بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں دوسرے روز بھی آپریشن جاری

سری نگرشمالی ضلع بانڈی پورہ کے آری گام جنگلی علاقے میں جمعرات کو دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔

معلوم ہوا ہے سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع الریض علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بانڈی پورہ کے آری گام جنگلی علاقے میں مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر جمعرات کے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کی اضافی کمک نے ایک وسیع علاقے کو سیل کیا ہے جبکہ مقامی لوگوں سے تلقین کی جارہی ہیں کہ وہ فی الحال جنگلی علاقے کی اور جانے سے گریز کریں۔

بتادیں کہ بانڈی پورہ کے آری گام جنگلی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے تین روز قبل تلاشی آپریشن شروع کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ بدھ کے روز جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ابتدائی فائرنگ کے بعد جنگلی علاقے میں خاموشی چھا گئی تاہم سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں