جموں و کشمیر
وادی کشمیرمیںلوگوں کو گلا سڑا، بغیر لیبل،غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کھلانے کاسنسنی خیز اسکینڈل

لیبارٹری جانچ میں چونکا دینے والے نتائج کاانکشاف
ضبط شدہ گوشت کے بعض نمونے غیر محفوظ قرار، مہلک مرض کینسر پیدا کرنے والے اجزا ءکی نشاندہی
عام صارفین تک پہنچنے سے قبل ہی 11,326 کلوگرام ناقابل استعمال گوشت، مرغ اور موموز تلف
27 کیس درج، 3 لاکھ40 ہزار روپے جرمانہ عائد،9 فوڈ بزنس آوٹ لیٹس کے لائسنس معطل:حکام
سری نگر ر:جے کے این ایس : جموں و کشمیر فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وادی کشمیر میں مضرصحت، غیر معیاری اور بغیر لیبل گوشت پر جاری کریک ڈاون کے دوران ضبط شدہ گوشت کے بعض نمونے انسانی استعمال کےلئے غیر محفوظ پائے گئے اور ان میں کینسر پیدا کرنے والے’ کلرنگ ایجنٹس‘ یعنی مضر صحت مصنوعی رنگبھی پائے گئے ہیں جن میں کارموزین، ٹارٹرازین اور اریتھروسین شامل ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق ای ٹی وی بھارت کی ایک رپورٹ میں لیبارٹری رپورٹس کاحوالہ دیتے ہوئے یہ انکشاف کیاگیاہے کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) کی جانب سے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے حال ہی میں ضبط کئے گئے گلے سڑے گوشت کے بعض نمونے2قومی سطح کی لیبارٹریز میں جانچ کے بعد غیر محفوظ قرار دئےے گئے ہیں۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ان غیر محفوظ نمونوں میں کارموزین، ٹارٹرازین اور اریتھروسین جیسے مضر صحت مصنوعی رنگ شامل ہیں جو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ ریگولیشنز2011 کے تحت ممنوع ہیں اور انسانی صحت کیلئے کینسر جیسے سنگین خطرات پیدا کرتے ہیں۔جہاں تک ضبط شدہ گوشت کےنمونوں اورلیبارٹری نتائج کاتعلق ہے تو پہلے مرحلے میں کشمیرکے 11 اضلاع سےضبط شدہ گوشت کے57 نمونے جانچ کے لیے حاصل کیے گئے، جن میں سے18 کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ ای ٹی وی بھارت کی جانب سے حاصل کیے گئے رپورٹس میں ”نیشنل فوڈ لیبارٹری غازی آباد اور ایف آئی سی سی آئی ریسرچ اینڈ اینالسس سینٹر (FRAC) نئی دہلی کی جانچ میں18 میں سے 4 گوشت اور گوشت مصنوعات کے نمونے غیر محفوظ“ قرار پائے ہیں۔ای ٹی وی بھارت نے حاصل کئے گئے ڈیٹا کا مطالعہ کیا جس میں پایا گیا کہ ضبط شدہ گوشت کے”حاصل کئے گئے زیادہ تر نمونے سرینگر شہر سے لئے گئے تھے۔14 نمونوں کی رپورٹ ابھی باقی ہے، جبکہ2 نمونے غیر محفوظ اور 2 معیاری پائے گئے۔“ وہیں سرینگر شہر سے منجمد اور کچے گوشت کا حاصل کردہ نمونہ ”نیشنل میٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ حیدرآباد میں جانچ کے بعد کارابف (Carabeef) یعنی ایشیائی بھینس (Bubalus-bubalis) کا گوشت“ ثابت ہوا۔یہ گوشت اور گوشت کی مصنوعات جیسے رستہ، کباب، گوشتابہ، چکن موموز، فرائیڈ چکن، کچی مچھلی اور پنیر (چیز) ضلع کپوارہ، شوپیاں، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام، سرینگر، پلوامہ، بارہمولہ، بڈگام، اننت ناگ اور جموں سے لیے گئے تھے۔معائنے اور کارروائیاں کے حوالے سے حکام نے13 اضلاع میں 834 معائنوں کے دوران1677 کلوگرام گوشت، مرغ، مچھلی، پنیر اور گوشت کی مصنوعات ضبط کیں۔ سرینگر میں سب سے زیادہ 1400 کلوگرام، کولگام میں 130 کلوگرام اور اننت ناگ میں 147 کلوگرام گوشت ضبط کیا گیا۔ جبکہ سرکاری ریکارڈز کے مطابق عوام تک پہنچنے سے قبل ہی 11,326 کلوگرام خراب اور ناقابل استعمال گوشت، مرغ اور موموز تلف کئے گئے۔
اب تک فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن( ایف ڈی اے )نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ایڈجوڈیکیٹنگ آفیسرز) کی عدالتوں میں 27 کیسز درج کیے ہیں، جن میں سے8 پر 3 لاکھ40 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف فوڈ بزنس آپریٹرز (FBOs) پر 84 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیں ایف ڈی اے نے57 دکانوں کو ’امپرومنٹ نوٹس‘ بھیجا جبکہ 151 دکانوں پر2 لاکھ 1500 روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔9 فوڈ بزنس آوٹ لیٹس کے لائسنس بھی معطل کر دئیے گئے، جن میں التقویٰ فوڈز (لسجن، سرینگر، الطاف احمد چاڈینو)۔ عارف انٹرپرائزز (بلبل باغ، ٹینگ پورہ، سرینگر)۔ سن شائن فوڈز (انڈسٹریل اسٹیٹ، ذکورہ، سرینگر)۔ انمول فوڈز (پارمپورہ گھاٹ، قمرواری، سرینگر)۔ جوبیلنٹ فوڈ ورکس لمیٹڈ (ڈومینوز پیزا، کے پی روڈ، اننت ناگ)۔ شاہن شاہی بریانی (کے پی روڈ، اننت ناگ)۔ شان فش فرائی (اچھہ بل اڈہ، اننت ناگ)۔ بسم اللہ سویٹس (انڈسٹریل اسٹیٹ، اننت ناگ)۔ کھانڈے پولٹری (کادی پورہ، اننت ناگ)شامل ہے۔
جموں و کشمیر
جہلم میں بانڈی پورہ میں تین نوجوان ڈوب کر جاں بحق
سرینگر، شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں دریائے جہلم میں ڈوبنے سے تین نوجوانوں کی موت ہو گئی، حکام نے یہ اطلاع دی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ چیک چندرگیر علاقے میں اس وقت پیش آیا جب تینوں نوجوان اچانک پھسل کر دریا میں جا گرے۔
مقامی لوگوں اور رضاکاروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور دو لاشیں نکال لیں، جبکہ تیسری لاش بعد میں برآمد کی گئی۔
متوفیوں کی شناخت عادل احمد ڈار (18)، سمیر احمد ڈار (22) اور سہیل احمد ڈار (22) کے طور پر ہوئی ہے، جو سبھی چندرگیر، حاجن کے رہائشی تھے۔
دریں اثنا، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں دریائے جہلم میں پیش آئے اس افسوسناک ڈوبنے کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ “بانڈی پورہ میں پیش آئے افسوسناک ڈوبنے کے واقعے میں قیمتی نوجوان جانوں کے ضیاع پر مجھے شدید دکھ ہوا ہے۔ میری ہمدردیاں اور دعائیں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
وہیں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی حاجن، بانڈی پورہ میں پیش آئے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، جس میں تین نوجوان لڑکوں کی جان چلی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور ابدی سکون کے لیے دعا کی۔
انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے لیے اس مشکل وقت میں صبر و حوصلے کی بھی دعا کی۔
یواین آئی ظ ا
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے ملزم کی جائیداد منہدم کر دی، ادارہ سیل کردیا
سرینگر، جموں و کشمیر پولیس نے “نشہ مکت بھارت ابھیان” کے تحت منشیات کی اسمگلنگ اور اس سے جڑی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اپنی مسلسل کارروائی جاری رکھتے ہوئے ضلع بارہمولہ میں ایک منشیات کے ملزم کی جائیداد منہدم کر دی اور ایک ادارے کو سیل کر دیا۔بارہمولہ پولیس نے محکمہ مال اور گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے تعاون سے تانگمرگ علاقے میں منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی انجام دی۔
حکام کے مطابق فیروزپورہ تانگمرگ میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش امتیاز احمد میر ولد فیروزپورہ تانگمرگ کی دکان کو پولیس اور محکمہ مال کے افسران نے منہدم کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو سہارا دینے والے ڈھانچوں کو ختم کرنے اور منشیات کے ناسور کے خلاف سخت پیغام دینے کی مہم کا حصہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک علیحدہ کارروائی میں “نارتھ ونڈ کیفے”، جو گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی آؤٹ سورس پراپرٹی ہے، کو بھی آج جی ڈی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سیل کر دیا۔ اس پراپرٹی کا لیز ہولڈر یاسین کھانڈے، پولیس پوسٹ واگورہ میں درج این ڈی پی ایس کیس میں ملزم ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پولیس اسٹیشن گلمرگ کا پورا علاقہ جی ڈی اے کی زمین پر واقع ہے اور وہاں موجود تمام جائیدادیں سرکاری زمین پر قائم ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کو دی گئی لیز منسوخ کرنے سمیت مزید کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
