راجستھان رائلز نے دہلی کیپٹلس کو دیا 186 رنوں کا ہدف

جے پور، ریان پراگ کی 45 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 84 رن کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت راجستھان رائلز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے نویں میچ میں جیت کے لیے دہلی کیپٹلس کو جمعرات کے روز 186 رنز کا ہدف دیا ہے۔

آج سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں دہلی کیپٹلس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی راجستھان رائلز کی شروعات انتہائی خراب رہی اور دوسرے ہی اوور میں پانچ رن پر اوپنر یشسوی جیسوال کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد کپتان سنجو سیمسن بھی 15 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ جوس بٹلر 11 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ راجستھان کی ڈگمگاتی اننگز کو اشون اور پراگ نے سنبھالا اور اشون کے آؤٹ ہونے کے بعد جریل نے بھی پراگ کا ساتھ دیا اور نصف سنچری کی شراکت داری کی۔ روی اشون 29 رن اور دھرو جریل 20 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ریان پراگ نے 45 گیندوں پر سات چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ٹیم کے لیے 84 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ شمرون ہیٹمائر سات گیندوں پر 14 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ پراگ نے آخری اوور میں چوکے اور چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 25 رن بنائے جس کی وجہ سے راجستھان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں پانچ وکٹوں پر 185 رن کا اسکور کھڑا کیا۔

دہلی کیپٹلس کی جانب سے خلیل احمد، مکیش کمار، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو اور اینرچ نورٹے نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں