آپ کی دہلی والوں سے ‘ووٹ دے کر جیل کا جواب’ دینے کی اپیل

نئی دہلی، عام آدمی پارٹی (آپ) کے سینئر لیڈر اور کابینہ کے وزیر سوربھ بھاردواج نے جمعرات کو دہلی کے لوگوں سے ‘ووٹ دے کر جیل کا جواب’ دینے کی اپیل کی ہے۔

مسٹر بھاردواج اور نئی دہلی لوک سبھا سیٹ سے پارٹی کے امیدوار سومناتھ بھارتی نے پارٹی کارکنوں کے ساتھ میٹرو اسٹیشنوں پر آنے اور جانے والے لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کیے اور ان سے اپیل کی کہ وہ ملک سے آمرانہ حکومت کو ہٹانے کے لیے 25 مئی کو ہونے والے آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ مسٹر بھاردواج نے کہا کہ دہلی کے عوام اپنے مقبول وزیر اعلی اروند کیجریوال کو جیل بھیجے جانے سے بہت افسردہ ہیں۔ لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہلی میں ایک ماہ بعد لوک سبھا کے انتخابات ہیں۔آپ دہلی کے لوگوں تک اپنا پیغام پہنچانے کے لیے مختلف طریقے استعمال کر رہی ہے۔ آج ہم نئی دہلی لوک سبھا سیٹ کے امیدوار کے ساتھ میٹرو اسٹیشنوں پر پمفلٹ تقسیم کر رہے ہیں اور لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ ووٹ دے کر جیل کا جواب دیں۔

آپ کے لیڈر نے کہا “آج دہلی کے لوگ اس بات سے بہت غمگین ہیں کہ ان کے مقبول ترین وزیر اعلیٰ کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔ دہلی کے لوگ اس کا جواب بی جے پی اور مرکزی حکومت کو دینا چاہتے ہیں۔ آپ اور دہلی کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ‘جیل کا جواب ووٹ سے’ دیں گے۔ اپنے ووٹوں کی طاقت سے ہم بی جے پی کو بتائیں گے کہ اس نے جو کچھ کیا وہ غلط ہے ۔

یو این آئی ۔ ع خ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں