جموں و کشمیر
پی او جے کے مہاجرین کو زمینوں پر مالکانہ حقوق دینے کے اقدامات جاری: حکومت

سری نگر،جموں و کشمیر حکومت نے اسمبلی میں کہا کہ پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو زمینوں اور گھروں پر مکمل قانونی مالکانہ حقوق دینے کے لیے متعدد ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر نریندر سنگھ رینہ کے سوال کے جواب میں حکومت نے ایوان کو بتایا کہ 1947، 1965 اور 1971 کے متاثرہ مہاجرین جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بسائے گئے تھے اور انہیں بتدریج قانونی حقوق دینے کا عمل جاری ہے۔
جواب میں کہا گیا کہ کابینہ آرڈر نمبر 578 کے تحت 1947 کے مہاجرین کو ریاستی اور متروکہ زمینیں الاٹ کی گئیں جبکہ زمین کی کمی کے بدلے معاوضہ بھی دیا گیا۔ یہ معاوضہ ابتدا میں پانچ ہزار روپے فی کنال مقرر تھا، جسے 2008 میں بڑھا کر تیس ہزار روپے فی کنال کر دیا گیا۔
حکومت نے مزید بتایا کہ زرعی اصلاحات ایکٹ 1976 کی دفعہ 3A کے تحت مہاجرین کو متروکہ زمینوں پر قبضے کے حقوق دیے گئے جب کہ گورنمنٹ آرڈر نمبر 254 کے ذریعے ریاستی زمینوں پر بھی مالکانہ حقوق فراہم کیے گئے۔
اس کے علاوہ، حکومت نے 2024 میں تین اہم احکامات جاری کیے جن کے تحت 1947، 1965 اور 1971 کے مہاجرین کے ساتھ ساتھ مغربی پاکستان کے مہاجرین کو بھی ان زمینوں پر قانونی ملکیت دی گئی جن پر وہ دہائیوں سے قابض ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مستحق افراد کی فائلیں ترجیحی بنیادوں پر تیار کریں اور آگاہی کیمپوں کے ذریعے اس عمل کو تیز کیا جائے تاکہ کوئی بھی اہل شخص ان فوائد سے محروم نہ رہے۔
حکومت کے مطابق یہ اقدامات جموں و کشمیر میں دہائیوں سے مقیم مہاجرین کو انصاف دلانے اور انہیں ان کے حق ملکیت فراہم کرنے کی سمت ایک تاریخی پیش رفت ہے۔
یو این آئی ایم افضل، ارشید بٹ
جموں و کشمیر
گھبرانے کی ضرورت نہیں، جموں و کشمیر میں ایندھن کا وافر ذخیرہ موجود ہے: آئی او سی ایل
جموں، انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی او سی ایل) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور جموں و کشمیر، پنجاب اور ہماچل پردیش کے اسٹیٹ ہیڈ اشوتوش گپتا نے بدھ کے روز یقین دلایا کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی سمیت تمام پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معمول کے مطابق ہے۔
پی آئی بی جموں کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس میں، مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی سپلائی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اہم نکات بیان کیے۔
ایل پی جی کی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر سپلائی میں خلل کے باوجود جموں و کشمیر میں تجارتی ایل پی جی کی سپلائی بحران سے پہلے کی اوسط کے 70 فیصد سے زیادہ برقرار رکھی گئی ہے۔ فروری میں یومیہ اوسط 2072 سلنڈرز کے مقابلے میں اس وقت 1958 سلنڈرز روزانہ فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ تجارتی کچن اور صنعتیں متاثر نہ ہوں، جبکہ سپلائی لائنوں کو مضبوط بنانے کے لیے مقامی سطح پر ایل پی جی کی پیداوار میں 25 سے 30 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
پی این جی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ حکومت ہند نے پائپڈ نیچرل گیس کے استعمال کی اپیل کی ہے اور ایک مین ٹرنک لائن بچھائی جا رہی ہے، جس کے ذریعے ایک سال کے اندر جموں و کشمیر میں پی این جی کی سپلائی شروع ہونے کی توقع ہے۔
بحران سے نمٹنے کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں خلل کی وجہ سے ملک کو مجموعی طور پر ایل پی جی کی 25 سے 30 فیصد کمی کا سامنا ہے، تاہم جموں و کشمیر میں مؤثر مینجمنٹ کے ذریعے صورتحال کو قابو میں رکھا گیا ہے۔ اس ضمن میں ریفائنریز اپنی صلاحیت سے زیادہ کام کر رہی ہیں تاکہ مصنوعی قلت پیدا نہ ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اب تک 9,128 چھاپے مارے گئے اور 181 اچانک معائنے کیے گئے، جس کے دوران 295 سلنڈرز ضبط کیے گئے اور ملوث افراد کے خلاف 3 ایف آئی آر درج کی گئیں۔
جاری۔۔۔ یو این آئی۔ م ع
جموں و کشمیر
کشمیر بھر میں منشیات کے خلاف پولیس کی کارروائیوں میں تیزی
سری نگر، جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کے روز وادی کے مختلف اضلاع میں منشیات کے خلاف اپنی مہم تیز کی ہے۔ جاری “نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان” کے تحت غیر قانونی پوست کی کاشت کو تباہ کیا گیا، منشیات کی کمائی سے بنائی گئی جائیدادیں ضبط کی گئیں، اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا گیا۔
غیر قانونی کاشت کے خلاف کارروائیوں میں ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے کے میرگنڈ میں ایک مقامی شخص کے باغ میں اگائی گئی پوست کی فصل کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ اسی طرح جائبل شنکر پورہ اور زلدورہ میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ، ریونیو اور محکمہ زراعت کے افسران کے ساتھ مل کر نجی زمینوں پر لگی پوست کی فصل کو تباہ کیا گیا، جبکہ شوپیاں کے شادی پورہ علاقے میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر غیر قانونی کاشت کو ختم کیا گیا۔
جائیداد کی ضبطگی اور گرفتاریوں کے سلسلے میں شوپیاں کے وِشرو پائین کیلر علاقے میں پولیس نے ایک دو منزلہ مکان ضبط کیا جس کی مالیت 31 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے اور جو منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم سے تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی مجسٹریٹ کی موجودگی میں انجام دی گئی۔ علاوہ ازیں ہندواڑہ، کپواڑہ اور بڈگام میں چار اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا، جن میں ہندواڑہ سے چرس نما مادہ اور کپواڑہ کے وائن علاقے سے دو افراد کو ہیروئن جیسے مواد کے ساتھ پکڑا گیا۔
سخت نگرانی کے تحت بارہ مولہ میں پولیس نے کینائن یونٹ کی مدد سے اہم مقامات پر چیک پوسٹس قائم کی ہیں، جہاں گاڑیوں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ کو روکا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کریک ڈاؤن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وادی کو منشیات سے پاک نہیں کر لیا جاتا اور اس دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی رہے گی۔
جاری۔۔۔ یو این آئی۔ م ع
جموں و کشمیر
جموں و کشمیر میں اپریل کے اختتام تک موسم خشک رہے گا، کہیں کہیں بارش کا امکان: محکمہ موسمیات
سری نگر، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جموں و کشمیر میں آئندہ چند دنوں کے دوران موسم زیادہ تر خشک رہے گا، تاہم اپریل کے آخر تک وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور گرج چمک کے مختصر سلسلے متوقع ہیں۔
بدھ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 22 اور 23 اپریل کو موسم عمومی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم دیر گئے دوپہر کے وقت چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
24 اور 25 اپریل کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جب کہ کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش یا گرج چمک کے امکانات ہیں، خاص طور پر دوپہر اور شام کے اوقات میں۔ 26 اپریل کو موسم زیادہ تر خشک رہے گا، البتہ دوپہر کے وقت کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جب کہ 27 اور 28 اپریل کو دوبارہ موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
29 اور 30 اپریل کے دوران بادلوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہوگا اور چند مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 23 اپریل تک کئی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سیلسیئس تک بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے۔ مجموعی طور پر کسی بڑی موسمی تبدیلی کی توقع نہیں ہے، تاہم وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہوائیں عارضی تبدیلی کا سبب بن سکتی ہیں۔
رات کے کم سے کم درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کشمیر میں کئی مقامات پر درجہ حرارت معمول سے 0 سے 2 ڈگری سیلسیئس زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جموں ڈویژن میں کم سے کم درجہ حرارت معمول کے قریب رہا اور مختلف علاقوں میں یہ 1 سے 3 ڈگری سیلسیئس کے درمیان رہا۔
اہم مقامات میں کشمیر کا سیاحتی مقام پہلگام سب سے سرد رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جموں ڈویژن میں بھدرواہ سب سے سرد مقام رہا، جہاں درجہ حرارت 9.4 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا۔
یو این آئی۔ م ع
دنیا6 days agoدشمن ایرانی قوم کو جھکانے کی حسرت اپنے ساتھ قبر میں لے جائیں گے: ایرانی آرمی چیف
جموں و کشمیر7 days agoجموں کشمیر: کالج پکنک پر جا رہی 20 سالہ لڑکی بس سے گر کر ہلاک
دنیا6 days agoٹرمپ کا دماغی توازن ٹھیک نہیں، عہدے کے قابل نہیں رہے:س یاسمین انصاری
دنیا3 days agoمیناب اسکول کے شہید بچوں کے والدین کا پوپ لیو کو خط
جموں و کشمیر6 days agoبارہمولہ میں منشیات سے متعلق بیداری پروگرام: ماہرین نے بڑھتی ہوئی منشیات کی لت کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا
دنیا6 days agoاسرائیل پر قدرت کا قہر، شہد کی مکھیوں کے جھنڈ کا حملہ
دنیا6 days agoضرورت پڑنے پر طاقت کا استعمال کیا جائے گا، پیٹ ہیگسی
دنیا1 week agoامریکی سینیٹ نے ایران پر مزید حملوں کی اجازت کی قرارداد مسترد کردی
دنیا1 week ago’’اگر میں امریکہ کا صدر نہ ہوتا تو دنیا ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتی‘‘
دنیا1 week agoاسرائیل کا ایران و لبنان میں جنگ جاری رکھنے کا اعلان، فوج مکمل تیاری کے ساتھ ہائی الرٹ پر : اہداف تیار
دنیا2 days agoایرانی یورینیم کی بازیابی طویل اور مشکل ہوگی: ٹرمپ
جموں و کشمیر2 days agoایک سال بعد بھی بائیسرن چراگاہ بدستور بند












































































































