تازہ ترین
ناو پورہ خانیار میں بھیانک آتشزدگی، پانچ رہائشی مکان خاکستر

سری نگر، شہر خاص کے گنجان آبادی والے علاقے ناو پورہ خانیار میں بدھ کی علی الصبح آتشزدگی کے ایک واقعے میں پانچ رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے مطابق آگ بدھوار پونے دو بجے ایک رہائشی مکان سے نمودار ہوئی، جس نے چند ہی منٹوں میں قریبی چار مزید مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
علاقہ چونکہ تنگ گلیوں پر مشتمل ہے، لہٰذا شعلوں نے برق رفتاری سے پوری بستی کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ مقامی شہریوں کے مطابق دھوئیں کا گہرا بادل دور سے بھی نظر آ رہا تھا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ پونے دو بجے اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔انہوں نے کہاکہ انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
مقامی نوجوانوں نے بھی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر گھروں سے سامان نکالنے کی کوشش کی، مگر شعلوں کی شدت کے باعث زیادہ تر گھریلو ساز و سامان جل کر راکھ بن گیا۔
متاثرہ خاندانوں نے بتایا کہ آگ نے انہیں چند ہی لمحوں میں بے گھر کر دیا۔ ایک متاثرہ خاتون نے روتے ہوئے کہا،’ہم کچھ بھی نہیں بچا پائے۔ سب کچھ جل گیا—کپڑے، دستاویزات، زیورات، بچوں کی کتابیں سب کچھ۔ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا۔‘
پولیس نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی ٹیم کو طلب کر کے وجوہات کی تحقیق شروع کر دی گئی ہے۔
ناو پورہ کی یہ آتشزدگی سردیوں کی آمد کے ساتھ شہر میں پیش آنے والے سنگین واقعات میں سے ایک ہے، جس نے نہ صرف املاک کو تباہ کیا بلکہ درجنوں افراد کو موسم کی شدید سردی میں کھلے آسمان تلے کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
یو این آئی، ارشید بٹ
دنیا
اگر ہرمز میں تعطل جون کے وسط تک جاری رہا تو عالمی تیل بازار میں بحران 2027 تک برقرار رہ سکتا ہے: آرامکو سی ای او
دوحہ، سعودی عرب کی کمپنی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) امین ناصر نے کہا ہے کہ اگر ایک ماہ کے اندر آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع نہیں ہوتی تو اگلے سال تک عالمی تیل بازار معمول کی حالت میں واپس نہیں آ سکے گا ارامکو کی پہلی سہ ماہی کے نتائج پر گفتگو کے لیے منعقدہ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران مسٹر ناصر نے کہا کہ سپلائی میں رکاوٹ جتنی دیر تک جاری رہے گی، تیل بازار کو مستحکم ہونے میں اتنا ہی زیادہ وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز میں تعطل جون کے وسط تک برقرار رہتا ہے تو یہ بحران 2027 تک جاری رہ سکتا ہے۔
دنیا کی سب سے بڑی توانائی کمپنی کے سربراہ کے مطابق پیداوار یا نقل و حمل میں کمی کے باعث بازار پہلے ہی ایک ارب بیرل تیل کھو چکا ہے اور جب تک یہ راستہ بند رہے گا، ہر ہفتے تقریباً 10 کروڑ بیرل تیل کا نقصان ہوتا رہے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پہلے ہرمز سے روزانہ تقریباً 70 جہاز گزرتے تھے۔
خلیج فارس میں تیل پیدا کرنے والے ممالک پر حملوں اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو مؤثر طریقے سے بند کرنے کے باعث پیداوار اور برآمدات پر منفی اثر پڑا ہے۔ 28 فروری کو تنازع شروع ہونے سے پہلے اس آبی گزرگاہ کے ذریعے روزانہ تقریباً دو کروڑ بیرل تیل عالمی بازار میں پہنچتا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 7 اپریل کو امریکہ اور ایران نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت بے نتیجہ رہی، لیکن بعد میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک ’متحدہ تجویز‘ کے ساتھ آنے کا وقت دینے کے لیے جنگ بندی میں توسیع کر دی تھی۔
3 مئی کو مسٹر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کی مدد کے لیے ’پروجیکٹ فریڈم‘ کا اعلان کیا تھا۔ پھر مسٹر ٹرمپ نے 5 مئی کو کہا کہ انہوں نے یہ دیکھنے کے لیے عارضی طور پر آپریشن روک دیا ہے کہ آیا ایران کے ساتھ امن معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے یا نہیں۔ تاہم پیر کے روز انہوں نے امریکی امن تجاویز پر ایران کے ردعمل کو مکمل طور پر ’ناقابل قبول‘ قرار دیا۔
یواین آئی۔الف الف
جموں و کشمیر
جے کے: ایل جی سنہا نے نوجوانوں سے اپنی انفرادیت اپنانے اور مکمل صلاحیتوں کو پہچاننے کی اپیل کی
سری نگر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ دوسروں کی نقل کرنے کے بجائے اپنی انفرادیت کو اپنائیں، کیونکہ دنیا کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو منفرد شخصیت کے حامل ہوں، اپنی مکمل صلاحیتوں کو پہچانیں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنیں۔
سری نگر میں قومی یوتھ فیسٹیول ’آروہن 2026‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ یہ پروگرام “اٹھو، چمکو اور فتح حاصل کرو” کے نئے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد 2047 تک ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر ہے۔
انہوں نے کہاکہ “یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے ‘اٹھو، چمکو اور فتح حاصل کرو’ کا نیا وژن پیش کرتا ہے، جو ایک مکمل فلسفے کی نمائندگی کرتا ہے، مستقبل کی راہ روشن کرتا ہے، ایک وعدہ ہے اور 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کا ایک جرات مندانہ چیلنج بھی۔”
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ قومی یوتھ فیسٹیول اس بات کا بھی اعلان ہے کہ اب وقت نوجوانوں کا آ چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ “یوتھ فیسٹیول کے ‘ینگ لیڈرز ڈائیلاگ’ کے ذریعے ہم اس بنیاد اور فریم ورک کو تیار کر رہے ہیں جس پر ہندوستان کی شاندار وراثت کا اگلا باب قائم ہوگا۔”
انہوں نے کہا کہ تاریخ ان لوگوں نے نہیں بنائی جو غیر معمولی بننے کے لیے اجازت کا انتظار کرتے رہے۔ انہوں نے ’وکست جے کے ینگ لیڈرز ڈائیلاگ‘، ’ہیکاتھون‘ اور ’ثقافتی پروگرام‘ میں شریک نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے خود کو وقف کریں، جس پر آنے والی نسلیں فخر کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی آواز کے بغیر حکمرانی کامیاب نہیں ہو سکتی، اور جامع حکمرانی کا مطلب یہ ہے کہ نوجوانوں کو ہر اہم شعبے میں جاری کاموں میں حقیقی شراکت داری دی جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ “ہر نوجوان لڑکے اور لڑکی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہیں صرف مواقع اور خود پر یقین کی ضرورت ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہندوستان کے نوجوان اپنی راہیں خود بنائیں، نہ کہ پرانی راہوں پر چلیں، کیونکہ جدت اور اختراع ہمیشہ نئی راہوں سے جنم لیتی ہے۔ ہندوستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو پہلے سے بنے ہوئے سانچوں کو توڑنے کا حوصلہ رکھتے ہوں۔”
یواین آئی۔ ظا
جموں و کشمیر
پی ڈی پی رہنما التجا مفتی نے عمر عبداللہ کے شراب سے متعلق بیان پر تنقید کی، جموں و کشمیر میں شراب بندی کا مطالبہ
سری نگر، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی رہنما التجا مفتی نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے شراب نوشی سے متعلق بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان پر “غلط ثقافت” کو فروغ دینے اور مسلم اکثریتی خطے کے حساس معاملات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔
وہ عمر عبداللہ کے اتوار کو گاندربل میں دیے گئے اس بیان پر ردعمل ظاہر کر رہی تھیں، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کسی کو شراب پینے پر مجبور نہیں کیا جا رہا اور لوگ اپنی مرضی سے شراب کی دکانوں پر جاتے ہیں، جس کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا۔
تاہم، پیر کی صبح عمر عبداللہ نے وضاحت دی کہ ان کے شراب کی دکانوں سے متعلق بیان کو سیاسی مخالفین “توڑ مروڑ” کر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی دکانیں صرف ان لوگوں کے لیے ہیں جن کے مذہب میں شراب نوشی کی اجازت ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کی التجا مفتی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت نے 2024 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ریزرویشن، اردو زبان کے تحفظ، مفت بجلی اور روزگار جیسے اہم وعدوں پر بار بار “یو ٹرن” لیا ہے۔
عمر عبداللہ کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے پہلے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو شراب پینے سے نہیں روک رہی، اور بعد میں عوامی تنقید کے بعد اپنے بیان کو نرم کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہاکہ “شراب کے بارے میں ان کی بات بالکل غیر منطقی تھی”، اور مزید کہا کہ اسی منطق کو منشیات فروش بھی اس جواز کے لیے استعمال کر سکتے ہیں کہ نوجوان اپنی مرضی سے منشیات لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی انسدادِ منشیات مہم وزیر اعلیٰ کے بیان سے متصادم ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک طرف حکومت مبینہ منشیات فروشوں کی جائیدادیں منہدم کر رہی ہے، اور دوسری طرف یہ کہہ رہی ہے کہ لوگوں کے نشہ آور اشیاء استعمال کرنے کی ذمہ داری حکومت کی نہیں۔
التجا مفتی نے مزید الزام لگایا کہ عمر عبداللہ نے اس بحث میں مذہب کو شامل کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں غیر مسلموں کے لیے شراب نوشی ممنوع نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ “کوئی بھی مذہب نشہ آور اشیاء کو فروغ نہیں دیتا، چاہے وہ اسلام ہو، ہندو مذہب ہو یا سکھ مت”، اور دعویٰ کیا کہ تمام مذاہب میں شراب اور منشیات کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔
یواین آئی۔ ظ ا
دنیا4 days agoامریکی کانگریس میں پاکستان کے حق میں بڑی قرارداد منظور
جموں و کشمیر1 week agoجموں میں ہوٹل کے بیسمنٹ سے مشتبہ حالات میں نوجوان لڑکی کی لاش برآمد
ہندوستان7 days agoغیر آئینی طریقوں سے پارٹیوں کو توڑنا جمہوری ڈھانچے پر براہ راست حملہ ہے: بھگونت مان
دنیا1 week agoصدر ٹرمپ کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتیں کم ہو گئیں
دنیا4 days agoامریکہ ایران جنگ ختم ہوگئی تب بھی تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا امکان جاری رہے گا
ہندوستان7 days agoوزیراعظم مودی نے یو اے ای میں ڈرون حملے کی مذمت کی، مغربی ایشیا میں سفارت کاری اور سمندری سلامتی کی حمایت کی
ہندوستان5 days agoآپریشن سندور نے درست اور فیصلہ کن کارروائی سے ہندستان کی سلامتی پالیسی میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا:سیتا رمن
جموں و کشمیر1 week agoجموں و کشمیر پولیس نے سری نگر میں منشیات فروش کی غیر قانونی عمارت مسمار کر دی
دنیا1 week agoایرانی فوج کی آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو وارننگ
ہندوستان5 days agoراجناتھ سنگھ نے ‘آپریشن سندور’ کو قومی عزم اور تیاری کی مضبوط علامت قرار دیا
دنیا6 days agoآبنائے ہرمز پر منڈلاتا امریکی طیارہ پراسرار طور پر اچانک آسمان سے غائب، کہاں گیا
ہندوستان7 days agoہندوستان نے فجیرہ حملے کی سخت مذمت کی، مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری پر زور دیا








































































































