
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فوجی اختیارات محدود کرنے سے متعلق ایک تجویز امریکی سینیٹ میں منظور کر لی گئی ہے۔ ووٹنگ کے دوران چار ریپبلکن سینیٹروں نے بھی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا، جبکہ تین ریپبلکن سینیٹر ووٹنگ میں شامل نہیں ہوئے یہ تجویز 47 کے مقابلے 50 ووٹوں سے منظور ہوئی، تاہم قانون بننے کیلئے اسے ابھی مزید مراحل سے گزرنا ہوگا۔ اگر یہ تجویز قانون کی شکل اختیار کر لیتی ہے تو ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کیلئے کانگریس سے منظوری لینا لازمی ہوگا۔
ابھی اس معاملے پر سینیٹ میں حتمی ووٹنگ باقی ہے۔ اس کے بعد اسے ریپبلکن اکثریت والے ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز سے بھی منظوری درکار ہوگی۔ تاہم اس کے بعد بھی ڈونالڈ ٹرمپ اس کے خلاف ویٹو استعمال کر سکتے ہیں۔ پھر اس ویٹو کو مسترد کرنے کیلئے سینیٹ اور ہاؤس دونوں میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، جسے فی الحال مشکل سمجھا جا رہا ہے۔
اس ووٹنگ کو اپوزیشن کیلئے بڑی کامیابی مانا جا رہا ہے، کیونکہ اپوزیشن مسلسل یہ مؤقف اختیار کر رہی تھی کہ امریکہ میں جنگ شروع کرنے یا فوج بھیجنے کا اختیار صدر نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے پاس ہونا چاہیے۔ امریکی آئین میں بھی یہی نظام موجود ہے۔
یہ تجویز ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر ٹم کین نے پیش کی۔ بحث کے دوران انہوں نے کہا کہ جب جنگ بندی کی بات ہو رہی ہے تو ڈونالڈ ٹرمپ کو پارلیمنٹ کے سامنے آ کر اپنی حکمت عملی واضح کرنی چاہیے۔
ٹم کین نے کہا کہ جنگ شروع کرنے کا اختیار صرف صدر کے پاس نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے پاس ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی سلامتی کے تحفظ کیلئے اپنے آئینی اختیارات کے تحت کارروائی کی ہے۔
امریکی قانون کے مطابق کوئی بھی صدر پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر صرف 60 دن تک فوجی کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔ اس کے بعد یا تو جنگ ختم کرنا ہوتی ہے، یا کانگریس سے اجازت لینا ہوتی ہے، یا پھر فوج کی محفوظ واپسی کیلئے مزید 30 دن کی مہلت طلب کی جا سکتی ہے۔
یواین آئی۔ م س
دنیا
اقوام متحدہ نے عباس عراقچی کو نیویارک اجلاس کے لیے مدعو کیا
تہران، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کو اگلے ہفتے نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس کی تصدیق کی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ دعوت عباس عراقچی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے دی گئی ہے۔
اس ماہ سلامتی کونسل کی صدارت چین کے پاس ہے۔
بین الاقوامی امن اور سلامتی کے موضوع پر یہ اجلاس منگل کو منعقد ہوگا۔
تاہم ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے کہ عباس عراقچی اس اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔
یواین آئی۔ م س
دنیا
آبنائے ہرمز دوبارہ کھولی جائے، سلامتی کونسل میں ایشیائی ممالک کو زیادہ نمائندگی ملنی چاہیے: اقوامِ متحدہ کے سربراہ
ٹوکیو، اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گہرے ہوتے عالمی معاشی بحران پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بدھ کے روز آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف سمندری آمد و رفت کی آزادی فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج کی دنیا کے آبادیاتی اور جغرافیائی سیاسی حقائق کی عکاسی کے لیے ایشیائی ممالک کو مستقل رکنیت میں زیادہ نمائندگی دی جانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت تنازعات، موسمیاتی بحران اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات کی وجہ سے شدید عدم استحکام کا شکار ہے۔ ان کے مطابق ایران جنگ کے اثرات نے عالمی معاشی صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔
گوتریس نے کہا، ’’مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کی معاشی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ مغربی ایشیا میں جاری تنازع نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ توانائی، کھاد اور دیگر خام اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘
خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف بحری جہاز رانی کی آزادی فوری طور پر بحال کی جانی چاہیے، جنگ بندی کی تمام خلاف ورزیوں کو ختم کیا جائے اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’’بڑھتا ہوا عدم اعتماد اور جغرافیائی سیاسی دوریاں‘‘ مؤثر عالمی حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہیں۔ ان کے مطابق بعض ممالک بغیر کسی خوف کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سلامتی کونسل اور عالمی مالیاتی نظام میں فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی تقسیم عالمی استحکام اور کثیر جہتی اداروں کی مؤثریت کو کمزور کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف، جو انسانیت اور دنیا کے بہتر مستقبل کا خاکہ ہیں، ان کے حصول کے لیے مزید مضبوط پیش رفت کی ضرورت ہے۔
گوتریس نے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنے والے کثیر جہتی ترقیاتی بینکوں کی محدود صلاحیت پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ غریب اور ترقی پذیر ممالک قرضوں کے بوجھ اور مالی وسائل کی شدید کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی بہتر نمائندگی اور اقوامِ متحدہ کی ساکھ بڑھانے کے لیے سلامتی کونسل کی مستقل اور غیر مستقل دونوں قسم کی نشستوں میں توسیع ناگزیر ہے۔
انہوں نے عالمی مالیاتی اداروں میں وسیع اصلاحات اور ترقی پذیر ممالک کو زیادہ مؤثر مالی امداد فراہم کرنے کے لیے کثیر جہتی ترقیاتی بینکوں کی تنظیمِ نو کا بھی مطالبہ کیا۔
یو این آئی۔ اے ایم
دنیا
ایران شدید دباؤ میں ہے، ڈیل نہ ہوئی تو دوبارہ حملہ کرسکتے ہیں: ٹرمپ
واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران معاہدہ کرنے کے لیے بے تاب ہے، جبکہ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تہران کے ساتھ ڈیل نہ ہوئی تو امریکا دوبارہ فوجی کارروائی بھی کر سکتا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اس وقت شدید معاشی بحران اور داخلی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں عوام کی حالت انتہائی خراب ہے اور وہاں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ایران موجودہ صورتحال کے باعث معاہدہ چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ کو ابھی صرف تین ماہ ہوئے ہیں، جن میں سے زیادہ وقت جنگ بندی میں گزرا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز کو بھی کھول دیا جائے گا، تاہم اس معاملے میں انہیں کوئی جلدی نہیں۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کو ’’بری طرح تباہ‘‘ کر دیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید پیش رفت دیکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدے کے معاملے میں جلد بازی نہیں کر رہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ماضی کی امریکی جنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ویتنام، افغانستان، عراق اور دیگر ممالک میں کئی کئی سال تک جنگیں لڑیں، جبکہ ایران جنگ میں امریکا نے صرف 13 جانیں گنوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر جنگوں میں امریکا کو لاکھوں جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
ٹرمپ نے چین اور روس کے تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادی میر پوتن کی ملاقات اچھی بات ہے، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ پوتن کی استقبالیہ تقریب اتنی شاندار نہیں تھی جتنی ان کی تھی۔
امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے حوالے سے بھی کہا کہ ایران کے معاملے پر ان دونوں کا مشترکہ مؤقف ہے اور نیتن یاہو وہی کریں گے جو وہ کہیں گے۔
یواین آئی۔ م س
دنیا6 days agoٹرمپ اور شی جن پنگ کا آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر اتفاق
ہندوستان1 week agoبزرگوں، بیواؤں، معذوروں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے حکومت : کھرگے
ہندوستان6 days agoعالمی بحران کے درمیان ہندوستان کا برکس اتحاد کا مطالبہ، پابندیوں اور دہشت گردی پر اظہارِ تشویش
دنیا6 days agoفرانسیسی صدر اور ایرانی اداکارہ سے متعلق نئی کتاب میں چونکا دینے والے دعوے
دنیا1 week agoایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، معاشی دباؤ کی فکر نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
ہندوستان1 week agoمغربی بنگال میں بی جے پی حکومت بننے سے شہریوں کو آیوشمان بھارت کا فائدہ ملے گا: مودی
تازہ ترین1 week agoایران کی توجہ اب بھی پائیدار امن پر مرکوز لیکن کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار : فاطمہ مہاجرانی
پاکستان1 week agoپاکستان اور چین کا ایران۔امریکہ کشیدگی کم کرنے پر زور، اسحق ڈار اور وانگ ای میں رابطہ
دنیا1 week agoایران نے امریکہ کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے پانچ شرطیں رکھ دیں
دنیا1 week agoایران کا جواب نامعقول، کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے: ٹرمپ
دنیا6 days agoتائیوان معاملہ غلط سنبھالا گیا تو امریکہ اور چین تصادم کی طرف جا سکتے ہیں: شی جن پنگ
ہندوستان1 week agoپیپر لیک کی خبر کے بعد نیٹ 2026 کا امتحان منسوخ








































































































