جموں و کشمیر
پولیس نے 209 کروڑ روپے کے بین الاقوامی جعلی آن لائن انویسٹمنٹ گھپلے کا پردہ فاش کیا، ہریانہ کے ڈاکٹر سمیت 9 گرفتار
سری نگر،جموں و کشمیر پولیس نے ایک بڑے بین الاقوامی آن لائن انویسٹمنٹ اسکیم کو بے نقاب کرتے ہوئے 209 کروڑ روپے کی جعلسازی میں ملوث ہریانہ کے ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائی اُس شکایت کے بعد عمل میں لائی گئی جو صفاپورہ گاندربل کے فردوس احمد میر نے اپنی شناخت کے غلط استعمال اور آن لائن دھوکہ دہی کے سلسلے میں درج کرائی تھی، جس پر پولیس اسٹیشن گاندربل میں ایف آئی آر نمبر 08/2026 درج کی گئی۔
ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال– نے معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی، جس میں سائبر فراڈ کے ماہرین کو بھی شامل کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ سوشل میڈیا اور گوگل پر paisavault.com جیسی جعلی ٹریڈنگ ویب سائٹس کے ذریعے ملک بھر کے لوگوں کو ’کروڑوں کے منافع‘ کا جھانسہ دے کر رقم ہڑپ کی جارہی تھی۔
پولیس کے مطابق جیسے ہی لوگ ان فیک پلیٹ فارمز پر سرمایہ کاری کرتے تھے، ان کی رقم کو فوری طور پر کشمیر کے مختلف اضلاع بشمول بڈگام، سری نگر، گاندربل، بارہمولہ وغیرہ کے بینک کھاتوں میں منتقل کیا جاتا تھا۔ وہاں سے ملوث افراد اس رقم کو مزید کئی کھاتوں میں منتقل کرکے ٹریل مٹانے کی کوشش کرتے تھے، جن میں کچھ لین دین ملک سے باہر تک بھی پہنچائے جاتے تھے۔
اس پورے ریکیٹ کا مرکزی سرغنہ ایکانت یوگدت عرف ڈاکٹر مورفین کو ہریانہ کے حصار سے گرفتار کیا گیا، جو ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران فلپائن میں چینی افراد کے ساتھ رابطے میں آیا تھا۔ اس کے ساتھ کشمیر کے کئی مقامی ساتھی—محمد ابراہیم شاہ عرف یاور، ناصر احمد گنائی، مقصود احمد عرف ڈاکٹر البرٹ، تنویر احمد عرف ڈاکٹر مارٹن،توسیف احمد میر (سرکاری ٹیچر)، خورشید احمد اور اسحاق احمد—بطور ریجنل ہیڈ اور اکاؤنٹ موبلائزر کام کرتے تھے۔
یہ لوگ کم آمدنی والے افراد سے ان کے بینک اکاؤنٹس اوراے ٹی ایم کارڈز ماہانہ 8 سے 10 ہزار روپے کے بدلے حاصل کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق بینک ملازمین کی مداخلت بھی سامنے آئی ہے، جو فراڈ میں استعمال ہونے والے کیو آر کوڈ مہیا کرتے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ فراڈ کرنے والے لوگ باقاعدہ ٹیلی گرام چینلز چلاتے تھے جہاں نئے کیو آر کوڈ اپلوڈ کیے جاتے تھے تاکہ اکاؤنٹس منجمد ہونے کی صورت میں فوراً متبادل استعمال کیا جا سکے۔
پولیس نے اب تک 835 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے جن میں سے 290 اکاؤنٹس میں ہونے والی ٹرانزیکشنز کا جائزہ لینے پر 209 کروڑ روپے کی رقم کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ مکمل جانچ کے بعد یہ رقم 400 کروڑ روپے سے تجاوز کر سکتی ہے۔
مرکزی ملزم ایکانت یوگدت کو چین سے واپسی پر دہلی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر 8 ملزمان کو کشمیر کے مختلف اضلاع سے دھر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ رقم کے مکمل بہاؤ کا سراغ لگایا جائے اور ملزمان کی جائیدادیں ضبط کی جائیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جعلی ویب سائٹس کے جھانسے میں نہ آئیں اور اپنا بینک اکاؤنٹ معمولی رقم کے بدلے کسی کو نہ دیں۔ متاثرہ افراد اپنی شکایات cybercrime.gov.in یا ہیلپ لائن 1039 پر درج کرا سکتے ہیں۔
یو این آئی۔ ارشید بٹ
جموں و کشمیر
محبوبہ کا اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کو معمول بنائے جانے پر تنقید
سرینگر، محبوبہ مفتی، صدر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)، نے ہفتہ کے روز الزام عائد کیا کہ ملک میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور امتیازی سلوک کو بتدریج معمول بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ’’بی جے پی کے نام نہاد وکست بھارت کی حقیقت یہی ہے کہ نفرت انگیز تقاریر اس حد تک معمول بن چکی ہیں کہ پیدا نہ ہونے والے مسلم بچوں کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ مسلمانوں، عیسائیوں، دلتوں اور آدیواسیوں کو مسلسل حاشیے پر دھکیلا جا رہا ہے، جبکہ گھروں اور مساجد کو بلاخوف و خطر مسمار کیا جا رہا ہے۔‘‘
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے تقسیم پیدا کرنے والی زبان اور بیانات کی بڑھتی ہوئی قبولیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے بیانات کے خلاف خاموشی معاشرتی تقسیم کو مزید گہرا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’اس قسم کی نفرت انگیز بیان بازی پر جاری خاموشی اُن عناصر کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
محبوبہ مفتی کا یہ ردِعمل للت شرما کی جانب سے دہرادون کے بیراگی والا علاقے میں مبینہ نفرت انگیز تقریر کے بعد سامنے آیا۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
ای او ڈبلیو کشمیر نے دھوکہ دہی کے مقدمے میں اترپردیش کے ایک باشندے کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی
سرینگر، جموں و کشمیر کرائم برانچ کے اکنامک آفنسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے ہفتہ کے روز سوپور کی ایک عدالت میں اتر پردیش کے ایک ملزم کے خلاف چارج شیٹ دائر کی، جس پر غیر ملکی ٹیلی کام منصوبہ فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر شکایت کنندہ سے دھوکہ دہی کے ذریعے رقم حاصل کرنے کا الزام ہے۔
ای او ڈبلیو کے مطابق یہ چارج شیٹ سال 2023 میں تعزیراتِ ہند کی دفعہ 420 کے تحت درج ایف آئی آر کے سلسلے میں پیش کی گئی۔ ملزم کی شناخت ہرکیت سنگھ، ساکن کالی ماتا مندر، لال بنگلہ، کانپور، اتر پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔
مقدمے کی بنیاد ایک تحریری شکایت پر رکھی گئی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے امریکہ کی ایک ٹیلی کام کمپنی سے منسلک مبینہ اے ٹی اینڈ ٹی اِن باؤنڈ سیلز کال پروجیکٹ فراہم کرنے کا وعدہ کرکے شکایت کنندہ کو رقم دینے پر آمادہ کیا۔
تحقیقات کے دوران اکنامک آفنسز ونگ نے الزامات کا جائزہ لیا اور مقدمے سے متعلق شواہد جمع کیے۔ تفتیش کاروں نے پایا کہ ملزم نے مبینہ طور پر منصوبے کے بارے میں جھوٹی یقین دہانیاں کرا کے شکایت کنندہ کو دھوکہ دیا اور فراڈ کے ذریعے رقم حاصل کی۔
کرائم برانچ حکام کے مطابق، تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد نے شکایت میں لگائے گئے الزامات کی تائید کی۔
بعد ازاں، عدالتی کارروائی کے لیے چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، سوپور کی عدالت میں پیش کر دی گئی۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر
بارہمولہ میں ٹیکسی سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار، آٹھ افراد زخمی
سرینگر، جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ہفتہ کے روز ایک ٹویرا کیب سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق ٹنگمرگ کے بابا ریشی علاقے کے قریب ٹویرا کیب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے پھسل گئی، جس کے باعث گاڑی میں سوار آٹھ مسافر زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں مزید خصوصی علاج کے لیے سرینگر کے جے وی سی اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
ادھر، اس واقعے کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن ٹنگمرگ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
جموں و کشمیر1 week agoاین سی ایل ٹی نے سراج العلوم کے لیے عبوری لیکویڈیٹر مقرر کر دیا، اثاثے منجمد
جموں و کشمیر1 week agoشمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب پی او جے کے کا 19 سالہ نوجوان گرفتار
ہندوستان1 week agoفضائیہ کا مال بردار طیارہ حادثے کا شکار، پانچ اہلکار شہید
دنیا6 days ago‘ٹرمپ کامعاہدہ ہمیں پابند نہیں کرتا’، اسرائیلی وزیر ایران امریکہ معاہدے پر سیخ پا
ہندوستان3 days ago‘اسلام آباد ایم او یو’ پر جے رام رمیش کا مرکز پر حملہ، کہا- مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو بڑا جھٹکا
دنیا1 week agoامریکہ نے ایران کے جوہری مواد پر قبضے کیلئے زمینی کارروائی کا منصوبہ بنالیا تھا تاہم ٹرمپ پیچھے ہٹ گئے: امریکی میڈیا
دنیا1 week agoایران معاہدے سے متعلق ٹرمپ کے مؤقف پر نیتن یاہو کا ردِعمل سامنے آگیا
جموں و کشمیر5 days agoگاندربل ‘انکاؤنٹر’ کے مقتول کی لاش قبر سے نکال کر اہلِ خانہ کے حوالے
دنیا6 days agoعین وقت پر امریکہ ایران امن معاہدے میں تاخیر اسرائیلی حملے کے سبب
دنیا6 days agoتاریخی ڈیل مکمل، امریکہ اور ایران نے جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کردی
دنیا4 days agoایرانی آرمی چیف کا دفاعی طاقت مزید بڑھانے کا اعلان
دنیا1 week agoامریکہ ایران معاہدے پر کل دستخط نہیں ہوں گے: ایرانی وزارت خارجہ






































































































