کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے :وقار رسول وانی

سری نگر،پردیش کانگریس کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر وقار رسول وانی نے جمعرات کو کہا کہ کانگریس ہائی کمانڈ نے کشمیر صوبے میں نیشنل کانفرنس کو حمایت دینے کا فیصلہ لیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر اور لداخ کی چھ پارلیمانی نشستوں پر انڈیا الائنس کے امیدوار جیت حاصل کریں گے۔

ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ اس بار کے الیکشن غیر معمولی اہمیت کے حامل ہے کیونکہ بی جے پی کو ہٹانا اور سیکولر سرکار بنانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔

وقار رسول وانی نے کہاکہ لوگوں کا درد دیکھ کر ہی کانگریس نے ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ متحد ہو کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ لیا۔

ان کے مطابق صرف لوگوں کو متحد رکھنے کی خاطر ہی الائنس میں آئے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ انڈیا الائنس کے امیدوارجیت حاصل کریں گے۔

کانگریس صدر نے کہا کہ کشمیر میں صرف نیشنل کانفرنس کو حمایت دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور جس طرح سے چودھری لال سنگھ کے حق میں نیشنل کانفرنس کے کارکنوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا اسی طرح کشمیر صوبے کی تین نشستوں پر کانگریس نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کی بھر پور حمایت کرئے گی۔

وقار رسول وانی نے کہاکہ ملک کے لوگ کشمیر کو سمجھیں جو کہ اس ملک کا تاج ہے۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں