کشمیری پنڈتوں کے بغیر وادی ادھوری ہے :غلام نبی آزاد

جموں ،جموں وکشمیر پروگریسیو آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد نے جمعرات کے روز کہاکہ وادی کشمیر میں تعینات کشمیری پنڈت ملازمین کو جموں منتقل کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی نے سیکولر اقداراور کشمیریت کو لہولہان کیا۔

ان باتوں کا اظہار غلام نبی آزاد نے جگتی ٹاون شپ جموں میں ایک عوامی جلسے کے بعد حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر میں پچھلے تین سال کے دوران ٹارگیٹ کلنگ کے کئی واقعات رونما ہوئے جس کو دیکھتے ہوئے سرکار کو کشمیری پنڈت ملازمین کو معقول سیکورٹی فراہم کرنی چاہئے۔

غلام نبی آزاد نے کہاکہ گزشتہ تین برس سے مسلسل طور سرکار سے گزراش کر رہا ہوں کہ فی الحال کشمیری پنڈت ملازمین کو جموں میں تعینات کیا جائے۔

ان کے مطابق کشمیری پنڈتوں کے بغیر وادی ادھوری ہے لہذا ان کی باز آباد کاری کے حوالے سے بھی سنجیدہ نوعیت کے اقدامات اٹھائے جائیں۔

آزاد نے کہا:’دہشت گردی نے سیکولر اقدار، انسانیت اورکشمیر یت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا یا‘۔

وزیر اعظم مودی کے مجوزہ کشمیر دورے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ پچھلے ہفتے جموں دورے کے دوران متعدد پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور ہمیں امید ہے کہ کشمیر کے دورے پر بھی وہ کچھ نہ کچھ ضروردے کے جائیں گے۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں