ہندوستان
دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مقصد سے راج ناتھ ویتنام اور کوریا کے دورے پر روانہ
نئی دہلی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اسٹریٹجک فوجی تعاون کو گہرا کرنے، دفاعی صنعتی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے اور سمندری تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے پیر کو ویتنام اور جنوبی کوریا کے دورے پر روانہ ہوئے۔
وزارت دفاع نے آج بتایا کہ مسٹر سنگھ 18 سے 19 مئی تک ویتنام کے سرکاری دورے پر رہیں گے، جس کے بعد وہ 19 سے 21 مئی تک جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے۔ مسٹر سنگھ نے دونوں ممالک کے دورے پر روانہ ہونے سے پہلے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دونوں ایشیائی ممالک کے دورے کے تعلق سے جوش و خروش کا اظہار کیا تاکہ دوطرفہ روابط کے دائرے کو مزید وسعت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بنیادی توجہ اسٹریٹجک فوجی تعاون کو گہرا کرنے، دفاعی صنعتی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے اور سمندری تعاون کو فروغ دینے پر ہوگی، جس سے ہند-بحرالکاہل خطے میں امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
وزیر دفاع کا دورہِ ویتنام دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے 10 سال مکمل ہونے کی علامت ہے، جسے پانچ سے سات مئی تک ویتنام کے صدر کے ہندوستان کے دورے کے دوران ‘اپ گریڈڈ جامع اسٹریٹجک شراکت داری’ میں تبدیل کیا گیا تھا۔ مسٹر سنگھ ویتنام کے وزیر دفاع جنرل فان وان جیانگ کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے۔ ہند-ویتنام دفاعی شراکت داری کے لیے 2030 تک کے مشترکہ وژن اسٹیٹمنٹ پر وزیر دفاع کے 2022 کے دورے کے دوران دستخط کیے گئے تھے۔ یہ وژن اسٹیٹمنٹ دوطرفہ دفاعی تعاون کے لیے ایک واضح سمت طے کرتا ہے۔ دونوں جمہوری ممالک خطے میں امن اور خوشحالی میں یکساں دلچسپی رکھتے ہیں۔
مسٹر سنگھ کا یہ دورہ 19 مئی کو ویتنام کے سابق صدر ہو چی منہ کی 136 ویں یوم پدائش کے موقع سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔
وزیر دفاع ہو چی منہ کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ جنوبی کوریا کے دورے کے دوران، مسٹر سنگھ کوریا کے قومی وزیر دفاع آہن گیو-بیک کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے۔ وزراء دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا جائزہ لیں گے اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط کرنے کے لیے نئے اقدامات پر غور کریں گے۔ وہ مشترکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
وزیر دفاع، ڈیفنس ایکویزیشن پروگرام ایڈمنسٹریشن کے وزیر لی یونگ-چول سے بھی ملاقات کریں گے اور ہند- کوریا بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ کوریائی جنگ میں ہندوستان کا تعاون تاریخ کے اہم ترین ابواب میں سے ایک ہے، جو عالمی امن اور استحکام کے لیے مضبوط عزم سے عبارت ہے۔ ہندوستان کی جانب سے اس جنگ کی حمایت کا فیصلہ ہندوستانی فوج کی ’60 پیراشوٹ فیلڈ ایمبولینس’ یونٹ کو تعینات کر کے جنگ میں انسانی امداد فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ تین سال سے زیادہ عرصے تک خدمات انجام دیتے ہوئے، اس یونٹ نے دو لاکھ سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا اور تقریباً 2,500 سرجریز کیں، ساتھ ہی متعدد شہریوں کا بھی علاج کیا۔ ہدوستان کا دوسرا بڑا تعاون ‘نیوٹرل نیشنز ریپیٹریشن کمیشن’ کی صدارت تھا، جو اقوام متحدہ میں ہندوستان کی ہی ایک تجویز تھی اور جسے اکثریت سے قبول کیا گیا تھا۔ اس کے مطابق ہندوستان کی محافظ فوج، یعنی ہندوستانی فوج کے 5,230 فوجیوں پر مشتمل دستے نے جنگ کے بعد کے مرحلے میں تقریباً 2,000 جنگی قیدیوں کی پرامن واپسی کو یقینی بنایا۔
شہید فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 21 مئی کو محبِ وطن اور سابق فوجیوں کے امور کے وزیر کوون اوہ-یول کے ساتھ مشترکہ طور پر ہندوستانی جنگی یادگار (انڈین وار میموریل) کا افتتاح تجویز کیا گیا ہے۔ ہندوستان کی ‘ایکٹ ایسٹ پالیسی’ اور کوریا کی ‘انڈو-پیسیفک اسٹریٹجی’ کے درمیان فطری ہم آہنگی اور ہند-بحرالکاہل خطے میں مشترکہ اقدار نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
بہرائچ میں سڑک حادثہ، چار افراد ہلاک
بہرائچ، اتر پردیش کے بہرائچ ضلع کے مٹیرا علاقے میں کمبائن مشین کی ٹکر سے کار سوار چار افراد ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ نانپارا-بہرائچ روڈ پر اتوار دیر رات یہ حادثہ ڈیہوا پیٹرول پمپ کے سامنے پیش آیا۔ نانپارا سے بہرائچ کی جانب جا رہی ٹاٹا پنچ کار میں چھ افراد سوار تھے۔ اسی دوران مٹیرا کی طرف سے بہرائچ جا رہی ایک نامعلوم کمبائن مشین نے کار کو زور دار ٹکر مار دی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ مٹیرا اور تھانہ نانپارا کی پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو باہر نکال کر ضلع اسپتال بہرائچ پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد چار افراد کو مردہ قرار دے دیا جبکہ دو کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
مہلوکین کی شناخت انل کمار (40) ولد سریش ساکن مکیریا تھانہ رام گاؤں بہرائچ، الطاف احمد (38) ولد عبدالقادر ساکن حمزاپورا تھانہ درگاہ شریف بہرائچ، انل کمار (42) ولد شیام نارائن ساکن میٹوکہا تھانہ رام گاؤں بہرائچ، اور مہندر پال (45) ولد رادھے شیام ساکن فتح پوروا محمدپور تھانہ رام گاؤں بہرائچ کے طور پر ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں شیوم سریواستو (30) ولد وید پرکاش ساکن چترشالہ روڈ تھانہ کوتوالی نگر بہرائچ اور اشونی کمار (30) ولد رام کمل ساکن برہمنی پورہ تھانہ کوتوالی نگر بہرائچ شامل ہیں۔ دونوں کا ضلع اسپتال میں علاج جاری ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ بہرائچ وشوجیت سریواستو موقع پر پہنچے اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نانپارا کی طرف سے ایک ٹاٹا پنچ گاڑی آ رہی تھی، جس میں چھ لوگ سوار تھے۔ نانپارا کے قریب مٹیرا کی طرف سے بہرائچ جا رہی ایک نامعلوم کمبائن مشین نے کار کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں چار افراد کی موت ہوگئی۔
یواین آئی۔الف الف
ہندوستان
ہندوستان نے سندھ طاس معاہدے پر نام نہاد ثالثی عدالت کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا
نئی دہلی، ہندوستان نے سندھ طاس معاہدے کے سلسلے میں فیصلہ سنانے والی نام نہاد ثالثی عدالت (کورٹ آف آربیٹریشن) کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔
ہندوستان نے اس سلسلے میں اپنے پہلے کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے اس نام نہاد عدالت کو کبھی تسلیم نہیں کیا ہے، اس لیے اس کی طرف سے سنائے گئے فیصلے غیر قانونی ہیں۔ ہندوستان نے زور دے کر کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کا اس کا فیصلہ اب بھی برقرار ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اس نام نہاد عدالت کے فیصلے سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں ہفتہ کو کہا کہ غیر قانونی طور پر تشکیل دی گئی نام نہاد کورٹ آف آربیٹریشن نے 15 مئی کو ایک “فیصلہ” دیا ہے، جسے اس نے سندھ طاس معاہدے کی عمومی تشریح کے مسائل پر پہلے جاری کیے گئے فیصلے کے ضمیمے کے طور پر “زیادہ سے زیادہ آبی ذخائر” (میکسیمم ریزروائر) سے متعلق بتایا ہے۔
انہوں نے کہا، “ہندوستان اس نام نہاد فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، ٹھیک اسی طرح جیسے اس نے غیر قانونی طور پر تشکیل دی گئی ثالثی عدالت کے تمام سابقہ اعلانات کو مضبوطی سے مسترد کیا ہے۔ ہندوستان نے کبھی بھی اس نام نہاد عدالت کے قیام کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ اس کے ذریعہ جاری کی گئی کوئی بھی کارروائی یا فیصلہ غیر قانونی ہے۔ ہندوستان کا سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کا فیصلہ اب بھی نافذ ہے۔” ہندوستان نے گزشتہ سال مئی میں پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد سخت قدم اٹھاتے ہوئے اس معاہدے کو ‘معطل’ کر دیا تھا۔ ہندوستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کو مکمل اور معتبر طریقے سے ختم نہیں کر دیتا۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور بات چیت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
یواین آئی۔ایف اے
ہندوستان
فوجی سربراہ کا پاکستان کو واضح پیغام ، دہشت گردی کی حمایت کرے گا تو مٹا دیا جائے گا نقشہ سے
نئی دہلی، فوجی سربراہ جنرل اوپیندر دیویدی نے پاکستان کو ایک بار پھر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے طے کرنا ہوگا کہ وہ عالمی نقشہ پر اپنی پہچان برقرار رکھنا چاہتا ہے یا دہشت گردوں کوپناہ دینے اور ہندوستان کے خلاف عداوت پرمبنی حرکتیں جاری رکھ کر خود کو تاریخ سے مٹانے کا خطرہ مول لینا چاہتا ہے۔
ہفتہ کو یہاں مانک شا سینٹر میں منعقدہ ایک مکالماتی سیشن میں یہ پوچھے جانے پر کہ اگر آپریشن سندور جیسی صورتحال دوبارہ پیدا ہوتی ہے تو ہندوستانی فوج کیسا جواب دے گی، تو جنرل دیویدی نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا، “اگر آپ نے پہلے میری باتیں سنی ہیں، تو میں نے کہا ہے کہ پاکستان اگر دہشت گردوں کو پناہ دیتا رہا اور ہندوستان کے خلاف سرگرمیاں جاری رکھیں، تو اسے طے کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیائی نقشے کا حصہ رہنا چاہتا ہے یا تاریخ کا۔”
آرمی چیف کے اس تبصرے کو ہندوستان کی اعلیٰ فوجی قیادت کی جانب سے ایک سخت انتباہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو یہ اشارہ دیتا ہے کہ سرحد پار دہشت گردی کے تعلق سے ہندوستان کا صبر محدود ہے اور مستقبل میں کسی بھی اشتعال انگیز کارروائی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
جنرل دیویدی نے گزشتہ سال نومبر میں ‘چانکیہ ڈیفنس ڈائیلاگ’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا، “آپریشن سندور محض ایک ٹریلر تھا، جو 88 گھنٹے میں ختم ہوا۔ ہم مستقبل میں کسی بھی صورتحال کے لیے تیار ہیں۔ اگر پاکستان موقع دے گا، تو ہم اسے یہ سکھائیں گے کہ پڑوسی ملک کے ساتھ ذمہ داری سے کیسا برتاؤ کرنا چاہیے۔”
آپریشن سندور کے وقت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) رہے لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی نے اس آپریشن کی پہلی سالگرہ پر کہا تھا کہ ہندوستان کی فوجی کارروائی کی وجہ سے پاکستان کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھاری نقصان اٹھانا پڑا جس کے بعد اسے ہندوستان کے سامنے جنگ بندی کی التجا کرنی پڑی۔
یواین آئی ۔ایف اے
دنیا1 week agoایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والی انٹرنیٹ کیبلز سے متعلق بڑا فیصلہ
ہندوستان7 days agoجموں و کشمیر میں چونے کے پتھر کے بلاکس کی نیلامی کل سے شروع ہوگی
دنیا4 days agoفرانسیسی صدر اور ایرانی اداکارہ سے متعلق نئی کتاب میں چونکا دینے والے دعوے
دنیا4 days agoٹرمپ اور شی جن پنگ کا آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر اتفاق
ہندوستان5 days agoبزرگوں، بیواؤں، معذوروں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے حکومت : کھرگے
تازہ ترین7 days agoآبنائے ہرمز میں مداخلت آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے: ایران کی یورپ کو تنبیہ
دنیا7 days agoٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی تجاویز مسترد، ایرانی حکومت کا سخت ردعمل سامنے آگیا
ہندوستان6 days agoمغربی بنگال میں بی جے پی حکومت بننے سے شہریوں کو آیوشمان بھارت کا فائدہ ملے گا: مودی
دنیا5 days agoایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، معاشی دباؤ کی فکر نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
دنیا1 week agoسخت حالات میں ساتھ کھڑے ہونے والے دوستوں کو ایران کبھی فراموش نہیں کرے گا: ایرانی سفیر
ہندوستان4 days agoعالمی بحران کے درمیان ہندوستان کا برکس اتحاد کا مطالبہ، پابندیوں اور دہشت گردی پر اظہارِ تشویش
دنیا1 week agoٹرمپ نے جنگ کے خاتمے کی امریکی پیشکش پر ایران کے ردعمل کو ‘مکمل طور پر ناقابل قبول’ قرار دیا






































































