یواین آئی۔ ظا
جموں و کشمیر
آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو کی چیف اکاؤنٹس آفیسر کے خلاف کارروائی
جموں،جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) نے جمعرات کے روز محکمہ جنگلات کے پرنسپل چیف کنزرویٹر آفس میں تعینات چیف اکاؤنٹس آفیسر (سی اے او) ظفر اقبال کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
اینٹی کرپشن بیورو کے ترجمان کے مطابق، ملزم ظفر اقبال (سکنہ مینڈھر، پونچھ، حال مقیم بھٹنڈی، جموں) کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر خفیہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔ ان تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ ملزم نے مختلف عہدوں پر تعیناتی کے دوران اپنے سرکاری اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے کروڑوں روپے کے اثاثے بنائے۔ یہ جائیدادیں نہ صرف ملزم کے اپنے نام پر تھیں بلکہ اس کے خاندان کے افراد اور قریبی رشتہ داروں کے نام پر بھی منتقل کی گئی تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں مجرمانہ بدعنوانی کے ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد، اے سی بی سینٹرل پولیس اسٹیشن جموں میں پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1988 کی دفعات 13(1)(b) اور 13(2) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم اس سے قبل گاندھی نگر جموں میں ٹریژری آفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکا ہے۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد، اسپیشل جج اینٹی کرپشن جموں کی عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کیے گئے۔ اے سی بی کی ٹیموں نے بیک وقت تین مقامات پر چھاپے مارے۔
ان کارروائیوں کے دوران ٹیموں نے منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں سے متعلق اہم دستاویزات برآمد کر کے اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔ اینٹی کرپشن بیورو کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور کئی دیگر اہم انکشافات متوقع ہیں۔
یواین آئی ۔م اع
جموں و کشمیر5 days agoجموں میں ہوٹل کے بیسمنٹ سے مشتبہ حالات میں نوجوان لڑکی کی لاش برآمد
دنیا17 hours agoامریکی کانگریس میں پاکستان کے حق میں بڑی قرارداد منظور
دنیا7 days agoہم کسی پاگل کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیں گے: ٹرمپ
دنیا7 days agoایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا یوم مزدور پر پیغام
دنیا1 week agoپوتن نے صدر ٹرمپ کو ایرانی جوہری پروگرام پر تجاویز دے دیں
ہندوستان1 week agoشاہ کے دورہ لداخ پر کانگریس کا نشانہ، تاریخی بدھ باقیات کا کیا ذکر
دنیا1 week agoایران میں آپریشن ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتیں گِر جائیں گی، ٹرمپ
دنیا1 week agoامریکی وزیر دفاع کی کانگریس میں سخت تقریر، ایران سے جنگ میں اسلحہ کی قلت کا اعتراف
دنیا5 days agoصدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتیں کم ہو گئیں
دنیا1 week agoآبنائے ہرمز کو آبنائے ٹرمپ قرار دینے پر ایرانی وزیر خارجہ کا امریکی صدر کو جواب
دنیا7 days agoایران کے ساتھ جنگ ختم ہو گئی: وائٹ ہاؤس
دنیا5 days agoایرانی فوج کی آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو وارننگ













































































































