جموں ریاسی پارلیمانی نشست پر جمعے کے روز ووٹنگ ہوگی ،17لاکھ 81ہزار 545رائے دہند گان کو رائے دہی کا حق

جموں،جموں _ ریاسی لوک سبھا سیٹ کے لئے 26 اپریل یعنی جمعے کے روز ہونے والی پولنگ کے لیے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔انتخابات کے پیش نظر جموں صوبے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔

18 اسمبلی نشستوں پر مشتمل اس سیٹ کے لئے 17 لاکھ81 ہزار545 راے دہندگان کو راے دہی کا حق ہے جن میں سے 8 لاکھ60ہزار 55 خواتین ووٹر شامل ہیں۔ اس سیٹ کے لئے22مید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جموں _ ریاسی لوک سبھا سیٹ کے لیے جمعے کے روز ہونے والی پولنگ کے لیے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے اور اس دوران جموں انتظامیہ نے امتناعی احکامات صادر کیے ہیں جبکہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں موبائل فونوں پر’ورچول پرائیوٹ نیٹ ورک (وی پی این)کو معطل کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ جموں ریاسی لوک سبھا پارلیمانی نشست پر پر امن ووٹنگ کی خاطر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔

جموں صوبے کے تمام حساس علاقوں میں سی آر پی ایف ، ایس ایس بی اور جموں وکشمیر پولیس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر راجوری اور پونچھ اضلاع میں وی پی این خدمات کو فوری طورپر معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (راجوری) راجیو کمار کھجوریہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک حکم نامے کے مطابق ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورک(وی پی این) سروس کو معطل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات سے متعلق معلومات اور دیگر حساس ڈیٹا کو سابیئر حملوں سے بچانے کی خاطر احتیاطی طورپر اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

راجوری ضلع کے ایک اسمبلی حلقہ کالا کوٹ ، سندر بنی جموں ریاسی پارلیمانی حلقہ کا حصہ ہے اور یہاں پر بھی جمعے کے روز ووٹنگ ہو رہی ہے۔

اسی طرح ضلع پونچھ میں بھی وی پی این کو انتخابات کے انعقاد تک معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ریٹرننگ آفیسر جموں پارلیمانی حلقہ کے دفتر کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق جموں میں 17 لاکھ81 ہزار545 راے دہندگان کو راے دہی کا حق ہے جن میں سے 8 لاکھ60ہزار 55 خواتین ووٹر شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے جموں ریاسی پارلیمانی حلقے میں 2416 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں۔

جمعرات کی صبح سے ہی جموں ریاسی پارلیمانی نشست میں قائم پولنگ اسٹیشنوں تک عملے کو پہنچا دیا گیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں میں جگہ جگہ پرسیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مشکوک نظر آنے والے افراد کی باریک بینی سے تلاشی کے بعد ہی آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہیں۔

دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ پر امن انتخابات کو یقینی بنانے کی خاطر جموں صوبے میں سرحدوں کو بھی سیل کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر اضافی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں