جموں و کشمیر
جموں و کشمیر میں برفباری میں خطرناک کمی، دو برسوں میں 54 فیصد کمی ریکارڈ: حکومت
جموں، جموں و کشمیر اسمبلی میں آج اس وقت ایک تفصیلی بحث دیکھنے کو ملی جب ایم ایل اے سجاد شاہین کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں حکومت نے برفباری کی نمایاں کمی اور اس کے دور رس اثرات پر ایک جامع بیان پیش کیا۔
حکومت نے واضح کیا کہ گزشتہ دو برسوں میں ریاست کو مجموعی طور پر 50 سے 54 فیصد تک کم بارش اور برفباری ملی ہے، جس کے باعث پانی کے ذخائر، زرعی سرگرمیوں، باغبانی، پن بجلی پیداوار اور لوگوں کی روزی روٹی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر ڈویژن اس کمی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں سردیوں کی برفباری معمول سے کافی کم ریکارڈ کی گئی۔
حکومت نے اپنے جواب میں کہا کہ ابتدائی جائزوں سے یہ خدشہ ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے برسوں میں پانی کی دستیابی مزید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ایک ہمہ گیر پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت زرعی شعبے میں پانی بچانے والی تکنیکوں، مائیکرو اریگیشن سسٹمز، مٹی میں نمی برقرار رکھنے کے طریقوں اور موسم کے مطابق فصلوں کی رہنمائی جیسے اقدامات پر زور دیا جا رہا ہے۔
جل شکتی محکمے نے بھی پانی کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے تیاری شروع کر دی ہے۔ حکومت کے مطابق پینے کے پانی کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹینکر سروس، شیڈولنگ، کم سطح والے علاقوں میں متبادل ذرائع، واٹر سپلائی اسکیموں کی مضبوطی اور لیکیج کنٹرول جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آبپاشی کے محاذ پر آبپاشی کیلنڈر پر سختی سے عمل، نالوں کی بروقت صفائی اور کسانوں کے لیے پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
پن بجلی کے حوالے سے حکومت نے اعتراف کیا کہ کم برفباری نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو متاثر کیا ہے، جس کا براہ راست اثر بجلی پیداوار پر پڑتا ہے۔ اگرچہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی جامع طویل مدتی پالیسی تیار نہیں کی گئی، تاہم ابتدائی اقدامات کے طور پر متعدد حساس پن بجلی منصوبوں پر ارلی وارننگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جب کہ بگلیہار پروجیکٹ کے لیے ایک الگ ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان تیار کیا جا رہا ہے۔
محکمہ ماحولیات نے ایوان کو بتایا کہ ریاستی موسمیاتی ایکشن پلان کا نیا اور تفصیلی مسودہ آخری مراحل میں ہے، جس میں مختلف محکموں کے لیے موسمیاتی لچک پیدا کرنے اور ماحولیاتی خطرات کم کرنے سے متعلق حکمت عملیاں شامل کی گئی ہیں۔
گزشتہ دو برس میں محکمہ جنگلات نے دو کروڑ سے زائد پودے لگانے کا کام مکمل کیا ہے، جسے بدلتے ہوئے موسمی رجحانات کے پیش نظر ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔
حکومت نے یہ بھی بتایا کہ موسمیاتی انتباہی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کشمیر کے لیے ہائپر لوکل فورکاسٹنگ سسٹم پر کام جاری ہے، جبکہ رامبن اور کشتواڑ کو خصوصی موسمیاتی حساس اضلاع کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ آنے والے برسوں میں مزید ڈوپلر ریڈار، موسم اسٹیشن اور برف ماپنے والے آلات نصب کیے جائیں گے، جس سے موسم کی پیش گوئی اور قبل از وقت انتباہی نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ایوان میں پیش کردہ اس تفصیلی جواب کے ذریعے حکومت نے واضح کیا کہ وہ بدلتے ہوئے موسمی حالات کو ایک سنگین چیلنج کے طور پر لے رہی ہے اور تمام متعلقہ محکمے مل کر ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت صورتحال سے نمٹنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ
جموں و کشمیر
محبوبہ کا اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کو معمول بنائے جانے پر تنقید
سرینگر، محبوبہ مفتی، صدر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)، نے ہفتہ کے روز الزام عائد کیا کہ ملک میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور امتیازی سلوک کو بتدریج معمول بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ’’بی جے پی کے نام نہاد وکست بھارت کی حقیقت یہی ہے کہ نفرت انگیز تقاریر اس حد تک معمول بن چکی ہیں کہ پیدا نہ ہونے والے مسلم بچوں کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ مسلمانوں، عیسائیوں، دلتوں اور آدیواسیوں کو مسلسل حاشیے پر دھکیلا جا رہا ہے، جبکہ گھروں اور مساجد کو بلاخوف و خطر مسمار کیا جا رہا ہے۔‘‘
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے تقسیم پیدا کرنے والی زبان اور بیانات کی بڑھتی ہوئی قبولیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے بیانات کے خلاف خاموشی معاشرتی تقسیم کو مزید گہرا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’اس قسم کی نفرت انگیز بیان بازی پر جاری خاموشی اُن عناصر کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
محبوبہ مفتی کا یہ ردِعمل للت شرما کی جانب سے دہرادون کے بیراگی والا علاقے میں مبینہ نفرت انگیز تقریر کے بعد سامنے آیا۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
ای او ڈبلیو کشمیر نے دھوکہ دہی کے مقدمے میں اترپردیش کے ایک باشندے کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی
سرینگر، جموں و کشمیر کرائم برانچ کے اکنامک آفنسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے ہفتہ کے روز سوپور کی ایک عدالت میں اتر پردیش کے ایک ملزم کے خلاف چارج شیٹ دائر کی، جس پر غیر ملکی ٹیلی کام منصوبہ فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر شکایت کنندہ سے دھوکہ دہی کے ذریعے رقم حاصل کرنے کا الزام ہے۔
ای او ڈبلیو کے مطابق یہ چارج شیٹ سال 2023 میں تعزیراتِ ہند کی دفعہ 420 کے تحت درج ایف آئی آر کے سلسلے میں پیش کی گئی۔ ملزم کی شناخت ہرکیت سنگھ، ساکن کالی ماتا مندر، لال بنگلہ، کانپور، اتر پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔
مقدمے کی بنیاد ایک تحریری شکایت پر رکھی گئی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے امریکہ کی ایک ٹیلی کام کمپنی سے منسلک مبینہ اے ٹی اینڈ ٹی اِن باؤنڈ سیلز کال پروجیکٹ فراہم کرنے کا وعدہ کرکے شکایت کنندہ کو رقم دینے پر آمادہ کیا۔
تحقیقات کے دوران اکنامک آفنسز ونگ نے الزامات کا جائزہ لیا اور مقدمے سے متعلق شواہد جمع کیے۔ تفتیش کاروں نے پایا کہ ملزم نے مبینہ طور پر منصوبے کے بارے میں جھوٹی یقین دہانیاں کرا کے شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا اور فراڈ کے ذریعے رقم حاصل کی۔
کرائم برانچ حکام کے مطابق، تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد نے شکایت میں لگائے گئے الزامات کی تائید کی۔
بعد ازاں، عدالتی کارروائی کے لیے چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، سوپور کی عدالت میں پیش کر دی گئی۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
بارہمولہ میں ٹیکسی سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار، آٹھ افراد زخمی
سرینگر، جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ہفتہ کے روز ایک ٹویرا کیب سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق ٹنگمرگ کے بابا ریشی علاقے کے قریب ٹویرا کیب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے پھسل گئی، جس کے باعث گاڑی میں سوار آٹھ مسافر زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں مزید خصوصی علاج کے لیے سرینگر کے جے وی سی اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
ادھر، اس واقعے کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر1 week agoاین سی ایل ٹی نے سراج العلوم کے لیے عبوری لیکویڈیٹر مقرر کر دیا، اثاثے منجمد
جموں و کشمیر1 week agoشمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب پی او جے کے کا 19 سالہ نوجوان گرفتار
ہندوستان1 week agoفضائیہ کا مال بردار طیارہ حادثے کا شکار، پانچ اہلکار شہید
دنیا6 days ago‘ٹرمپ کامعاہدہ ہمیں پابند نہیں کرتا’، اسرائیلی وزیر ایران امریکہ معاہدے پر سیخ پا
دنیا1 week agoامریکہ نے ایران کے جوہری مواد پر قبضے کیلئے زمینی کارروائی کا منصوبہ بنالیا تھا تاہم ٹرمپ پیچھے ہٹ گئے: امریکی میڈیا
ہندوستان3 days ago‘اسلام آباد ایم او یو’ پر جے رام رمیش کا مرکز پر حملہ، کہا- مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو بڑا جھٹکا
دنیا1 week agoایران معاہدے سے متعلق ٹرمپ کے مؤقف پر نیتن یاہو کا ردِعمل سامنے آگیا
جموں و کشمیر5 days agoگاندربل ‘انکاؤنٹر’ کے مقتول کی لاش قبر سے نکال کر اہلِ خانہ کے حوالے
دنیا6 days agoتاریخی ڈیل مکمل، امریکہ اور ایران نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کردی
دنیا6 days agoعین وقت پر امریکہ ایران امن معاہدے میں تاخیر اسرائیلی حملے کے سبب
دنیا4 days agoایرانی آرمی چیف کا دفاعی طاقت مزید بڑھانے کا اعلان
دنیا1 week agoامریکہ ایران معاہدے پر کل دستخط نہیں ہوں گے: ایرانی وزارت خارجہ




































































































